ہالینڈ میں یوم پاکستان کی تقریب، سفیر پاکستان نے پرچم کشائی کی
اشاعت کی تاریخ: 24th, March 2025 GMT
ہالینڈ میں بھی یوم پاکستان کی تقریب شایان شان انداز میں منائی گئی گئی اور دی ہیگ ہالینڈ میں واقع سفارتخانہ پاکستان میں 85واں یوم پاکستان روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔
پاکستان ہاؤس میں پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں نیدرلینڈز کے مختلف علاقوں سے پاکستانی کمیونٹی کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
پرچم کشائی کی باقاعدہ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا، مولانا علامہ افتخار حسین شاہ نے تلاوت کی جبکہ اسٹیج سیکریٹری کے فرائض فرسٹ سیکریٹری محمد جنید نے ادا کیے۔
قومی ترانے کی دھن پر چارج ڈی افیئرز جمال ناصر نے پرچم کشائی کی۔ اس موقع پر صدر پاکستان آصف علی زرداری، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے خصوصی پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔
چارج ڈی افیئرز نے اپنے خطاب میں دن کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے پاکستانی کمیونٹی کو مبارکباد دی۔ انہوں نے پاکستان اور نیدرلینڈز کے تعلقات کے بارے میں بھی شرکا کو آگاہ کیا اور اہم کامیابیوں پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے کشمیریوں کو غیر قانونی بھارتی قبضے سے حق خودارادیت کےلیے ان کی منصفانہ اور جائز جدوجہد میں خراج تحسین بھی پیش کیا۔ چارج ڈی افیئرز نے پاکستانی کمیونٹی کے فعال کردار کو سراہا۔ انہوں نے کمیونٹی ممبران پر زور دیا کہ وہ پاکستان اور نیدرلینڈز کے تعلقات کے فروغ میں اپنا تعمیری کردار ادا کرتے رہیں۔
تقریب میں سیاسی سماجی اور کاروباری شخصیات سمیت بڑی تعداد میں اوورسیز کمیونٹی نے شرکت کی۔ جن میں سینیئر صحافی کشمیر پیس فورم کے جنرل سیکریٹری راجہ فاروق حیدر، محمد جاوید اقبال کھوکھر، حاجی مشتاق احمد، سہیل احمد، مسلم لیگ ن اوورسیز ہالینڈ کے چیئرمین پیر سید اقرار شاہ، چوہدری پرویز علی سندیلہ، جاوید بٹ پیارے، چوہدری فیصل منظور جنرل سیکریٹری مسلم لیگ ن ہالینڈ، سیکریٹری اطلاعت محمد جاوید اقبال کھوکھر، عبدالباسط خان، سید رضوان احمد، سید اعجاز حسین سیفی دیگر شامل تھے۔
تقریب کا اختتام پاکستان کی خوشحالی، سلامتی اور معاشی استحکام کے لیے خصوصی دعا سے ہوا جو مولانا منیب الرحمن نے کرائی ۔
.ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: پرچم کشائی کی
پڑھیں:
امریکا میں سفیر پاکستان کا پاک-امریکا بزنس کانفرنس اینڈ ایکسپو 2025 کا افتتاح
امریکا میں سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے امریکی ریاست ورجینیا میں پاک-امریکا بزنس کانفرنس اینڈ ایکسپو 2025 کا افتتاح کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اس موقع پر سفیر پاکستان نے امریکا کے درمیان گہرے معاشی روابط استوار کرنے پر زور دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکی مارکیٹ کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے کاروباری حکمت عملی ترتیب دی جائے جبکہ مضبوط معاشی و تجارتی تعلقات پائیدار پاک امریکا تعلقات کی ضمانت ہوں گے۔
افتتاحی تقریب کے موقع پر دو نوں ملکوں کے درمیان دیرپا شراکت داری استوار کرنے میں معاشی تعاون کی کلیدی اہمیت پر زور دیا گیا۔ یہ تقریب برین ڈیزائنر پاکستان ، راولپنڈی چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹریز اور یو ایس پاکستان انٹرنیشنل چیمبر آف کامرس (یو ایس پی آئی سی سی) کے تعاون سے منعقد کی گئی جس میں کاروباری رہنماؤں، تاجروں اور سرمایہ کاروں کو تجارت، سرمایہ کاری اور تجارتی مواقع کی تلاش کے لیے اکٹھا کیا۔
اپنے کلیدی خطاب میں سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے پاک امریکا تجارتی تعلقات کو وسعت دینے کے ضمن میں امریکی مارکیٹ کی وسیع صلاحیتوں کو اجاگر کیا اور اس متحرک معیشت میں کامیابی کے لیے مناسب حکمت عملی ترتیب دینے کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے امریکا کو دنیا کی اعلیٰ ترین صارف مارکیٹ قرار د یتے ہوئے اسے عالمی کاروباروں کی توسیع کے لیے ناگزیر قرار دیا۔ اپنے خطاب میں سفیر پاکستان نے کہا کہ سفارت کاری مواقع پیدا کرسکتی ہے۔ان مواقعوں سے مکمل طور پر فائدہ حاصل کرنا کاروباری برادری کا کام ہے۔ ہم نے اپنا کام کر دیا ہے؛ اب ہم آپ سے توقع کرتے ہیں کہ آپ اپنی ذمہ داری ادا کریں۔
سفیر پاکستان نے مختلف اسٹالز کا دورہ کیا اور کاروباری کمیونٹی سے بات چیت کی۔ انہوں نے منتظمین کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے یہ تقریب منعقد کی جو ان کے بقول خاص طور پر چھوٹے تاجروں اور کاروباری کمیونٹی کے لیے امریکی مارکیٹ میں اپنا اثر بڑھانے کے لیے اچھا شگون ہے۔