میٹا نے بھارتی حکم پر 6.7 ملین فالوورز والا مسلم انسٹاگرام اکاؤنٹ بلاک کردیا
اشاعت کی تاریخ: 9th, May 2025 GMT
واشنگٹن/نئی دہلی: بھارت اور پاکستان کے درمیان دو دہائیوں کی بدترین کشیدگی کے دوران، سوشل میڈیا کمپنی میٹا نے بھارت میں معروف مسلم نیوز پیج "@Muslim" کا انسٹاگرام اکاؤنٹ بلاک کر دیا، جس کے 6.7 ملین فالوورز ہیں۔
اکاؤنٹ کے بانی اور چیف ایڈیٹر، امیر الخطاطبہ نے اس اقدام کو "سینسرشپ" قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت کی قانونی درخواست پر اکاؤنٹ کی رسائی محدود کی گئی۔
بھارتی صارفین کو انسٹاگرام پر یہ پیغام موصول ہو رہا ہے"اکاؤنٹ بھارت میں دستیاب نہیں ہے کیونکہ ہم نے مقامی قانون کے تحت اسے محدود کیا ہے۔"
میٹا نے اس معاملے پر کوئی باضابطہ تبصرہ نہیں کیا، تاہم اس کے ترجمان نے صرف اتنا کہا کہ کمپنی دنیا بھر میں مقامی قوانین کے تحت بعض مواد کو محدود کرتی ہے۔
یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان، کرکٹرز بابراعظم، محمد رضوان، اور فنکاروں فواد خان و عاطف اسلم سمیت کئی معروف پاکستانی شخصیات کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بھارت میں بلاک کیے جا چکے ہیں۔
امیر الخطاطبہ نے اپنے بھارتی فالورز سے معذرت کرتے ہوئے کہا، "جب حکومتیں اور پلیٹ فارمز میڈیا کو خاموش کروانے کی کوشش کرتے ہیں، تو ہمیں یقین ہو جاتا ہے کہ ہم اپنا کام صحیح کر رہے ہیں۔ ہم انصاف اور سچ کے لیے آواز بلند کرتے رہیں گے۔"
.
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کیا آپ بھی سوشل میڈیا پر بغیر تصدیق کے پوسٹ شیئر کرتے ہیں؟ امام کعبہ نے خبردار کر دیا
مکہ مکرمہ: مسجد الحرام کے امام و خطیب شیخ یاسر الدوسری نے اپنے خطبہ جمعہ میں سوشل میڈیا کے غلط استعمال پر شدید تنبیہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلمان کسی بھی خبر کو شیئر کرنے سے قبل اس کی تصدیق کریں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ جھوٹے یا خریدے گئے اکاؤنٹس کے ذریعے جعلی فتوے اور من گھڑت بیانات معاشرے میں فساد اور علما کی بدنامی کا سبب بن رہے ہیں۔
شیخ الدوسری نے کہا کہ سوشل میڈیا پر شائع یا شیئر کی گئی ہر بات کا جواب روز قیامت اللہ کے حضور دینا ہوگا۔ انہوں نے ایسے اکاؤنٹس کو خطرناک قرار دیا جو دانستہ طور پر جھوٹ پھیلا کر معاشرتی انتشار پیدا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسمارٹ فونز کا غلط استعمال اب لوگوں کو قریب لانے کے بجائے تنہائی، حسد اور ناشکری کو فروغ دے رہا ہے۔ سوشل میڈیا جعلی زندگیوں اور بے جا تقابل کا ذریعہ بن چکا ہے، جو روحانی و معاشرتی بیماریوں کو جنم دے رہا ہے۔
امام کعبہ نے جعلی فتوے اور علما کے خلاف جھوٹے پروپیگنڈے کو اسلام دشمن مہم کا حصہ قرار دیا اور مسلمانوں کو محتاط رہنے کی تلقین کی۔