پی پی اور ن لیگ نمائشی لڑائی سے عوام کو دھوکا نہیں دے سکتے، بیرسٹر سیف
اشاعت کی تاریخ: 22nd, March 2025 GMT
پشاور:
ترجمان کے پی کے حکومت بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ پی پی اور ن لیگ نمائشی لڑائی سے عوام کو دھوکا نہیں دے سکتے۔
اپنے بیان میں صوبائی مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی پی ٹی آئی رہنما اعجاز چوہدری کے پروڈکشن آرڈرز پر عملدرآمد نہ کرنے کے جرم میں وزیراعلیٰ مریم نواز کو طلب کرکے توہین سینیٹ کی کارروائی کریں ۔
انہوں نے کہا کہ بے گناہ اعجاز چوہدری کے لیے جاری کردہ پروڈکشن آرڈرز پر وزیراعلیٰ پنجاب 3 ماہ سے عمل درآمد نہ کرکے سینیٹ کی توہین کر رہی ہیں ۔ چیئرمین سینیٹ تھرتھر کانپنے کے بجائے سینیٹ کی توہین پر وزیراعلیٰ پنجاب کو طلب کرکے کارروائی کریں ۔
بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ 3ماہ سے پروڈکشن آرڈرز پر عمل نہ ہونا پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی ملی بھگت ثابت کرتا ہے ۔ چیئرمین سینیٹ کے پروڈکشن آرڈرز پر پیپلز پارٹی نمائشی بیانات دینے کے بجائے حکومت سے علیحدہ ہونے کا اعلان کرے ۔
ترجمان پختونخوا حکومت کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) نمائشی لڑائی سے عوام کو دھوکا نہیں دے سکتے، دونوں جماعتیں عوام اور تاریخ میں 26 ویں ترمیم کرنے والے جمہوریت کش ٹولے کے طور پر یاد رکھی جائیں گی۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: پروڈکشن آرڈرز پر بیرسٹر سیف
پڑھیں:
تاریخ گواہ ہے کہ قربانیوں سے جنم لینے والی تحریکیں کبھی دبائی نہیں جا سکتیں، عزیر احمد غزالی
چیئرمین پاسبانِ حریت نے کہا کہ بھارتی فوج کشمیری عوام کی آواز دبانے اور انہیں خوفزدہ کرنے کے لیے ماورائے عدالت قتل عام کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ اسلام ٹائمز۔ چیئرمین پاسبانِ حریت جموں و کشمیر عزیر احمد غزالی نے حاجن، بانڈی پورہ میں قابض بھارتی فوج کی حراست کے دوران نوجوان فردوس احمد میر کی شہادت پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج کی بربریت اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کو مزید مزاحمت اور آزادی کی جدوجہد کے لیے پرعزم کر رہی ہیں۔ عزیر احمد غزالی نے کہا کہ ایک اور کشمیری نوجوان کو غیر قانونی حراست میں تشدد کے ذریعے شہید کرنا بھارتی جبر و استبداد کا واضح ثبوت ہے۔چیئرمین پاسبانِ حریت نے کہا کہ بھارتی فوج کشمیری عوام کی آواز دبانے اور انہیں خوفزدہ کرنے کے لیے ماورائے عدالت قتل عام کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے، مگر تاریخ گواہ ہے کہ قربانیوں سے جنم لینے والی تحریکیں کبھی دبائی نہیں جا سکتیں۔ انہوں نے عالمی برادری، انسانی حقوق کی تنظیموں اور اقوامِ متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارتی فوج کے مظالم کا نوٹس لیں اور کشمیری عوام کو ان کا مسلمہ حقِ خودارادیت دلوانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ عزیر احمد غزالی نے کہا کہ شہید فردوس احمد میر اور دیگر ہزاروں شہداء کا خون اس بات کی گواہی دیتا ہے کہ کشمیری عوام اپنے مقصد سے پیچھے ہٹنے والے نہیں ہیں۔ انہوں نے شہداء کے مشن کو جاری رکھنے اور تحریک آزادی کو ہر قیمت پر منزلِ مقصود تک پہنچانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ چیئرمین پاسبانِ حریت نے شہید فردوس احمد میر کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پوری کشمیری قوم اس دکھ کی گھڑی میں شہید کے خاندان کے ساتھ ہے اور ان کے صبر و استقامت کو سلام پیش کرتی ہے۔