وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی خلیجی دورہ مختصر کرکے وطن واپس پہنچ گئے
اشاعت کی تاریخ: 7th, May 2025 GMT
اسلام آباد:
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی خلیجی ممالک کا دورہ مختصر کرکے وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔
وہ آج اسلام آباد میں ہونے والے نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کے اہم اجلاس میں شرکت کریں گے۔
محسن نقوی نے بھارت کی جانب سے شہری آبادی کو نشانہ بنانے کے اقدام کی شدید مذمت کی ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ بزدل دشمن نے ہمیشہ کی طرح اس بار بھی رات کی تاریکی میں وار کیا، جس میں معصوم شہری شہید ہوئے۔
وزیر داخلہ نے شہریوں کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے بھارت کی کھلی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اپنے شہریوں کے تحفظ اور ملکی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
قطری ہم منصب سے ملاقات، ہمیشہ جارحیت کی پالیسی کو مسترد کیا: محسن نقوی
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) فاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی قطر کی وزارت داخلہ آمد، وزیرداخلہ محسن نقوی کی قطر کے وزیر داخلہ خلفیہ بن حماد بن خلفیہ الثانی سے اہم ملاقات۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیرداخلہ محسن نقوی نے علاقائی صورتحال پر قطر کے وزیر داخلہ کو بریف کرتے ہوئے پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں اپنے قطری ہم منصب کو پاکستان کے اصولی موقف سے آگاہ کیا انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ جارحیت کی پالیسی کو مسترد کیا ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان پر بے بنیاد اور غیر منطقی الزام لگانا دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہماری عظیم قربانیوں کو نظر انداز کرنے کے مترادف ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ منشیات کی روک تھام کیلئے قطر کے ساتھ باہمی رابطے مزید مستحکم کریں گے۔ ملاقات میں پولیس و قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران کے لیے ٹریننگ کے ایکسچینج پروگرام پر بھی اتفاق کیا گیا۔ قطر کے وزیر مملکت داخلہ شیخ عبدالعزیز بن فیصل بن محمد الثانی۔ قطر میں پاکستان کے سفیر محمد عامر اور قطری وزارت داخلہ کے اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔