سینیٹ میں بھارتی دھمکیوں کیخلاف سیاسی جماعتیں متحد
اشاعت کی تاریخ: 29th, April 2025 GMT
اسلام آباد:
پہلگام واقع کے بعد بھارتی دھمکیوں کیخلاف تمام سیاسی جماعتوں کے ارکان سینیٹ متحد ہوگئے، حکومتی و اپوزیشن ارکان کہنا ہے بھارت نے پاکستان پر حملے کی غلطی کی تو اسے ایسا سبق سکھائیں گے کہ رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا ،پوری اقوام پاک فوج کے شانہ بشانہ وطن کے دفاع کیلیے ہردم تیار ہے۔
سینیٹرز کا کہنا ہے پاکستان ایک آزاد ایٹمی ملک ہے،کوئی میلی آنکھ سے دیکھے گا تو اسے جواب ملے گا۔
سینٹ کا اجلاس ڈپٹی چئیرمین سینیٹ سیدال خان ناصر کی صدارت میں ہوا، ایوان بالا میں ایجنڈا معطل کرکے مسلم لیگ ن کے سینیٹ میں پارلیمانی لیڈر سینیٹر عرفان الحق صدیقی کا کہنا تھا کہ بھارت نے امریکی نائب صدر کی آمد کے موقع پرے ڈرامہ رچایا اور یہ تاثر دینے کی کوشش کی کہ حملہ پاکستان نے کیا۔
مزید پڑھیں: سینیٹ اجلاس: پوپ فرانسس کی وفات پر ایک منٹ کی خاموشی
پہلگام واقعہ کے بعد ملک میں سب کا یکجا ہونا انتہائی خوش آئند ہے، ایک شخص کے رویے کے باعث دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت سب سے بڑی قتل گاہ بن گئی، پہلگام ہمارے ایل او سی سے دو سو کلو میٹر دور ہے، کیسے حملہ کیا جا سکتا ہے۔
پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر سینیٹر علی ظفر کا کہنا تھا کہ بھارت پاکستان کا پانی بند کرنا چاہتا ہے اس بڑی دہشتگردی کیا ہوگی ہندوستان کو معلوم ہونا چاہئے کہ ہم ایک نیوکلیٔر طاقت ہیں، مودی اور اسکی انتہا پسند حکومت نے ٹریٹی ختم کرنے کا جو اعلان کیا یہ غیر قانونی ہے۔
اپوزیشن لیڈر شبلی فراز کا کہنا تھا کہ پانی کے مسئلے کو ہم سیاسی بیان بازی کی طرح نہیں لے سکتے یہ ہم پر جنگی اقدام ہوگا، سینیٹر منظور کاکڑ نے کہا آج تمام پارٹیوں کا یکجا ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ ملک کی خاطر ہم سب ایک پیج پر ہیں، تمام پارٹیاں پاکستان کی ترقی اور استحکام کی خاطر ایک ہیں۔
مزید پڑھیں: اعجاز چوہدری کے پروڈکشن آرڈر کا معاملہ؛ عدالت نے سینیٹ اجلاس کی آئندہ تاریخ طلب کرلی
سینیٹر فیصل واؤڈا نے کہا وزیر اعظم کو تمام سیاسی جماعتوں کا اجلاس بلانے کی تجویز دی ، پوری قوم پاک فوج کے پیچھے کھڑی ہے، ہمارا آرمی چیف بہادر اور پُر اعتماد ہے، پھر ہمیں کس چیز کی فکر ہے؟ ۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: کا کہنا
پڑھیں:
مودی پہلگام فالز فلیگ کے ذریعے سیاسی مفادات حاصل کرنا چاہتا ہے ،رانا تنویر حسین
نارنگ منڈی، شرقپور: وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ مودی پہلگام فالز فلیگ کے ذریعے سیاسی مفادات حاصل کرنا چاہتا ہے۔
پنجاب کے علاقے نارنگ منڈی اور شرقپور میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے رانا تنویرحسین کا کہنا تھا کہ جنگی اقدام مودی کے لیے بہت مہنگا ثابت ہوگا، پاکستان ایٹمی قوت ہے، بری نیت سے آنکھ اٹھانے والا مدتوں یاد رکھے گا،امریکہ نےپہلی بار نیوٹرل رہنے کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا جان چکی ہے، پہلگام واقعہ میں پاکستان شامل نہیں، ہم پہلگام واقعہ کی مذمت کرکے غیرجانبدار انکوائری کا مطالبہ کرتے ہیں، پاکستان کی سفارتی پوزیشن بہتر ہے، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار دوست ممالک سے رابطے میں ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ 24 کروڑ عوام افواج اور اداروں کے ساتھ مگر بدقسمتی سے بانی پی ٹی آئی آج بھی دشمن کے ساتھ کھڑا ہے،پاک بھارت کشیدگی قوم اور ملکی سلامتی کا مسئلہ ہے، سیاسی نہیں جس پر بانی کی منتیں کی جائیں۔
رانا تنویر حسین نے کہا کہ انڈیا نے اگر کوئی ایڈوینچر کیا تو ایسا جواب دیا جائے گا کہ انڈیا کا بچہ بچہ یاد رکھے گا، پاکستان اس پوزیشن میں ہے کہ یہ معرکہ کامیاب طریقے سے سر کریں، پاکستان نے ہمیشہ دہشت گردی کی مذمت کی ہے، عالمی دنیا سمجھتی ہے کہ پاکستان اس دہشت گردی میں ملوث نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عالمی دنیا کو علم ہے کہ بھارت پاکستان پر بھونڈا الزام لگا رہا ہے، مودی سرکار ہوش کے ناخن لے اگر کوئی مہم جوئی کی گئی تو ہم اس کا بھرپور جواب دیں گے، انڈیا کے اندر بھی مودی سرکار کے خلاف آواز اٹھ رہی ہے، مودی سرکار ایک پلاننگ کے تحت قانون سازی کرکے اسے مسلمانوں کے خلاف استعمال کرتی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ مودی نے پاکستان پر الزام لگا کر اپنی سیاست کو مضبوط کرنے کی کوشش کی ہے، پاکستان ایٹمی طاقت ہے اور انڈیا کی کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور جواب دے گا،ہماری فوج دنیا کی بہترین فوج ہے ملک کا دفاع کرنا جانتی ہے۔