شمسی توانائی پالیسی میں تبدیلی نہیں آئی، بجلی قیمتوں میں کمی کے پیکیج کا اعلان جلد ہوگا، وزیراعظم
اشاعت کی تاریخ: 23rd, March 2025 GMT
شمسی توانائی پالیسی میں تبدیلی نہیں آئی، بجلی قیمتوں میں کمی کے پیکیج کا اعلان جلد ہوگا، وزیراعظم WhatsAppFacebookTwitter 0 23 March, 2025 سب نیوز
اسلام آباد (سب نیوز)وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ شمسی توانائی سے متعلق حکومتی پالیسی اور ترجیحات میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، بجلی سستی کرنے کیلئے جامع، موثر حکمت عملی کے تحت پیکج تیار کیا جا رہا ہے،اعلان جلد کیا جائے گا ،پیداواری کمپنیز کے خاتمے سے متعلق قانونی اور دیگر امور جلد از جلد طے کیے جائیں، قابل تجدید توانائی کا فروغ حکومت کی ترجیح ہے، پاورسیکٹر میں اصلاحات کی بدولت عوام کو بجلی کی قیمتوں میں مزید ریلیف فراہم کریں گے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پاور ڈویژن کے امور پر اہم جائزہ اجلاس ہوا، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ قابل تجدید توانائی کا فروغ حکومت کی ترجیح ہے۔وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو سولرآئزیشن پالیسی کے حوالے سے عوام میں پائے جانے والے تمام ابہام کو حقائق اور اعدادوشمار کی بنیاد پر دور کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ شمسی توانائی کے حوالے سے حکومت کی پالیسی اور ترجیحات میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، جینریشن کمپنیوں کے خاتمے کے حوالے سے تمام تر قانونی اور دیگر امور جلد از جلد طے کئے جائیں۔وزیراعظم نے بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کا عمل تیز تر کرنے کی ہدایت کرتے کہا کہ بجلی کے نرخوں میں کمی کے حوالے سے ایک جامع اور موثر حکمت عملی کے تحت پیکیج تیار کیا جا رہا ہے جس کا اعلان جلد کر دیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ پاور سیکٹر میں اصلاحات کی بدولت عوام کو بجلی کی قیمتوں میں مزید ریلیف فراہم کریں گے۔وزیراعظم نے توانائی کے شعبے کے حوالے سے جامع حکمت عملی کے لئے پاور ڈویژن ، آبی وسائل ڈویژن اور پٹرولیم ڈویژن میں ہم آہنگی مزید بہتر کرنے کی ہدایت کی۔
.ذریعہ: Daily Sub News
کلیدی لفظ: تبدیلی نہیں آئی شمسی توانائی قیمتوں میں اعلان جلد
پڑھیں:
وزیراعظم کا میڈیکل کالجز اور انجینئرنگ یونیورسٹیز میں خیبر پختونخوا کے ضم اضلاع کا کوٹہ بحال کرنے کا اعلان
وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کے میڈیکل کالجز اور انجینئرنگ یونیورسٹیز میں خیبر پختونخوا کے ضم اضلاع کا کوٹہ بحال کرنے کا اعلان کردیا۔
وزیر اعظم ہاؤس میں قبائلی عمائدین کا جرگہ ہوا، جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی سربراہی میں کے پی کے ضم اضلاع کے قبائلی عمائدین نے شرکت کی۔
قبائلی عمائدین نے وزیراعظم کی جانب سے کوٹے کی بحالی کا خیرمقدم کیا۔
جرگے میں خیبر پختونخوا کے ضم شدہ اضلاع میں امن و امان کی صورتحال کی بہتری اور تعمیر و ترقی پر بات ہوئی۔ جرگے میں قبائلی وفد نے حالیہ پاک بھارت جنگ میں بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دینے پر پاکستان کی مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ قبائل نے ہمیشہ پاکستان کی سلامتی اور امن کے لیے قربانیاں دی ہیں۔ ضم شدہ اضلاع میں امن و امان کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ پاکستان کو امن کا گہوارہ بنانے کے لیے تمام مکاتب فکر کے اکابرین کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت ضم شدہ اضلاع کی معاشی ترقی اور وہاں کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔ ضم شدہ اضلاع میں نوجوانوں کو تعلیم، صحت، ہنر اور روزگار کے مساوی اور بہترین مواقع کی فراہمی ترجیح ہے۔ ضم شدہ اضلاع میں فاٹا یونیورسٹی اور پولیس انفرااسٹرکچر کی بہتری کے لیے اس سال کے ترقیاتی بجٹ میں خطیر رقم مختص کی ہے۔