وزیراعظم سے بجلی کی قیمت مزید 6 روپے کم کرانے میں کامیاب ہوجائیں گے، فاروق ستار
اشاعت کی تاریخ: 4th, April 2025 GMT
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رہنما ایم کیو ایم نے کہا کہ بجلی سستی ہونے سے صنعت ترقی کرے گی، عام تجارت اور کاروبار کو فائدہ ہوگا، اس کمی میں ایم کیو ایم کا نمایاں کردار ہے۔ اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہے کہ بجلی کی قیمت میں مزید 6 روپے کمی کی گنجائش ہے اور امید ہے کہ وزیر اعظم سے کراچی جلسے میں مزید کمی کا اعلان کرانے میں کامیاب ہوجائیں گے۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ گزشتہ روز وزیراعظم پاکستان نے بجلی کی قیمتوں میں مناسب کمی کا اعلان کیا، یہ کمی مختلف قسم کے صارفین کے لیے 12 سے 17 فیصد ہے، یہ ایک بڑی سہولت ہے جو موجودہ حکومت نے دی ہے۔ ان کا کہنا تھا ایم کیو ایم نے اس مخلوط حکومت میں شامل ہوکر دو باتوں پر فوکس کیا، فوکس کیا کہ کس طرح ہم عوام کے لیے بجلی کے بلوں کو کم اور پانی کے مسائل کو حل کریں، ان دونوں معاملات میں ایم کیو ایم کا بڑا کردار ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے یہ وعدہ کیا تھا کہ عید کے بعد بجلی کی قیمتوں میں 5 سے 10 روپے کمی آئے گی، کل تاجر اور صنعتکاروں کی جانب سے شکریہ کے فون آئے، کسی کا بل 10 ہزار آرہا ہے تو اب 8 ہزار 500 آئے گا۔ فاروق ستار نے کہا کہ بجلی کی قیمت میں مزید 6 روپے کمی کی گنجائش ہے، وزیراعظم نے عید کے بعد کراچی آنے اور ایم کیو ایم کے جلسے سے خطاب کرنے کی حامی بھری ہے، امید ہے کہ وزیر اعظم سے کراچی جلسے میں بجلی کی قیمت مزید 6 روپے کم کرانے میں کامیاب ہوجائیں گے۔ رہنما ایم کیو ایم پاکستان کا کہنا تھا امید ہے اگلے بجٹ میں شرح سود 12 سے کم ہو کر 9 فیصد تک آئے گی، لوگوں کو آسان قرضے مل سکیں گے، یہ ایک سال کے عرصے میں ایک نمایاں پیش رفت ہوئی ہے، اس کا اثر نچلی سطح پر فوری طور پر نہیں آئے گا۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: مزید 6 روپے کم بجلی کی قیمت ایم کیو ایم فاروق ستار نے کہا کہ
پڑھیں:
مختلف شہروں میں چینی کی قیمت 210 روپے فی کلو تک پہنچ گئی
ملک کے مختلف شہروں میں چینی کی قیمت 210 روپے تک پہنچ گئی، سرگودھا میں ایک ہفتے کے دوران چینی کے نرخ 23 روپے بڑھ گئے۔ سرکاری دستاویز میں گزشتہ ایک ہفتے میں چینی کی اوسط فی کلو قیمت میں 12 پیسے کی کمی ہوئی تھی اور گذشتہ ہفتے تک ملک میں چینی کی اوسط فی کلو قیمت 188 روپے 81 پیسے تھی۔ادارہ شماریات کے دستاویز کے مطابق ایک سال قبل ملک میں چینی کی اوسط فی کلو قیمت 132 روپے47 پیسے تھی، اور اس وقت ملک میں چینی کی اوسط فی کلو قیمت 188 روپے 69 پیسے پر آگئی ہے۔تاہم،ملک کے مختلف شہروں میں چینی 210 روپے فی کلو تک فروخت کی جارہی ہے اور ملک میں چینی کی زیادہ سے زیادہ فی کلو قیمت 210 روپے تک پہنچ گئی ہے جب کہ پشاور کے شہری سب سے زیادہ مہنگی چینی خریدنے پر مجبور ہیں۔ادارہ شماریات کے مطابق گذشتہ ایک ہفتے کے دوران سرگودھا میں چینی کی فی کلو قیمت میں 23 روپے تک کا اضافہ ہوا جس سے قیمت 200 روپے فی کلو تک پہنچ گئی جب کہ کراچی اورحیدر آباد میں چینی کی فی کلو قیمت 5 روپے تک بڑھ گئی جس سے حیدرآباد میں چینی فی کلو 195 روپے اور کراچی میں 200 روپے میں فروخت ہورہی ہے۔اسی طرح، جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی میں چینی کی زیادہ سے زیادہ فی کلو قیمت 200 روپے تک ہے۔
دوسری جانب، پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں چینی کی مقررہ قیمتوں سے زائد پر فروخت کی بڑھتی شکایات پر محکمہ پرائس کنٹرول اینڈ کموڈیٹیز مینجمنٹ نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو مراسلہ جاری کیا تھا جس میں چینی کی زائد قیمتوں پر فروخت کا اعتراف کیا گیا ہے۔مراسلہ کے مطابق رپورٹس میں سامنے آیا کہ چینی کی اضافی قیمتوں پر فروخت جاری ہے، چینی کی زائد قینتوں کی وصولی عوام پر مالی بوجھ بڑھا رہی ہے۔مزید کہا گیا کہ تمام ڈپٹی کمشنرز پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو فوری کارروائیوں کا پابند کریں اور اضافی قیمتیں وصول کرنے والے دکانداروں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے۔