پاکستانی درآمدات میں اضافہ اور آئل امپورٹس میں کمی ہورہی: گورنر اسٹیٹ بینک
اشاعت کی تاریخ: 14th, April 2025 GMT
پاکستان مالیاتی خواندگی ہفتہ 2025ء کے سلسلے میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں گونگ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس سے گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ مالیاتی خواندگی ہفتے کے دوران اسٹیٹ بینک اور دیگر مالیاتی اداروں کی جانب سے مختلف سرگرمیاں جاری رہیں گی جن کا مقصد عوام کو مالیاتی نظام، سرمایہ کاری اور بچت سے متعلق آگاہی فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی بینک نے 2028ء تک مالیاتی شمولیت کا جامع منصوبہ مرتب کیا ہے جس کے تحت موجودہ 64 فیصد مالیاتی شمولیت کو 75 فیصد تک بڑھانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ خواتین کی مالیاتی شمولیت میں صنفی فرق کو کم کرتے ہوئے موجودہ 47 فیصد سے 25 فیصد اضافہ کیا جائے گا تاکہ یہ 72 فیصد تک پہنچے۔ جمیل احمد نے 2022ء کے معاشی حالات پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ اُس وقت ملک کو افراطِ زر میں تیزی اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارے جیسے دو بڑے مسائل کا سامنا تھا۔ زرمبادلہ ذخائر صرف دو ہفتوں کی درآمدات کے برابر رہ گئے تھے جبکہ ایکسچینج ریٹ میں بھی شدید تنزلی دیکھی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سخت پالیسی اقدامات کیے گئے جن میں درآمدات پر پابندیاں اور شرحِ سود میں اضافہ شامل تھا۔ ان اقدامات کے نتیجے میں انٹربینک اور اوپن مارکیٹ کے درمیان خلیج کم ہوئی اور شرح مبادلہ میں استحکام آیا۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: اسٹیٹ بینک
پڑھیں:
ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں مسلسل تیسرے روز اضافہ
کراچی:روپے کی قدر میں مسلسل تیسرے روز اضافے سے کرنسی مارکیٹس میں روپیہ تگڑا جبکہ ڈالر کمزور ہوگیا۔
ای کیپ کے مطابق انٹر بینک میں ڈالر کی قدر 72 پیسے گر کر 283 روپے 50 پیسے پر آگئی جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں آج پھر ڈالر کی قدر میں ایک روپے کی بڑی کمی واقع ہوئی۔
اوپن مارکیٹ میں ڈالر 287 روپے 60 پیسے سے گر کر 286 روپے 60 پیسے پر آ گیا۔ تین روز میں اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 2.30 روپے اور انٹر بینک میں 1.50 روپے گر چکی ہے۔
چیئرمین ای کیپ ملک بوستان کا کہنا ہے کہ ڈالر کی گرتی قدر کو دیکھ کر ایکسپورٹرز اپنے ڈالر مارکیٹ میں بیچنا شروع ہوگئے ہیں، امپورٹرز جلد بازی میں خریداری نا کریں انہیں ڈالر مزید سستا ملے گا۔
ملک بوستان نے امپورٹرز کو مشورہ دیا کہ ڈالر 280 پھر 270 پر آئے گا۔
چیئرمین ای کیپ کا کہنا تھا کہ حوالہ ہنڈی کے خلاف آپریشن جاری ہے جس سے ڈالر مزید گرے گا اور اسٹیٹ بینک نے بھی انٹر بینک سے خریداری روک دی ہے اس لیے ڈالر اب اور سستا ہوگا۔