محسن نقوی دو عہدوں کے ساتھ کامیاب نہیں ہو سکتے، آرمی چیف سے شاہد آفریدی کی گفتگو
اشاعت کی تاریخ: 9th, April 2025 GMT
اگرمحسن نقوی وزارت اور چیئرمین شپ میں سے ایک کا انتخاب کریں تو فائدہ ہو گا
محسن نقوی میں کرکٹ کی بہتری کے لیے بہت زیادہ جوش اور ہمت ہے، سابق کپتان
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے راولپنڈی میں ملاقات کی ہے ۔اس موقع پر شاہد آفریدی نے آرمی چیف سے ان کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کی۔انہوں نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے گفتگو میں کہا کہ ملک میں تفریح کا واحد ذریعہ کرکٹ ہے ، محسن نقوی ایک محنتی شخص ہیں جو کرکٹ کے لیے خلوص سے کچھ کرنا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی وزارتِ داخلہ اور پی سی بی کی چیئرمین شپ میں سے کسی ایک کا انتخاب کریں تو پاکستان کو فائدہ ہو گا، دو عہدوں کے ساتھ وہ کامیاب نہیں ہو سکتے ۔شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ محسن نقوی میں کرکٹ کی بہتری کے لیے بہت زیادہ جوش اور ہمت ہے ، کرکٹ فل ٹائم جاب ہے ، وزارتِ داخلہ اور پی سی بی چیئرمین شپ دونوں بڑی ذمے داریاں ہیں، دو بڑے کام ایک ساتھ نہیں ہو سکتے ۔ذرائع کے مطابق قبل ازیں لاہور میں پی سی بی ہیڈ کوارٹر میں ایک میٹنگ میں شاہد آفریدی نے محسن نقوی کے کاموں کی تعریف کی تھی لیکن انہیں یہ بھی کہا تھا کہ وہ اگر وزارت یا پی سی بی میں سے ایک کام کا انتخاب کریں تو اس سے وہ زیادہ بہتر انداز میں توجہ دے سکتے ہیں، محسن نقوی کے وژن سے پی سی بی کو فائدہ ہو گا۔ذرائع کے مطابق جون میں امریکا میں ٹی ٹوئینٹی ورلڈ کپ کے دوران محسن نقوی نے شاہد آفریدی کو پی سی بی میں کام کرنے کی پیشکش کی تھی۔شاہد آفریدی نے کہا تھا کہ میں اپنی مصروفیات کے باوجود ہر وقت پاکستان کے لیے حاضر ہوں۔
.ذریعہ: Juraat
پڑھیں:
اسلام آباد کے 2 میگا پراجیکٹس پر کام کی رفتار تیز
اسلام آباد میں 2 میگا پراجیکٹس ٹی چوک فلائی اوور اور شاہین چوک انڈر پاس منصوبے پر کام کی رفتار تیز کردی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق منصوبوں کا مجموعی طور پر 60 فیصد کام مکمل کرلیا گیا ہے۔ فلائی اوور دسمبر کے اوائل میں ٹریفک کے لئے کھول دیا جائے گا جبکہ شاہین چوک انڈر پاس بھی ایک ماہ میں مکمل کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ٹی چوک فلائی اوور اور شاہین چوک انڈر پاس منصوبوں کا دورہ کیا اور دونوں منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ اور تعمیراتی سرگرمیوں کا معائنہ کیا۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے تعمیراتی کاموں کے معیار کا مشاہدہ کیا اور پراجیکٹس کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ تعمیراتی کاموں میں اعلیٰ معیارکو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ معیار اور رفتار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ فلائی اوور کی تکمیل سے جی ٹی روڈ سے مسافر سگنل فری اسلام آباد آسکیں گے۔