پی ایس ایل 10؛ تین شہروں میں میچز کی سیکیورٹی کیلیے آرمی اور رینجرز طلب
اشاعت کی تاریخ: 7th, April 2025 GMT
لاہور:
پاکستان سپر لیگ ایڈیشن 10 کے سلسلے میں محکمہ داخلہ پنجاب نے لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں پاکستان سپر لیگ میچز کی سیکیورٹی کے لیے آرمی اور رینجرز کے دستے طلب کر لیے۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق فول پروف سیکیورٹی میں پولیس کی معاونت کے لیے پاکستان آرمی اور رینجرز کے دستے طلب کیے گئے۔
لاہور، راولپنڈی اور ملتان کے لیے رینجرز کے 1، 1 ونگ اور آرمی کی 2، 2 کمپنیوں کی خدمات طلب کی گئیں۔ تینوں اسٹیشنز پر اسپیشل سروسز گروپ کے کمانڈوز اور آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹرز کی خدمات بھی طلب کی گئیں۔
پاکستان سپر لیگ ایڈیشن 10 کے میچز 11 اپریل سے 18 مئی تک شیڈول ہیں تاہم سیکیورٹی کے لیے دستوں کی خدمات 6 اپریل سے 19 مئی تک طلب کی گئی ہیں۔
پاکستان سپر لیگ میں بین الاقوامی کرکٹرز اور میچ آفیشلز شرکت کر رہے ہیں۔ ملکی و غیر ملکی معززین، کھلاڑیوں، میچ آفیشلز اور عملے کی شرکت کے باعث یہ ہائی پروفائل ایونٹ ہے۔
لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں میچز، ٹیموں کے قیام اور سفر کے دوران فول پروف سیکیورٹی انتظامات ہوں گے۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے آرمی اور رینجرز کی خدمات کے لیے وفاقی وزارت داخلہ کو باضابطہ درخواست بھجوا دی۔
ویمن کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر
دوسری جانب، محکمہ داخلہ پنجاب نے آئی سی سی ویمن کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر کی سکیورٹی کے لیے بھی آرمی اور رینجرز کے دستے طلب کر لیے ہیں۔
لاہور میں رینجرز کا 1 ونگ اور آرمی کی 2 کمپنیوں کی خدمات طلب کی گئیں۔
آئی سی سی ویمن ورلڈ کپ کوالیفائنگ میچز لاہور میں شیڈول ہیں جس میں خواتین کی چھ ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں۔ ٹورنامنٹ میں پاکستان، بنگلا دیش، اسکاٹ لینڈ، آئرلینڈ، ویسٹ انڈیز اور تھائی لینڈ کی ٹیمیں شامل ہیں۔
سیکیورٹی کے لیے آرمی اور رینجرز کے دستوں کی خدمات 20 اپریل تک طلب کی گئی ہیں۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے آرمی اور رینجرز کی خدمات کے لیے وفاقی وزارت داخلہ کو باضابطہ درخواست بھجوا دی۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: محکمہ داخلہ پنجاب نے آرمی اور رینجرز کے پاکستان سپر لیگ کی خدمات طلب کی
پڑھیں:
جڑواں شہروں کے درمیان جدید تیز رفتار ٹرین چلانے کا فیصلہ
وفاقی حکومت نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے راولپنڈی کے درمیان جدید اور تیز رفتار ٹرین چلانے کا فیصلہ کیا ہے، اس حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر ریلویز کے درمیان منصوبہ جلد از جلد مکمل کرنے پراتفاق کرلیا گیا۔پیر کو اسلام آباد اور راولپنڈی کے درمیان تیز رفتار ٹرین چلانے کا فیصلہ وزیرداخلہ اور وزیرریلویزکی زیرصدارت اجلاس میں ہوا۔اجلاس میں مارگلہ اسٹیشن اسلام آباد سے راولپنڈی صدر اسٹیشن تک ریل منصوبہ جلد ازجلد مکمل کرنے پر اتفاق کیا گیا جب کہ آئندہ ہفتے منصوبےکے فریم ورک ایگریمنٹ کو حتمی شکل دے کر دستخط ہوں گے۔اعلامیے کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی کے درمیان سفر 20 منٹ میں طےہوگا، وقت اور ایندھن بچےگا جب کہ جدید اور تیز رفتار ٹرین سے ٹریفک کا دباؤ بھی کم ہوگا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تیز رفتار ٹرین کے لیے ٹریک وزارت ریلویز دے گی اور ریل سروس کا انتظام سی ڈی اے سنبھالے گی جب کہ اجلاس میں ریل سروس کے لیے جدید ٹرین امپورٹ کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا ۔اس موقع پر وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا کہ جڑواں شہروں کے درمیان ریل سروس کا آغاز عوامی فلاح کا بہترین منصوبہ ہوگا، شہری تقریباً 20 منٹ میں جڑواں شہروں کے مابین تیز اور آسان سفر کر سکیں گے۔وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ وزیراعظم کےعوامی ریلیف کے وژن کا عکاس ہے.منصوبے کی تکمیل سے ہزاروں شہریوں کو سفر کی جدید اور معیاری سہولت ملے گی۔