بھارتی باکسر کو بدترین شکست دینے والےعالمی یوتھ چیمپیئن عثمان وزیر کا کراچی میں شاندار استقبال
اشاعت کی تاریخ: 28th, April 2025 GMT
کراچی:
تھائی لینڈ کے شہربنکاک میں 16 ویں پروفیشنل فائٹ میں بھارتی حریف کو بدترین شکست دے کر ناقابل شکست رہنے والے عالمی یوتھ چیمپئن عثمان وزیر کامیابی حاصل کرنے کے بعد واپس وطن پہنچ گئے اور کراچی ایئرپورٹ پر ان کا شان دار استقبال کیا گیا۔
عالمی یوتھ چیمپیئن عثمان وزیر کی آمد پر کراچی ایئرپورٹ پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا جہاں رکن قومی اسمبلی اسد عالم نیازی، رکن سندھ اسمبلی آصف موسیٰ، چنیسر ٹاؤن کراچی کے چیئرمین فرحان غنی اور دیگر نے پھولوں کا ہار پہنا کر استقبال کیا۔
عثمان وزیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی باکسر کو ہرا کر پاکستان واپس آیاہوں، بہت خوشی ہے کہ ایک بار پھر کامیابی ملی ہے، مداحوں اور چاہنے والوں کی بھرپور سپورٹ اور تعاون کی وجہ سے کامیابی سے ہمکنار ہوا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی قیادت نے بھی کافی سپورٹ کیا اور اب میرا پرتپاک خیر مقدم کیا۔
گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے عثمان وزیر نے کہا کہ میں بھی پاکستانی ہوں اور میرا بھی حق ہے کہ میری حوصلہ افزائی کی جائے، وزیراعظم پاکستان سے درخواست ہے کہ میری بھی حوصلہ افزائی کریں، آرمی چیف ہمارے ملک کا فخر ہیں، ان سے بھی امید ہے کہ ضرور حوصلہ افزائی کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ میرا تعلق گلگت بلتستان سے ہے، میں بھی پاکستان کا بیٹا ہوں، میرے لیے میرا ملک پاکستان سب سے پہلے اور علاقہ بعد میں ہے، ملک کا نام روشن کرنے کے لیےکسی قربانی سے دریغ نہیں کروں گا۔
عثمان وزیر نے کہا کہ ہمارے ہاں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے، لیاری میں ٹیلنٹ بہت ہے، ان تمام باکسرز کو حکومتی توجہ چاہیے تاکہ وہ بھی آگے بڑھ سکیں، اپنے چاہنے والوں کی بدولت بھارت کو شکست دے کر ملک کا نام روشن کیا ہے۔
خیال رہے کہ تھائی لینڈ کے شہربنکاک میں 24 اپریل کو منعقدہ فائٹ میں پروفیشنل باکسر 25 سالہ عثمان وزیر نے بھارت کے ایسوارن ساہیتا دورتھی کو ایک منٹ 25 سیکنڈ میں ہی ناک آؤٹ کردیا تھا۔
عثمان وزیر اب تک اپنے تمام 16 پروفیشنل مقابلے جیت کر ناقابل شکست ہیں، 11 فائٹس میں عثمان وزیر نے ناک آوٹ کی بنیاد پر کامیابیاں حاصل کیں۔
گزشتہ ستمبر میں بنکاک ہی میں عثمان وزیر نے بھارتی باکسر کو پہلے ہی راونڈ میں 65 ویں سکینڈ میں ناک آوٹ کرکے عالمی اعزاز اپنے نام کیا تھا۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: نے کہا کہ
پڑھیں:
کراچی بورڈ؛ انٹر سال اول کے طلبہ کو گریس مارکس دینے کا نوٹیفکیشن جاری
کراچی:حکومت سندھ کے محکمہ یونیورسٹیز اینڈ بورڈز نے انٹر سال اول 2024 کے سالانہ امتحانات دینے والے طلبہ کو 15 اور 20 فیصد گریس مارکس دینے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
محکمہ یونیورسٹیز اینڈ بورڈز سے نوٹیفکیشن صوبائی کابینہ کی جانب سے 15 اپریل کو منعقدہ اجلاس میں دی گئی منظوری کے ضمن میں جاری کیا گیا ہے جس کا اطلاق انٹر سال اول امتحانات 2024 پری میڈیکل اور پری انجینئرنگ فیکیلٹیز پر ہوگا۔
اس حوالے سے اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کی انتظامیہ کو آگاہ کیا گیا ہے۔
محکمہ یونیورسٹیز اینڈ بورڈز کے سیکشن افسر برائے بورڈز شریف الدین کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن میں چیئرمین انٹر بورڈ کراچی سے کہا گیا ہے کہ صوبائی کابینہ نے خصوصی کمیٹی کی جانب سے انٹر سال اول کے طلبہ کو کیمسٹری میں 20 فیصد جبکہ ریاضی اور فزکس میں 15/15 فیصد مارکس دینے کی منظوری دی تھی۔
انہوں نے کہا کہ لہٰذا متعلقہ طلبہ کو گریس مارکس دینے کی صوبائی کابینہ کے اس فیصلہ پر اب مزید کارروائی کی جائے۔
یاد رہے کہ اس وقت انٹر بورڈ کراچی میں کوئی مستقل چیئرمین نہیں ہے اور بورڈ کے چیئرمین کا چارج میٹرک بورڈ کراچی کے چیئرمین کے پاس ہے۔