ڈیرہ غازی خان: پنجاب پولیس نے سرحدی چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کا پانچواں حملہ ناکام بنا دیا
اشاعت کی تاریخ: 21st, March 2025 GMT
لاہور:پنجاب پولیس نے ڈیرہ غازی خان میں سرحدی چیک پوسٹ پر خارجی دہشت گردوں کا ایک اور حملہ ناکام بنا دیا، دہشت گردوں نے تھانہ وہوا کی لکھانی چیک پوسٹ پر رواں ماہ پانچواں حملہ کیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ 10 سے 12 خارجی دہشت گرد سحری کے وقت چیک پوسٹ لکھانی پر 3 اطراف سےحملہ آور ہوئے اور راکٹ لانچرز سمیت دیگر بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق پولیس اہلکاروں کے الرٹ ہونے پر تھرمل امیج کیمروں سے دہشت گردوں کی فوری نشاندہی کر لی گئی، پولیس کے جوانوں کی بھرپور جوابی کارروائی سے دہشت گرد چیک پوسٹ کے قریب پہنچنے میں ناکام رہے اور 2 گھنٹے جاری رہنے والے مقابلے کے بعد بھاری نقصان اٹھا کر فرار ہو گئے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آر پی او ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے آپریشن کی کمانڈ کی، ٹی پی او ڈیرہ غازی خان سید علی کی زیرِ کمانڈ کیو آر ایف ٹیمیں بروقت لکھانی چوکی پہنچیں، سرحدی علاقے میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کا سرچ آپریشن جاری ہے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرنے والے اہلکاروں کو شاباش دیتے ہوئے کہا ہے کہ خارجی دہشت گرد بزدلانہ حملوں سے ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے، پنجاب پولیس خارجی دہشت گردوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار ہے۔
Post Views: 1.
ذریعہ
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: ڈیرہ غازی خان پنجاب پولیس چیک پوسٹ
پڑھیں:
کوہاٹ: ڈیرہ اسماعیل خان میں نامعلوم افراد کی فائرنگ، بچے سمیت 3 افراد قتل
ڈیرہ اسماعیل خان+ کوہاٹ (نامہ نگاران) کوہاٹ شہر کے علاقہ چشمہ جات کے قریب فائرنگ سے ایک راہگیر بچے سمیت دو افراد کو قتل کر دیا گیا۔ قتل ہونے والا شخص کرم پولیس کا اہلکار ہے۔ تفصیلات کے مطابق کوہاٹ شہر کے علاقہ چشمہ جات کے قریب نامعلوم ملزموں کی جانب سے فائرنگ میں کرم پولیس کا اہلکار رحیم سکنہ جنگل خیل کوہاٹ اور ایک راہگیر بچہ نقیب اللہ سکنہ میاں گڑھی جو نہانے کے لئے چشمہ جات آیا ہوا تھا۔ لگ کر جان بحق ہوگئے۔ جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل پنیالہ کے گائوں کٹہ خیل میں نامعلوم ملزموں نے فائرنگ کرکے ایک نوجوان کو قتل کردیا۔ تفصیلات کے مطابق تحصیل پنیالہ کی گائوں کٹہ خیل میں نامعلوم ملزموں نے مسجد کے اندر نماز ادا کرنیوالے نوجوان وحید اللہ ولد عبدالرشید سکنہ محلہ بیگ خیل کو فائرنگ کرکے قتل کردیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔