سانحہ چکرا گوٹھ کیس: رئیس مما سمیت 13 ملزمان کیخلاف مقدمات کا فیصلہ ایک بار پھر مؤخر
اشاعت کی تاریخ: 24th, May 2025 GMT
انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے سانحہ چکرا گوٹھ پولیس وین حملہ اور پولیس اہلکاروں کے قتل کیس کا فیصلہ ایک بار پھرمؤخر کردیا، 26 مئی کو مقدمے کا فیصلہ سنانے جانے کا امکان ہے۔
کراچی سینٹرل جیل انسداد دہشتگردی کمپلیکس میں خصوصی عدالت کے روبرو سانحہ چکرا گوٹھ پولیس وین حملہ اور پولیس اہلکاروں کے قتل کیس کی سماعت ہوئی۔
ایم کیو ایم لندن کے رئیس مما اور دیگر 13 ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔ 13 سال پرانے مقدمہ کا فیصلہ ایک بار پھرمؤخر کردیا گیا۔
26 مئی کو مقدمے کا فیصلہ سنانے جانے کا امکان ہے۔ وکیل صفائی عابد زمان ایڈوکیٹ نے موقف اپنایا تھا کہ ملزمان کیخلاف ٹھوس شواہد نہیں ہیں۔
بیریسٹر سارہ عاصم خان نے موقف اپنایا تھا کہ ملزم رئیس مما کو دوران سماعت کسی نے شناخت نہیں کیا، ملزمان کو مقدمہ سے بری کیا جائے۔
پولیس کے مطابق ملزم رئیس مما نے 2011 میں اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ چکرا گوٹھ میں پولیس وین پر حملہ کیا، فائرنگ سے ریزرو پولیس کے 3 اہلکار جاں بحق اور اہلکار سمیت 27 افراد زخمی ہوئےتھے۔
مقدمہ میں رئیس مما، عمران لمبا سمیت 13 ملزم گرفتار ہیں۔ ملزمان کیخلاف 2011 میں زمان ٹاؤن پولیس نے مقدمہ درج کیاتھا۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: کا فیصلہ
پڑھیں:
کراچی؛ ڈکیتوں کی فائرنگ سے اسکول سے گھر جاتے بچے سمیت 2 افراد زخمی
کراچی:شہر قائد میں میں ڈکیت بے لگام ہوتے جار ہے ہیں، جس کے نتیجے میں راہ چلتے شہری یہاں تک کے بچے بھی محفوظ نہیں رہے۔
پولیس کے مطابق اورنگی ٹاؤن میں ڈکیتی کی واردات کے دوران فائرنگ سے اسکول سے گھر لوٹنے والے راہگیر بچے سمیت2 شہری زخمی ہوگئے جب کہ مسلح ملزمان موقع پر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
مومن آباد تھانے کے علاقے اورنگی ٹاؤن نمبر 10 فرنیچرمارکیٹ کے قریب ڈکیتی کی واردات کےدوران مزاحمت پر ملزمان کی فائرنگ سے راہ گیر بچے سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے جنہیں فوری طورپرعباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔
فائرنگ سے زخمی ہونے والوں کی شناخت 12 سالہ عبدالوہاب ولد عاقب اور 52سالہ عبدالرشید ولد عبدالرزاق کے نام سے کی گئی۔
فائرنگ کے واقعے کی اطلاع پر پولیس بھی موقع پرپہنچ گئی۔ ایس ایچ او مومن آباد نے بتایا کہ موٹر سائیکل سوار2 مسلح ملزمان ایک دوسرے موٹر سائیکل سوار شہری سے لوٹ مار کرنے کی کوشش کر رہے تھے کہ کچھ فاصلے پرپکٹ پر موجود پولیس اہلکاروں نے واردات ہوتا دیکھ کر للکارا تو ڈاکوؤں نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں ایک راہ گیر شہری عبدالرشید اور اسکول سے واپس لوٹنے والا طالبعلم12 سالہ عبدالوہاب زخمی ہوئے جبکہ مسلح ڈاکو موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
انہوں نے بتایاکہ پولیس جائے وقوع کے ارد گرد لگے کیمروں کی فوٹیجز حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ مسلح ملزمان کا سراغ لگا کرانہیں گرفتارکیا جا سکے۔
دریں اثنا سہراب گوٹھ کے علاقے ایوب گوٹھ گھر میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے خاتون زخمی ہو گئی، جسے فوری طورپرعباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کی شناخت زکیہ زوجہ مصطفیٰ کے نام سے کی گئی ۔