کوئٹہ، تحریک تحفظ آئین کا اجلاس منعقد، 11 مئی کو ریلی نکالی جائیگی
اشاعت کی تاریخ: 6th, May 2025 GMT
اجلاس میں ڈاکٹر ماہرنگ بلوچ و دیگر کی رہائی، کرم کے مسائل حل کرنیکا مطالبہ اور 11 مئی کو احتجاجی ریلی نکالنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اسلام ٹائمز۔ تحریک تحفظ آئین پاکستان بلوچستان کے اہم اجلاس کا انعقاد صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں پشتونخوا میپ کے دفتر میں ہوا۔ جس کی صدارت بی این پی کے مرکزی رہنماء اختر حسین لانگو نے کی۔ اجلاس میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی، ضلعی جنرل سیکرٹری غلام حسین اخلاقی اور ضلعی رہنماء غلام فرید، بلوچستان نیشنل پارٹی کے رہنماء غلام نبی مری، چیئرمین عبدالواحد بلوچ، پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی جنرل سیکرٹری جہانگیر رند اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے رہنماؤں سمیت دیگر رہنماء شریک ہوئے۔ اس موقع پر بلوچستان میں سیاسی کارکنوں اور خواتین کی گرفتاری، ضلع کرم میں بد امنی کی صورتحال اور دیگر مسائل پر گفتگو ہوئی۔ انہوں نے ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ و دیگر کی رہائی کا مطالبہ کیا اور مرکزی قیادت کے فیصلے کے مطابق 11 مئی کو احتجاجی ریلی نکالنے پر اتفاق کیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے سیاسی کارکنوں اور خواتین کی گرفتاری کو عوام کی آواز دبانے کی مذموم کوشش قرار دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع کرم کے لاکھوں عوام گذشتہ کئی ماہ سے بنیادی ضروریات زندگی سے محروم ہیں، جبکہ پارا چنار کا راستہ عوام کے لئے مکمل طور پر غیر محفوظ ہو چکا ہے جہاں دھشت گردوں کی جانب سے روزانہ نہتے شہریوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ بلوچستان نیشنل پارٹی کے رہنماء اختر حسین لانگو نے ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ سمیت تمام سیاسی کارکنان اور خواتین کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پارٹی کی آواز دبانے کے لیے میڈیا پر ہماری کوریج روکی جا رہی ہے، جو کہ جمہوری اصولوں کے منافی ہے۔ اجلاس کے اختتام پر فیصلہ کیا گیا کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان مرکز کے فیصلے کے مطابق اتوار 11 مئی کو ملک بھر کی طرح بلوچستان میں بھی یوم احتجاج منایا جائے گا۔ کوئٹہ میں میٹروپولیٹن سے عظیم الشان احتجاجی ریلی نکالی جائے گی، جو منان چوک پر جلسہ عام کی صورت اختیار کرے گی۔ جس میں سیاسی و مذہبی کارکنان اور عوام کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: مئی کو
پڑھیں:
ملتان، پاکستان سنی تحریک کے زیراہتمام افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلی
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے رہنمائوں نے کہا کہ بھارت کی اسلام دشمن پالیسیوں کی بھرپور سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، اگر بھارت نے کوئی جارحیت کی تو پوری قوم سیسہ پلائی دیوار بن کر افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہوکر مودی کی اینٹ سے اینٹ بجا دیں گے۔ اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک ملتان کے زیراہتمام سمیجہ آباد میں افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی اور بھارت کی جارحانہ پالیسیوں کے خلاف ایک شاندار اور بھرپور احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا، ریلی میں شریک عوام نے راستے بھر ''افواجِ پاکستان زندہ باد''، ''بھارت مردہ باد''، ''پاکستان کا مطلب کیا: لا الہ الا اللہ محمد رسول اللہ''، اور ''پاکستان بنایا تھا، پاکستان بچائیں گے'' کے فلک شگاف نعرے لگا کر اپنے جذبہ حب الوطنی اور دینی غیرت کا بھرپور اظہار کیا۔ ریلی کی قیادت ممتاز مذہبی، سماجی اور سیاسی شخصیات مرزا محمد ارشد القادری صوبائی ناظم اعلی پاکستان سنی تحریک علامہ حافظ محمد فاروق خان سعیدی صوبائی ناظم اعلی جماعت اہلِ سنت صاحبزادہ پیر مفتی محمد بشیر سیفی نے کی اور دیگر تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔
رہنمائون نے بھارت کی اسلام دشمن پالیسیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اگر بھارت نے کوئی جارحیت کی کوشش کی تو پوری پاکستانی قوم سیسہ پلائی دیوار بن کر مقابلہ کرے گی، پاکستان سنی تحریک کے رہنماوں نے وطن عزیز کے دفاع، استحکام اور نظریاتی سرحدوں کے تحفظ کے لیے اتحاد، نظم و ضبط اور جذبہ قربانی کو وقت کی اہم ترین ضرورت قرار دیا۔ رہنمائوں نے کہاکہ ہم اپنے قائد سربراہ پاکستان سنی تحریک ثروت اعجاز قادری و علامہ بلال سلیم قادری کے حکم سے دشمنانِ اسلام وپاکستان دشمنانِ افواج پاکستان کو ببانگ دہل یہ کہتے ہیں کہ پاکستان کا بچہ، جوان، بوڑھا سب اپنے ملک کے دفاع کے لیے افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، اگر ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو بھارت کی اینٹ سے اینٹ بجا دیں گے۔