پاک بھارت کشیدہ صورتحال کا بغور جائزہ لے رہے ہیں، امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو
اشاعت کی تاریخ: 7th, May 2025 GMT
واشنگٹن:امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ وہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدہ صورتحال کا بغور جائزہ لے رہے ہیں۔
اپنے حالیہ بیان میں انہوں نے واضح کیا کہ وہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس مؤقف سے متفق ہیں کہ دونوں ممالک کو بات چیت اور رابطے کے ذریعے امن کا راستہ اختیار کرنا چاہیے۔
مارکو روبیو نے امید ظاہر کی کہ یہ کشیدگی جلد ختم ہو جائے گی اور خطے میں استحکام قائم رہے گا۔ ان کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں آیا ہے جب دونوں ممالک کے درمیان صورتحال دن بہ دن سنگین ہوتی جا رہی ہے۔
دوسری جانب، بھارت نے بلااشتعال پاکستان کے مختلف علاقوں پر حملے کیے، جن میں ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق چھ مقامات پر 24 حملے کیے گئے۔ ان بزدلانہ حملوں میں 8 پاکستانی شہری شہید اور 35 زخمی ہوئے، جب کہ 2 افراد لاپتہ ہیں۔
تاہم، پاکستان نے ان حملوں کا فوری اور زبردست جواب دیا۔ پاکستانی فضائیہ نے بھرپور کارروائی کرتے ہوئے بھارت کے 5 جنگی طیارے مار گرائے اور ایک بھارتی بریگیڈ ہیڈکوارٹر کو مکمل طور پر تباہ کر دیا، جس سے دشمن کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
جنرل عاصم منیر کی ایرانی وزیر خارجہ سے ملاقات، جیو اسٹریٹجک صورتحال اور مشترکہ چیلنجز پر تبادلہ خیال
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا کہ آرمی چیف نے اعادہ کیا کہ پاکستان اور ایران برادرانہ پڑوسی ہیں اور مشترکہ تاریخ، ثقافت اور مذہب کے گہرے رشتوں سے جڑے ہوئے ہیں۔ اسلام ٹائمز۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ایرانی وزیر خارجہ نے ملاقات کی ہے، جس میں جیو اسٹریٹجک صورتحال اور درپیش چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے آج جنرل ہیڈکوارٹر (جی ایچ کیو) میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس میں جیو اسٹریٹجک ماحول پر تعمیری بات چیت کی گئی اور بالخصوص سیکیورٹی کے شعبے میں دونوں ممالک کو درپیش چیلنجوں پر توجہ مرکوز کی گئی۔
ملاقات میں دوطرفہ کوششوں کے حصے کے طور پر پاک ایران بارڈر سیکیورٹی میکنزم کا بھی جائزہ لیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا کہ چیف آف آرمی اسٹاف نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور ایران برادرانہ پڑوسی ہیں اور مشترکہ تاریخ، ثقافت اور مذہب کے گہرے رشتوں سے جڑے ہوئے ہیں، خطے سے متعلق مسائل میں مثبت پیش رفت کے لیے مشترکہ طور پر کام کرتے ہوئے باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیاہوا۔ ایرانی وزیر خارجہ نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کا اعتراف اور تعریف کی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی وزیر خارجہ سے ملاقات کے دوران خطے میں امن اور خوشحالی کے فروغ کیلئے مل کر کام کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت کے جارحانہ اقدامات سے علاقائی امن و استحکام کو خطرہ ہے۔ ایوانِ صدر سے جاری بیان کے مطابق صدر پاکستان نے ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی سے ملاقات کی تھی، جس میں دو طرفہ اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی تھی۔
ملاقات میں علاقائی سلامتی کی صورتحال بالخصوص پہلگام واقعہ کے بعد بھارت اور پاکستان کے مابین جاری کشیدگی پر تبادلہ خیال ہوا تھا۔ ادھر، وزیراعظم آفس سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی تھی۔ شہباز شریف نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای اور صدر مسعود پیزشکیان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان ایران کے ساتھ اپنے تاریخی، گہرے برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔