پاکستان ٹیرف معاملے پر امریکا سے مذاکرات کرے گا، سفیر پاکستان
اشاعت کی تاریخ: 4th, April 2025 GMT
امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان ٹیرف معاملے پر امریکا سے مذاکرات شروع کر رہا ہے۔
نجی ٹی وی پروگرام میں بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج ہی امریکی معاون نمائندہ برائے تجارت سے ان کی ملاقات طے ہے، ہمیں یقین ہے کہ ہم امریکی خدشات کا ازالہ کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری سب سے زیادہ تجارت امریکا سے ہے، امریکا ہمیشہ سے ہمارا اہم تجارتی شراکت دار رہا ہے، امید ہے کہ ٹیرف کے معاملے پر سفارتی عمل کے مثبت نتائج آئیں گے۔
امریکا کی ممکنہ سفری پابندیوں پر رضوان سعید شیخ کا کہنا تھا کہ ویزوں کے معاملے پر امریکا کا حتمی فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے، اس حوالے سے بھی سفارتی کوششیں جاری ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے امریکی حکام کو پیغام پہنچا دیا ہے کہ پاکستان بین الاقوامی قوانین اور سفارتی لوازمات پورا کرنے کے لیے ہر وقت تیار ہے۔
سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے مزید کہا کہ بجلی کی قیمت میں کمی سے بھی پیداواری لاگت میں کمی آئے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دنیا بھر کے ممالک کی درآمدی مصنوعات پر کم ازکم 10 فیصد ٹیکس عائد کیا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاکستان پر 29 فیصد اور بھارت پر 26 فیصد ٹیکس عائد کیا گیا ہے۔
Post Views: 1.ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
پاکستان سے امریکا کیلئے براہ راست پروازوں کی بحالی پر اہم پیشرفت
فائل فوٹوپاکستان سے امریکا کے لیے براہ راست پروازوں کی بحالی کے معاملے پر پیش رفت ہوئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی فیڈرل ایوی ایشن اتھارٹی ٹیم جنوری میں ایک اور آڈٹ کرنے پاکستان پہنچے گی، سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے تمام شعبوں کے سربراہان کو امریکی ایوی ایشن کے آڈٹ کی تیاری مکمل رکھنے کی ہدایت کردی۔
امریکی فیڈرل ٹیم پاکستان سول ایوی ایشن اور ایئر لائنز کے طیاروں کی مینٹیننس، فلائٹ سیفٹی کا جائزہ لے گی، امریکی فیڈرل ایوی ایشن ٹیم پاکستانی طیاروں کا جائزہ لے گی۔
اسکیم آف ارینج منٹ کے تحت پرسیشن انجینئرنگ شعبہ کو یکم مئی 2025 سے پاک فضائیہ کے ذیلی کمپنی کے حوالے کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق امریکی ٹیم آڈٹ کے دوران پاکستان سے امریکا پروازوں کے لیے استعمال ہونے والے طیاروں کا بھی مکمل آڈٹ کرے گی، امریکی ایوی ایشن کے آڈٹ کے بعد پاکستانی ایئر لائنز کی امریکا کےلیے براہ راست پروازوں کی بحالی کا امکان ہے۔
خیال رہے کہ ستمبر میں امریکی ایوی ایشن اتھارٹی ٹیم نے سول ایوی ایشن اور پاکستانی ایئرلائنز کے طیاروں کا آڈٹ کیا تھا۔