پاکستانی مسلح افواج کا دشمن کو بھرپور جواب، پاک فضائیہ نے دو بھارتی طیارے مار گرائے: سیکیورٹی ذرائع
اشاعت کی تاریخ: 7th, May 2025 GMT
پاکستانی سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارتی فضائی حدود کی خلاف ورزی کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے پاک فضائیہ نے دشمن کے دو جنگی طیارے مار گرائے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی فضائیہ کے تمام طیارے محفوظ ہیں اور کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں ہوا۔
سیکیورٹی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ پاکستانی مسلح افواج مکمل چوکس اور متحرک ہیں، اور دشمن کی کسی بھی جارحیت کا بھرپور اور مؤثر جواب دیا جا رہا ہے۔ پاک فضائیہ نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا اور دشمن کی فضائی برتری کو چیلنج کرتے ہوئے فوری کارروائی کی۔
ذرائع کے مطابق، پاکستانی افواج کی طرف سے فضائی، زمینی اور دفاعی سطح پر ہائی الرٹ جاری ہے، جبکہ ملک کی فضائی حدود پہلے ہی 48 گھنٹوں کے لیے بند کر دی گئی ہیں تاکہ کسی بھی غیر متوقع صورتحال کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔
دوسری جانب، عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ افواہوں سے گریز کریں اور صرف مستند ذرائع سے ہی معلومات حاصل کریں۔ دفاعی ادارے ملکی خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کے لیے پوری طرح مستعد ہیں۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
سیکیورٹی فورسز کی مستونگ میں کارروائی کے دوران فتنہ الہندوستان کے 6 دہشت گرد ہلاک
اسلام آباد: سیکیورٹی فورسز نے مستونگ میں کارروائی کے دوران فتنہ الہندوستان کے 6 دہشت گردوں کو ہلاک اور متعدد کو گرفتار کرلیا. گرفتار شدگان میں سہولت کار سمیت مرد اور خواتین خودکش بمبار بھی شامل ہیں۔بلوچستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کامیابی سے جاری ہے. سیکیورٹی فورسز نے کارروائیاں تیز کرتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف گھیرا مزید تنگ کردیا۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں مستونگ کےعلاقہ کھڈ کوچہ میں بروقت کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان کے 6 دہشت گرد وں کو جہنم واصل کر دیا۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی سیکیورٹی فورسز کی اس کارروائی کے دوران متعدد دہشت گردوں کو گرفتار بھی کر لیا گیا. گرفتار دہشت گردوں میں سہولت کار سمیت مرد اور خواتین خودکش بمبار بھی شامل ہیں۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی مؤثر کاروائی میں دہشت گردوں کی متعدد کمین گاہیں مکمل طور پر تباہ کر دی گئیں. کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا۔آپریشن کے دوران علاقے میں سرچ اور کلیئرنس کارروائیاں جاری ہیں، سیکیورٹی فورسز کی جانب سے مکمل نگرانی برقرار ہے. حالیہ دنوں میں مستونگ کےعلاقہ کھڈ کوچہ میں دہشتگردوں کی مذموم کاروائیوں کے بعد سیکیورٹی فورسز کی جانب سے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن تیز کر دیے گئے ہیں۔