نوازشریف سے ملاقات: صدر مسلم لیگ ن بلوچستان پر کردار ادا کرنے کیلئے آمادہ، عبدالمالک
اشاعت کی تاریخ: 10th, April 2025 GMT
سندر، لاہور (نامہ نگار+ تنویر سیال+نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے وفد کے ہمراہ جاتی امراء میں میاں نواز شریف سے تفصیلی ملاقات کی اور مسلم لیگ ن کی حکومت میں مہنگائی اور بجلی کی قیمتوں میں کمی پر میاں نواز شریف کو مبارک باد دی۔ ملاقات کے بعد انہوں نے جاتی امراء کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف بلوچستان کے مسائل کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرنے پر آمادہ ہیں اور جلد صوبے کا دورہ کریں گے۔ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے بتایا کہ انہوں نے بلوچستان کی مجموعی سیاسی صورتحال، جاری دھرنوں اور قیدیوں کی رہائی سے متعلق تفصیلی بات چیت کی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کا مسئلہ سیاسی نوعیت کا ہے اور اس کا حل بھی سیاسی طریقے سے نکالا جانا چاہیے۔ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کے مطابق نواز شریف نے یقین دہانی کرائی کہ وہ بلوچستان کے مسائل کے حل کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے اور جلد صوبے کا دورہ کر کے عوام، سیاسی قیادت اور دیگر سٹیک ہولڈرز سے ملاقات کریں گے۔ اس موقع پر نواز شریف نے اس بات پر زور دیا کہ بلوچستان کے مسائل کو سنجیدگی سے لیا جائے اور ان کے حل کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں۔ جاتی امراء میں ہونے والی اس ملاقات کے دوران مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما احسن اقبال، خواجہ سعد رفیق، خواجہ آصف، سردار ایاز صادق، رانا ثناء اللہ سمیت دیگر اہم رہنما بھی موجود تھے۔ ملاقات کے بعد ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور ان کے وفد نے نواز شریف کی جانب سے دئیے گئے ظہرانے میں بھی شرکت کی۔ دوسری جانب لاہور آمد پر مسلم لیگ پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے پارٹی رہنمائوں کے ہمراہ ان کا استقبال بھی کیا۔ علاوہ ا زیں نواز شریف نے وفاقی وزیر توانائی سردار اویس خان لغاری سے ملاقات کی اور بجلی کی قیمتوں میں کمی پر مبارک دی، کہا کہ عوام کی آسانی میرے دل کا سکون ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف اور ان کی ٹیم کو شاباش دیتا ہوں۔ آئی ایم ایف پروگرام میں ہوتے ہوئے بجلی کی قیمتوں میں کمی آسان کام نہیں تھا، اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ عوام سے کئے وعدے پورے ہو رہے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) نے عوام کے ریلیف اور ملک کی خدمت کو ہمیشہ مقدم رکھا ہے، یہی ہماری روایت ہے یہی ہماری سیاست ہے۔ اس موقع پر سردار اویس لغاری نے کہا کہ آپ کی راہنمائی نے وزیراعظم شہباز شریف اور ان کی ٹیم کو کامیاب کیا۔ وفاقی وزیر نے پارٹی قائد کو توانائی کے شعبے میں اصلاحات، اوپن مارکیٹ کے قیام سے بجلی مزید سستی کرنے، بجلی چوری اور گردشی قرض سے مستقل نجات پر اقدامات سے آگاہ کیا۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نواز شریف مسلم لیگ کہا کہ اور ان
پڑھیں:
نواز شریف کی طبیعت ناساز، لندن میں قیام طویل ہوگیا
مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف کی طبیعت ناسازی کی وجہ سے ان کا لندن میں قیام طویل ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے سربراہ نواز شریف نے لندن میں اپنا قیام بڑھا دیا ہے۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ نواز شریف کی طبیعت ناساز ہے، جس کی وجہ سے ان کے لندن کے کلینک میں مزید چیک اپ کیے جائیں گے۔
نواز شریف کی پاکستان واپسی کی ٹکٹ کی تاریخ بھی آگے بڑھا دی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ لندن میں مقیم ن لیگ کے کارکن نواز شریف کو کنونشن میں بھی مدعو کرنا چاہتے ہیں۔