حیدرآباد، سیری پولیس کا اسٹریٹ کرمنلز سے مقابلہ، ایک زخمی حالت میں گرفتار، دو فرار
اشاعت کی تاریخ: 23rd, July 2025 GMT
حیدرآباد:
سیری پولیس نے کیٹل کالونی لنک روڈ پر موٹر سائیکل سوار تین اسٹریٹ کرمنلز سے مبینہ مقابلے کے دوران ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، جبکہ دو ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
پولیس ترجمان کے مطابق گرفتار زخمی ملزم کی شناخت اللہ جڑیو ماچھی کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزم کے قبضے سے ایک مسروقہ موٹر سائیکل اور پسٹل بمعہ گولیاں برآمد کر لی گئی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ برآمد شدہ موٹر سائیکل سجاد علی نامی شہری سے 28 مئی کو چھینی گئی تھی، جو بعد ازاں مقدمہ نمبر 124/2024 کے تحت درج کی گئی تھی۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم اور اس کا گروہ حیدرآباد کے مختلف تھانوں کی حدود میں اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہا ہے، جن کی مزید تفتیش جاری ہے۔ فرار ہونے والے ملزمان کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن کیا جا رہا ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
انسانی اسمگلرز کا نیا طریقہ واردات بے نقاب، ملزم گرفتار
گوجرانوالہ میں زمینی راستوں پر سختی کے بعد انسانی اسمگلرز نے نیا طریقہ واردات اپنالیا۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے مطابق انسانی اسمگلرز 22 افراد پر مشتمل جعلی فٹ بال ٹیم سیالکوٹ ایئرپورٹ سے جاپان پہنچ گئی۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق دستاویز جعلی ثابت ہونے پر جاپان نے تمام افراد کو ڈی پورٹ کردیا جبکہ اسکینڈل میں ملوث ملزم ملک وقاص گرفتار کرلیا گیا۔
حکام کے مطابق گرفتار ملزم نے گولڈن فٹ بال ٹرائل کے نام سے فٹ بال کلب کی رجسٹریشن کروائی اور 22 افراد سے فی کس 40 لاکھ روپے وصول کیے۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق تمام افراد کو فٹ بال ٹیم کے کھلاڑیوں کی طرح تربیت دی گئی، پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے ساتھ رجسٹریشن کی جعلی دستاویز بنائی گئیں۔
حکام کے مطابق جعلی دستاویزات کے مطابق ملزمان کے جاپان کے ایک کلب سے فٹ بال میچ شیڈول تھے، ملزم نے وزارت خارجہ کے جعلی کاغذات بھی تیار کیے تھے۔
ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ جنوری 2024ء میں بھی فٹ بال ٹیم کے روپ میں 17 افراد کو جاپان بھجوایا تھا۔