عراق میں قیامت خیز ریت کا طوفان! ہزاروں افراد اسپتال پہنچ گئے، ہوائی اڈے بند
اشاعت کی تاریخ: 16th, April 2025 GMT
بغداد: عراق کے جنوبی اور وسطی علاقوں میں شدید ریت کے طوفان نے زندگی مفلوج کر دی، 3,700 سے زائد افراد کو سانس کی تکلیف کے باعث اسپتالوں میں داخل کرایا گیا، جب کہ بصرہ اور نجف کے ہوائی اڈے بند کر دیے گئے۔
عراقی وزارت صحت کے مطابق دارالحکومت بغداد میں 1,014 افراد، جب کہ المُثنّی صوبے میں 874 مریض رجسٹر ہوئے۔ ترجمان سیف البدَر کے مطابق زیادہ تر مریضوں کو گردوغبار کے باعث سانس کی تکالیف کا سامنا ہوا، تاہم کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی۔
ریسکیو اہلکاروں نے ویل چیئر پر موجود افراد کو سڑک عبور کرانے میں مدد دی، جبکہ شہری ماسک پہن کر سنسان سڑکوں پر چلتے نظر آئے۔ ہوا میں گرد اتنی شدید تھی کہ نظریں بمشکل ایک کلومیٹر سے آگے دیکھ سکتی تھیں۔
ماہرین کے مطابق عراق میں ریت کے طوفان عام ہیں لیکن ماحولیاتی تبدیلی اور صحراؤں کے پھیلاؤ کے باعث ان کی شدت اور تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اقوام متحدہ نے عراق کو ماحولیاتی تبدیلی سے متاثرہ پانچویں سب سے زیادہ کمزور ملک قرار دیا ہے۔
سن 2022 میں بھی ایک شدید طوفان کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور پانچ ہزار سے زائد افراد بیمار ہو گئے تھے۔
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
غزہ میں فضاء سے انسانی امداد گرانا صرف ایک دکھاوا ہے، حماس
میڈیا سے اپنی ایک گفتگو میں اسماعیل الثوابته کا کہنا تھا کہ غزہ میں ہوائی شو بازی کی ضرورت نہیں۔ بلکہ اس خطے کو ایک کھلا انسانی راستہ اور روزانہ کی بنیاد پر باقاعدہ امدادی ٹرکوں کی روانگی درکار ہے۔ اسلام ٹائمز۔ آج غزہ میں سرکاری انفارمیشن آفس کے سربراہ "اسماعیل الثوابته" نے اس پٹی میں ہوائی امداد کی بحالی کی خبروں کی تردید کی اور اسے محض ایک نمایش قرار دیا۔ انہوں نے مغربی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں ہوائی شو بازی کی ضرورت نہیں۔ بلکہ اس خطے کو ایک کھلا انسانی راستہ اور روزانہ کی بنیاد پر باقاعدہ امدادی ٹرکوں کی روانگی درکار ہے۔ اسماعیل الثوابتہ نے اس بات پر زور دیا کہ محصور اور بھوک سے متاثرہ غزہ کے شہریوں کی جان بچانے کا واحد راستہ یہی بنیادی ضرورت پوری کرنا ہے۔ واضح رہے کہ حال ہی میں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں دعویٰ کیا گیا کہ غزہ پر سعودی عرب کی جانب سے ہوائی امداد پہنچائی جا رہی ہے تاہم CNN نے رپورٹ دی کہ یہ ویڈیو گزشتہ سال کی ہے۔ اسماعیل الثوابتہ کا مذکورہ بالا بیان اس وقت سامنے آیا جب چار دن پہلے ایک صیہونی اہلکار نے امریکی چینل فاکس نیوز کو بتایا تھا کہ غزہ کی پٹی میں انسانی ہوائی امداد کی رسائی کے لئے اسرائیل اور مغربی ایشیا کے تین ممالک کے درمیان مذاکرات جاری ہیں۔ اس اہلکار نے دعویٰ کیا کہ ان ممالک میں سے ایک نے اس منصوبے کو آگے بڑھانے کے لیے عملی اقدامات شروع کر دئیے ہیں۔