اوکاڑہ میں ٹریلر کی ٹکر سے باپ، بیٹی اور دو بیٹے جاں بحق
اشاعت کی تاریخ: 24th, May 2025 GMT
اوکاڑہ میں ٹریلر نے موٹرسائیکل سواروں کو کچل دیا نتیجے میں باپ، بیٹی اور دو بیٹے جاں بحق ہوگئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پنجاب کے ضلع اوکاڑہ میں تیز زفتار ٹریلر نے موٹر سائیکل سواروں کو کچل دیا، یہ خوفناک حادثہ جی ٹی روڈ پر پنجاب کالج کے سامنے اس وقت پیش آیا جب والد بچوں کو اسکول چھوڑنے جارہے تھے۔
حادثے کے بعد ریسکیو ٹیمیں اور پولیس موقع پر پہنچ گئیں اور لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد میں محمد ندیم اور ان کے تین بچے 10 سالہ آریان، 8 سالہ ایان اور 6 سالہ عائزہ شامل ہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق حادثہ ٹریلر ڈرائیور کی تیز رفتاری، غفلت اور کوتاہی کے باعث پیش آیا، حادثے کے بعد ٹریلر ڈرائیور فرار ہوگیا جبکہ پولیس نے ٹریلر کو تحویل میں لے لیا۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی، شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس مقابلے، 5 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار
کراچی:شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس نے مبینہ مقابلوں کے دوران چار ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا جبکہ ایک فرار ہونے والے مبینہ ڈاکو کو شہریوں نے پکڑ کر تشدد کے بعد پولیس کے حوالے کر دیا۔
پولیس اور چھیپا حکام کے مطابق اورنگی ٹاؤن تھانے کی حدود میں سیکٹر 8، اللہ والا کالج کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں ایک مبینہ ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔
زخمی ملزم کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی شناخت سبیل کے نام سے ہوئی۔ ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور دیگر سامان بھی برآمد کیا گیا۔
ادھر بوٹ بیسن تھانے کی حدود میں کلفٹن، عبداللہ شاہ غازی مزار پل کے قریب مبینہ مقابلے کے دوران ایک مبینہ ڈاکو پولیس کی فائرنگ سے زخمی ہو گیا، جس کی شناخت مانی کے نام سے ہوئی۔
اسے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ اس دوران فرار ہونے کی کوشش کرنے والے دوسرے مبینہ ملزم کو شہریوں نے پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا بعد ازاں اسے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ زخمی ملزم کی شناخت سکندر کے نام سے کی گئی۔
دوسری جانب شرافی گوٹھ پولیس نے کورنگی سنگر چورنگی کے قریب راڈو بیکری کے علاقے میں مبینہ مقابلے کے بعد ایک مبینہ ڈاکو اویس کو زخمی حالت میں گرفتار کیا۔ ملزم کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ اس کے قبضے سے اسلحہ اور دیگر سامان بھی برآمد ہوا۔
اسی طرح قائدآباد تھانے کی حدود میں لانڈھی شیر پاؤ کالونی، مولیٰ مدد قبرستان کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں ایک اور مبینہ ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔
چھیپا حکام کے مطابق زخمی ملزم کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی شناخت وارث خان کے نام سے ہوئی۔