کراچی: کورنگی سے فتنہ الخوارج کے تین دہشت گرد گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 7th, April 2025 GMT
کراچی:
سندھ رینجرز اور سی ٹی ڈی نے کورنگی میں مشترکہ کارروائی کے دوران تین دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق سندھ رینجرز اور سی ٹی ڈی پولیس نے انٹیلیجنس معلومات پر کورنگی میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے تین انتہائی مطلوب دہشت گرد انعام اللہ عرف لالا، نعیم اللہ عرف عمر زالی اور محمد طائب عرف محمد کو گرفتار کیا۔ ان کے قبضے سے اسلحہ، ایمونیشن اور دھماکہ خیز مواد برآمد کر لیا گیا۔
ترجمان کے مطابق گرفتار دہشت گرد سیکیورٹی فورسز پر حملوں اور دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث رہے ہیں۔ تینوں دہشت گردوں کا تعلق فتنہ الخوارج حافظ گل بہادر گروپ سے ہے۔
گرفتار دہشت گرد نعیم اللہ عرف عمر زالی 2014 میں فتنہ الخوارج میں شامل ہوا اور حافظ گل بہادر گروپ کا انتہائی اہم کارکن ہے۔ اس کا والد مومن خان اور چچا سلیم اللہ فتنہ الخوارج کے اہم کمانڈر تھے جو سیکیورٹی فورسز کے خلاف متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے اور دورانِ آپریشن ہلاک ہو چکے ہیں۔ یہ دہشت گرد عسکری تربیت یافتہ ہے اور وزیرستان میں متعدد کارروائیوں میں ملوث رہا ہے۔ کچھ عرصہ قبل وہ کراچی آ کر اپنا نیٹ ورک منظم کرنے میں سرگرم تھا۔
گرفتار دہشت گرد انعام اللہ عرف لالا 2017 میں حافظ گل بہادر گروپ میں شامل ہوا۔ وہ وزیرستان میں کمانڈر عبدالحمید عرف فکر مند کے گروپ کے ساتھ جانی خیل کے علاقے میں انتہائی متحرک رہا اور سیکیورٹی فورسز کے خلاف متعدد کارروائیوں میں ملوث رہا ہے۔ اس کا بھائی ہدایت اللہ بھی وزیرستان میں حافظ گل بہادر گروپ میں انتہائی متحرک ہے۔ انعام اللہ کراچی میں فتنہ الخوارج کا نیٹ ورک منظم کرنے اور سہولت کاری کے کام میں سرگرم تھا۔
گرفتار دہشت گرد محمد طائب عرف محمد 2023 میں فتنہ الخوارج عبدالحمید عرف فکر مند گروپ میں شامل ہوا۔ وہ اپنے بھائی عبدالرزاق کی ہلاکت کے بعد اس گروپ میں شامل ہوا اور کراچی کے اندر سہولت کاری کا کام سرانجام دے رہا تھا۔
ترجمان کے مطابق تینوں دہشت گرد کراچی میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے کہ ان کی گرفتاری عمل میں آئی۔ گرفتار دہشت گردوں کو اسلحہ، ایمونیشن اور دھماکہ خیز مواد سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے سی ٹی ڈی پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: متعدد کارروائیوں میں ملوث گرفتار دہشت گرد فتنہ الخوارج میں شامل ہوا گروپ میں اللہ عرف
پڑھیں:
پنجاب کے مختلف شہروں سے 18 دہشت گرد گرفتار، بارودی مواد برآمد
لاہور:سی ٹی ڈی نے پنجاب کے مختلف شہروں میں ایک ماہ میں 386 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 18 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی پنجاب کے مطابق گرفتار ملزمان میں انتہائی خطرناک دہشت گرد تنظیم کا اہم رکن بھی شامل ہے جو پنجاب کے ایک شہر میں دہشت گردی کی پلاننگ مکمل کر چکا تھا۔
کارروائیاں لاہور، منڈی بہاءالدین، خوشاب، بہاولپور، ٹوبہ ٹیک سنگھ، گجرانوالہ، نارووال، پاک پتن، بھکر وغیرہ میں کی گئیں۔
دہشت گردوں سے دھماکہ خیز مواد، ای ائی ڈی بم، تین ڈیٹونیٹرز، 13 حفاظتی فیوز وائر، پمفلٹ، نقدی برآمد ہوئی۔
دہشت گردوں کی شناخت محمد کریم، علی رضا، محمد عزیز، محمد علی، ہاشم، نور الامین، سلیم ، صدام وغیرہ کے ناموں سے سے ہوئی۔
دہشت گرد مختلف مقامات پر کارروائیاں کر کے عوام میں خوف و ہراس پھیلانا چاہتے تھے۔
دریں اثنا رواں ماہ میں 4601 کومبنگ آپریشنز کے دوران 320 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا، کومبنگ آپریشنز میں 109892 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی۔