کراچی: گلستانِ جوہر میں قبرستان کے نزدیک چار مارٹر گولے برآمد، تحقیقات جاری
اشاعت کی تاریخ: 9th, April 2025 GMT
کراچی:
شہر قائد کے علاقے گلستانِ جوہر میں واقع ناتھا خان قبرستان کے قریب سے چار مارٹر گولے برآمد ہوئے ہیں۔ پولیس کے مطابق مارٹر گولے قبرستان کے ساتھ موجود کچے راستے سے ملے جس کے بعد علاقے میں سیکیورٹی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی رینجرز اور پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ مارٹر گولے ایک حساس علاقے کے قریب سے ملے ہیں اور اس بات کی تحقیقات کی جا رہی ہے کہ یہ ہتھیار وہاں کیسے پہنچے ہیں
پولیس کے مطابق بم ڈسپوزل اسکواڈ کو فوری طور پر طلب کر لیا گیا ہے تاکہ مارٹر گولوں کو محفوظ طریقے سے ناکارہ بنایا جا سکے۔ حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ مارٹر گولے کسی اسمگلنگ یا غیر قانونی سرگرمی کا حصہ ہو سکتے ہیں، تاہم حتمی رائے تفتیش کے بعد دی جائے گی۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی: بھائی کی ضمانت کیلئے 3 سالہ بچی اغوا کرنے والا ملزم گرفتار
کراچی:خواجہ اجمیر نگری پولیس نے تاوان کے لیے اغوا 3 سالہ بچی کو بازیاب کرکے اغوا کار کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق خواجہ اجمیر نگری پولیس نے 23 جولائی 2025 کو اغواء کی جانے والی 3 سالہ بچی ریحانہ کو بازیاب کروا کر ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان ایس ایس پی سینٹرل کے مطابق بازیاب کرائی گئی بچی شاہنواز بھٹو کالونی کی رہائشی ہے، ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ اس کا بھائی منگھوپیر پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہو کر جیل میں ہے، بھائی کی ضمانت کیلئے رقم کی ضرورت تھی اس لیے بچی کو اغوا کیا۔
گرفتار ملزم بازیاب کرائی جانے والی بچی کا قریبی رشتہ دار ہے، ملزم نے اعتراف کیا کہ اس نے بچی کو اغوا کرنے کی منصوبہ بندی اس لیے کی تاکہ بچی کے والدین کو بلیک میل کرکے رقم حاصل کی جائے۔
پولیس کے مطابق کارروائی انتہائی حساس اور پیشہ ورانہ انداز میں مکمل کی گئی تاکہ بچی کو کسی قسم کا نقصان نہ پہنچے، اغوا کار سے تفتیش جاری ہے جس میں مزید انکشافات متوقع ہیں۔
اہلِ علاقہ اور بچی کے والدین نے ڈی آئی جی ویسٹ عرفان علی بلوچ، ایس ایس پی سینٹرل ذیشان شفیق صدیقی اور ایس ایچ او خواجہ اجمیر نگری سرفراز کمانڈو کی فوری کارروائی کو سراہا اور شکریہ ادا کیا۔