کندھ کوٹ میں بھنگوار اور بھٹو برادری کے درمیان فائرنگ، 4 افراد ہلاک و متعدد زخمی
اشاعت کی تاریخ: 29th, March 2025 GMT
کندھ کوٹ میں بھنگوار اور بھٹو برادری کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں دونوں اطراف کے چار افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق فائرنگ کا واقعہ بڈانی ایٹ میانی تھانے کی حدود میں پیش آیا، قتل ہونے والوں میں بھٹو برادری کے دو اور بھنگوار برادری کے بھی دو افراد شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق دونوں فریقین میں فائرنگ کا سلسلہ جاری اور دونوں فریقین مورچہ بند ہوگئے ہیں، تصادم کے سبب بڈانی شہر مکمل طور پر بند ہے اور علاقے میں خوف و ہراس کی فضا قائم ہے، دونوں گروپوں میں مزید جانی نقصان ہونے کا خدشہ ہے۔
واضح رہے کہ دونوں گروپوں کے درمیان گزشتہ روز گدھا گاڑی کے معاملہ پر تصادم ہوا تھا، قانون کا خوف نہ ہونے کی وجہ سے مسلح افراد سرعام شہر میں اسلحہ کے ساتھ گھوم رہے ہیں۔
اس واقعے کے بعد وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے ایس ایس پی کشمور سے ابتدائی پولیس کارروائی پر مشتمل تفصیلات طلب کرلیں۔
ضیاء الحسن لنجار نے کہا ہے کہ قانون کی رٹ اور امن وامان کے حالات کے خلاف جانے والوں سے سختی کے ساتھ نمٹا جائے، واقعہ میں ملوث ملزمان اور ان کے سرپرستوں سے کوئی رعایت نہ برتی جائے، فساد پھیلانے والے عناصر کی بیخ کنی اشد ضروری ہے، شہر میں پولیس گشت بڑھایا جائے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: برادری کے
پڑھیں:
اٹلی میں چھوٹا طیارہ ہائی وے پر گر گیا، پائلٹ اور خاتون ساتھی ہلاک، متعدد گاڑیاں جل گئیں
اٹلی کے شمالی علاقے بریشیا میں ایک چھوٹا الٹرا لائٹ طیارہ مصروف ہائی وے پر گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں طیارے کے 75 سالہ پائلٹ سرجیو راوالیا اور ان کی 60 سالہ خاتون ساتھی این ماریا ڈی اسٹیفانو موقع پر جاں بحق ہو گئے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق، حادثہ فریچیا آر جی نامی طیارے کو پیش آیا، جو فضا سے اچانک نیچے آیا اور سڑک سے ٹکرا کر آگ کا گولہ بن گیا۔ حادثے کے دوران 2 گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی اور 2 ڈرائیور زخمی ہو گئے۔
عینی شاہدین کے مطابق، پائلٹ ممکنہ طور پر ہنگامی لینڈنگ کی کوشش کر رہا تھا، مگر رفتار پر قابو نہ پا سکا اور طیارہ قابو سے باہر ہو کر گھومتا ہوا زمین سے جا ٹکرایا۔
مقامی حکام نے فوری طور پر فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیمیں روانہ کیں، لیکن طیارہ مکمل تباہ ہو چکا تھا۔
اطالوی قومی ایجنسی برائے فلائٹ سیفٹی نے حادثے کی مکمل تحقیقات کا اعلان کیا ہے، جب کہ بریشیا کے پبلک پراسیکیوٹر نے غیر ارادی قتل کے حوالے سے ابتدائی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
حادثے کی اصل وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی اور ملبے کا تجزیہ کیا جا رہا ہے تاکہ کسی فنی خرابی یا انسانی غلطی کا تعین کیا جا سکے۔