کراچی؛ کٹی پہاڑی سے 2 بھائیوں اور ان کے بہنوئی پر مشتمل ڈکیت گینگ گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 18th, April 2025 GMT
کراچی:
کٹی پہاڑی کے علاقے سے پولیس نے 2 بھائیوں اور ان کے بہنوئی پر مشتمل ڈکیت گینگ کو گرفتار کرلیا۔
شارع نورجہاں پولیس کے ہاتھوں مقابلے کے بعد زخمی سمیت تینوں ملزمان کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے ، ملزمان قتل ، ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہے۔
بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب نارتھ ناظم آباد بلاک Q مین روڈ کٹی پہاڑی سے مبینہ مقابلے کے بعد زخمی سمیت گرفتار 3 ڈاکوؤں 25 سالہ محمد عثمان ولد محمد اسحاق، خرم حسین ولد شکیل حسین اور محمد عزیز ولد محمد اسحاق نے دوران تفتیش اہم انکشافات کیے ہیں ۔
زخمی حالت میں گرفتار ملزم محمد عثمان اور اور محمد اسحق آپس میں سگے بھائی ہیں ، جب کہ تیسرا گرفتار ملزم خرم حسین دیگر 2 گرفتار ملزمان کا بہنوئی ہے ۔ ملزمان کراچی میں اسٹریٹ کرائم اور موٹرسائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث ہیں۔
ترجمان ایس ایس پی سینٹرل ذیشان شفیق کے مطابق گرفتار ملزمان نے دوران تفتیش ٹنڈوآدم میں قتل کا انکشاف بھی کیا ہے۔ ملزمان کراچی سے رشتے دار کے کہنے پر ایک رشتے دار کو قتل کرنے ٹنڈو آدم گئے تھے۔
ملزمان نے ٹنڈو آدم میں قتل کی واردات کے دوران 47 لاکھ کی رقم لوٹی تھی ۔ رقم لوٹنے کے بعد منہ پر تکیہ رکھ کر گولیاں ماریں ۔
ملزمان کراچی کے علاقے ڈیفنس سے کرایے پر گاڑی حاصل کر کے ٹنڈو آدم گئے تھے۔ ملزمان نے لوٹی گئی رقم حیدر آباد میں چھپائی۔ تینوں ملزمان کراچی میں اسٹریٹ کرائم اور چوری کی متعدد وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے ۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: ملزمان کراچی
پڑھیں:
کراچی، شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس مقابلے، 5 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار
کراچی:شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس نے مبینہ مقابلوں کے دوران چار ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا جبکہ ایک فرار ہونے والے مبینہ ڈاکو کو شہریوں نے پکڑ کر تشدد کے بعد پولیس کے حوالے کر دیا۔
پولیس اور چھیپا حکام کے مطابق اورنگی ٹاؤن تھانے کی حدود میں سیکٹر 8، اللہ والا کالج کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں ایک مبینہ ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔
زخمی ملزم کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی شناخت سبیل کے نام سے ہوئی۔ ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور دیگر سامان بھی برآمد کیا گیا۔
ادھر بوٹ بیسن تھانے کی حدود میں کلفٹن، عبداللہ شاہ غازی مزار پل کے قریب مبینہ مقابلے کے دوران ایک مبینہ ڈاکو پولیس کی فائرنگ سے زخمی ہو گیا، جس کی شناخت مانی کے نام سے ہوئی۔
اسے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ اس دوران فرار ہونے کی کوشش کرنے والے دوسرے مبینہ ملزم کو شہریوں نے پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا بعد ازاں اسے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ زخمی ملزم کی شناخت سکندر کے نام سے کی گئی۔
دوسری جانب شرافی گوٹھ پولیس نے کورنگی سنگر چورنگی کے قریب راڈو بیکری کے علاقے میں مبینہ مقابلے کے بعد ایک مبینہ ڈاکو اویس کو زخمی حالت میں گرفتار کیا۔ ملزم کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ اس کے قبضے سے اسلحہ اور دیگر سامان بھی برآمد ہوا۔
اسی طرح قائدآباد تھانے کی حدود میں لانڈھی شیر پاؤ کالونی، مولیٰ مدد قبرستان کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں ایک اور مبینہ ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔
چھیپا حکام کے مطابق زخمی ملزم کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی شناخت وارث خان کے نام سے ہوئی۔