دہشت گردی جنگ میں عالمی برادری کو پاکستان سے تعاون کرنا ہوگا، محسن نقوی
اشاعت کی تاریخ: 10th, April 2025 GMT
اسلام آباد(آئی این پی ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ دہشتگردی صرف پاکستان کی جنگ نہیں بلکہ اس سے نمٹنے کیلئے عالمی برادری کو تعاون کرنا ہوگا، پاکستان کو بھی امریکا کی طرح غیر قانونی تارکین وطن کے مسائل کا سامنا ہے۔ وزیر داخلہ نے یہ بات امریکی محکمہ خارجہ کے سینئر عہدیدار ایریک میئر سے ملاقات میں کہی جنہوں نے اپنے دورہ پاکستان کے موقع پر ان سے اہم ملاقات کی ہے۔ملاقات میں قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر، وفاقی وزیر طلال چوہدری اور سیکرٹری داخلہ خرم آغا بھی شریک تھے ۔ وزیر داخلہ محسن نقوی اور ایریک میئر میں پاک امریکا تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا جبکہ دہشتگردی، اسمگلنگ اور انسداد منشیات کے شعبوں میں اشتراک کار بڑھانے پر بات چیت ہوئی۔اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ جون میں مشترکہ کائونٹر ٹیررازم ڈائیلاگ کا انعقاد تعاون بڑھانے میں اہم ثابت ہوگا۔ انہوں نے ایریک مئیر کو انسداد دہشتگردی کے سلسلے میں لیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ ملاقات میں ایریک مئیر نے مطلوب دہشتگرد شریف اللہ کی گرفتاری میں تعاون پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا جبکہ جعفر ایکسپریس پر دہشتگردوں کے حملے کی مذمت اور اس میں جانی نقصان پر اظہار افسوس کیا۔سینئر امریکی عہدیدار کی سربراہی میں امریکی وفد پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم میں شرکت کر رہا ہے۔ ایریک میئر نے منرلز انویسٹمنٹ فورم 2025 کے تحت فراہم مواقعوں میں دلچسپی کا اظہار کیا۔اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ منرلز انویسٹمنٹ فورم سے امریکی کمپنیاں سرمایہ کاری سے فائدہ اٹھا سکتی ہیں، اس ضمن میں امریکی وفد کا دورہ اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
ریاست نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کثیر الجہتی حکمت عملی اپنائی ہے، وزیراعظم
اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے ملک سے دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خاتمے کے لیے عوام، فوج، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگمین کثیرالجہتی حکمت عملی اپنائی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت انسداد دہشت گردی اور ریاستی رٹ کے قیام کے حوالے سے قائم اسٹیرنگ کمیٹی کا جائزہ اجلاس ہوا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ریاست پاکستان دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور دنیا دہشت گردوں کے خلاف ہماری کامیاب کارروائیوں کی معترف ہے، ریاست پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کثیر الجہتی حکمت عملی اپنائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی طرف سے زمینی آپریشن، متعلقہ قانون سازی، بامعنی عوامی رابطے اور انتہا پسند سوچ کی حوصلہ شکنی جیسے اہم عناصر کا بھرپوراور مؤثراستعمال کیا گیا۔
اس موقع پر کمیٹی نے دہشت گردی کے خلاف وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے مابین ہم آہنگی کو مؤثر بنانے اور اس ضمن میں کمیٹی کی سفارشات پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بہادر افواج کے سپوتوں کا دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں کردار قابل تعریف اور قابل تحسین ہے، ارض وطن کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے اہلکار، افسران اور قربانی کے جذبے سے سرشار ان کے اہل خانہ پر مجھ سمیت پوری قوم کو فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری پاکستانی قوم، بہادر افواج، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور انٹیلیجنس ادارے متحد اور یکسو ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی بہادر افواج نے آپریشن رد الفساد اور ضرب عضب میں دہشت گردوں کا بھرپور مقابلہ کیا اور حالیہ تاریخ ساز معرکہ حق میں دنیا نے پاکستان کی فتح کو تسلیم کیا۔
اجلاس میں وزیراعظم نے کہا کہ صوبائی حکومتوں، انٹیلیجنس بیورو، وزارت داخلہ،کاؤنٹر ٹیررزم ڈپارٹمنٹ بالخصوص پنجاب انسداد دہشت گردی ڈپارٹمنٹ نے دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں نہایت مؤثر اقدامات کیے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں فتنۃ الہندوستان اور فتنۃ الخوارج اور اس طرح کی دوسرے سماج دشمن عناصر کے مکمل خاتمے کے لیے جامع، موثر اور قابل عمل حکمت عملی پر کام ہو رہا ہے اور تمام متعلقہ اداروں کی مشترکہ کاروائیوں اور تعاون سے اسمگلنگ کے خلاف مؤثر کارروائیاں عمل میں لائی گئیں، جس سے اسمگلنگ کی روک تھام ممکن ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسمگلنگ کی روک تھام سے معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں، دہشت گردی سے پاک اور پرامن مضبوط ریاستی ڈھانچہ ہی بین الاقوامی سطح پر سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بحال کرتا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی کے لیے حکومت نے تمام نظام کی ڈیجیٹائزیشن اور ٹیکس سسٹم میں بہتری جیسے انقلابی تبدیلیاں لائی ہیں، پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ریکارڈ اضافہ اور گلوبل ریٹنگز میں بہتری پاکستان کی معیشت میں استحکام کی نشان دہی کرتا ہے اور اس سے بیرونی سرمایہ کار کا اعتماد بحال ہوگا۔
وزیراعظم نے کہا کہ غیر قانونی طور پر پاکستان میں مقیم افغان باشندوں کی بین الاقوامی قوانین کے عین مطابق وطن واپسی کے پروگرام پر عمل درآمد مؤثر طور سے جاری ہے۔
اعلیٰ سطح کے اجلاس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل عاصم منیر، مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل محمد عاصم ملک، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیرتارڑ، وفاقی وزیر اقتصادی امور ڈویژن احد خان چیمہ، وزیراعظم کے مشیر براۓ بین الصوبائی تعاون رانا ثنا اللہ، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، تمام صوبوں کے چیف سیکرٹریز، انسپکٹر جنرلز اور متعلقہ سرکاری حکام نے شرکت کی۔