عمران خان اب اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کر رہے ہیں، سینیٹر ناصر بٹ کا دعویٰ
اشاعت کی تاریخ: 10th, April 2025 GMT
مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے قریبی ساتھی سینٹر ناصر بٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان اب اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کررہے ہیں۔
پشاور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ناصر بٹ نے کہا کہ نواز شریف ہی وہ واحد شخصیت ہیں جن کے پاس ملک کے بحرانوں کا حل ہے، نواز شریف بیرون ملک سے واپسی پر چاروں صوبوں کا دورہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں جو دہشت گردی ہے اور ملک میں جو سیاسی صورتحال ہے، اس کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔
ناصر بٹ کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان اب اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کررہے ہیں، ان کے اردگرد جو افراد ہیں، ان پر بانی چیئرمین کو اعتبار نہیں ہے، اسی لیے اعظم سواتی نے ذمہ داری اٹھائی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف والے خود بتائیں ڈیل اور مفاہمت میں کیا فرق ہے۔
بعد ازاں سینیٹر ناصر محمود بٹ کی قیادت میں سینیٹرز کے وفد نے آج گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے گورنر ہاؤس پشاور میں ملاقات کی۔ وفد میں سینیٹر اسلم ابڑو ، سینیٹر حسنہ بانو ، سینیٹر خالدہ عتیب شامل تھے، ملاقات کے دوران ہاؤسنگ سے متعلقہ امور، جاری ترقیاتی منصوبوں اور مستقبل کی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے صوبے میں ہاؤسنگ کے شعبے کو درپیش چیلنجز پر روشنی ڈالی اور کہا کہ عوام کو سستی اور معیاری رہائش کی فراہمی میری اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے اس موقع پر وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ پشاور میں وفاقی محکمہ جات سے متعلق پردیسی ملازمین کو شدید مشکلات درپیش ہیں، ان کے لیے سہولیات میں اضافہ کیا جائے اور ہاؤسنگ سبسڈی دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں ہاؤسنگ کے منصوبوں کو مزید وسعت دی جائے اور وفاق کی جانب سے سہولیات میں اضافہ کیا جائے تاکہ صوبے کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں بھی رہائشی منصوبے مؤثر انداز میں مکمل ہو سکیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی و صوبائی اداروں کے مابین قریبی تعاون ہی ہاؤسنگ کے شعبے میں پائیدار ترقی کی ضمانت ہے۔
گورنر نے اس بات پر زور دیا کہ ہاؤسنگ کی سہولیات صرف شہروں تک محدود نہ رکھی جائیں بلکہ دیہی اور کم ترقی یافتہ علاقوں کو بھی اس دائرہ کار میں شامل کیا جائے۔
سینیٹر ناصر محمود بٹ نے کہا کہ قائمہ کمیٹی ہاؤسنگ کے مسائل کے حل اور پالیسی سازی کے عمل کو مؤثر بنانے کے لیے ملک بھر میں سرگرم ہے۔
انہوں نے گورنر کو کمیٹی کی حالیہ کارکردگی اور آئندہ کے اہداف سے بھی آگاہ کیا، وفد کے ارکان کو گورنر ہاؤس کے مختلف حصوں کا دورہ کرایا۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: ہاؤسنگ کے نے کہا کہ انہوں نے
پڑھیں:
شرجیل میمن اور ناصر شاہ کی یوٹونگ بس کمپنی کو سندھ میں سرمایہ کاری کی دعوت
کراچی:سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن اور صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے چین میں یوٹونگ بس کمپنی کے حکام سے ملاقات کرکے انہیں سندھ میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
ملاقات میں سندھ میں ٹرانسپورٹ اور توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پر تفصیلی بات چیت ہوئی، ٹرانسپورٹ و متبادل توانائی کے شعبوں میں تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
یوٹونگ کے حکام نے وزراء کو اپنی نئی اور جدید ماڈل بسوں کے بارے میں بریفنگ دی، یوٹونگ حکام نے پاکستان بالخصوص سندھ میں بسیں متعارف کرانے میں دلچسپی کا اظہار بھی کیا۔
شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ حکومت شہریوں کو معیاری اور محفوظ ٹرانسپورٹ فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے، دھابیجی اسپشل اکنامک زون غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے بہت بڑا موقع ہے، سرمایہ کاروں کو دس سالہ ٹیکس چھوٹ دی جارہی ہے۔
شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ دھابیجی انڈسٹریل زون میں حکومت سندھ کی جانب سے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو تمام ممکنہ سہولیات فراہم کی جائیں گی، سندھ میں ٹرانسپورٹ کے شعبے میں بڑے پیمانے پر اصلاحات کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی سمیت صوبے کے دیگر شہروں میں عوام کو معیاری بس سروس فراہم کرنا ہماری ترجیح ہے، ہم چاہتے ہیں کہ یوٹونگ جیسے بین الاقوامی ادارے پاکستان آئیں اور جدید بسیں تیار کر کے یہاں کی مارکیٹ کی ضروریات کو پورا کریں، سندھ حکومت سرمایہ کاروں کو مکمل سہولتیں اور تحفظ فراہم کرے گی۔
سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ سندھ میں ماحول دوست اور توانائی کے متبادل ذرائع پر مبنی پبلک ٹرانسپورٹ متعارف کرائی جائے، یوٹونگ بسیں ماحول دوست اور توانائی کے متبادل ذرائع کے حوالے سے بہترین آپشن ثابت ہو سکتی ہیں۔
سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت شفاف سرمایہ کاری کے لیے ہر ممکن تعاون کرے گی، عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور سرمایہ کاروں کو پائیدار کاروباری ماحول کی فراہمی حکومت سندھ کا عزم ہے۔