پنجاب میں طوفان اور بارش سے تباہی، حادثات میں 7 شہری جاں بحق اور 41 زخمی
اشاعت کی تاریخ: 24th, May 2025 GMT
لاہور:
پنجاب بھر میں ہونے والی طوفانی بارشوں کے نتیجے میں 7 شہری جاں بحق جبکہ 41 زخمی ہوئے ہیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے ہفتے کے روز صوبہ بھر میں طوفان کے باعث نقصانات بارے ابتدائی رپورٹ جاری کردی۔
رپورٹ کے مطابق آندھی و طوفان کے باعث پیش آنے والے حادثات میں7 شہری جاں بحق اور 41 زخمی ہوئے۔ راولپنڈی میں 1، جہلم میں 3، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، اور سیالکوٹ میں 1، 1 شہری جانبحق ہوا۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ اموات بوسیدہ مکانات کے گرنے اور غیر محفوظ مقامات پر ہونے کے باعث ہوئیں۔ طوفان کے باعث متعدد کچے اور بوسیدہ مکانات کو بھی نقصان پہنچا۔
دوسری جانب ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید کی زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے صوبے بھر کے کمشنرز،ڈپٹی کمشنرز اور ریسکیو اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی۔
انہوں نے ہدایت کی کہ ریسکیو 1122 سمیت دیگر ریسکیو ادارے مشینری سمیت عملے کو الرٹ رکھیں، حکومت پنجاب کی پالیسی کے مطابق متاثرہ خاندانوں کو مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ صوبائی کنٹرول روم سمیت تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹرز کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں صورتحال کی مانیٹرنگ 24/7 جاری ہے۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ خراب موسم کے باعث غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور گھروں یا محفوظ مقامات پر رہنے کو ترجیح دیں جبکہ بجلی کے کھمبوں اور لٹکتی تاروں سے دور رہیں۔
انہوں نے کہا کہ آسمانی بجلی سے بچاؤ کیلئے محفوظ مقامات پر رہیں۔ بجلی کی گرج چمک اور طوفانی صورتحال میں کھلے آسمان تلے ہرگز نہ جائیں۔ بچوں کا خاص خیال رکھیں انہیں بوسیدہ عمارتوں کے قریب ہرگز نہ جانے دی۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ایمرجنسی کی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کریں۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: پی ڈی ایم اے کے باعث
پڑھیں:
محکمہ موسمیات کی کل سے پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی
لاہور:محکمہ موسمیات نے پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی کردی۔ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق 4 سے 5 نومبر کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں ہلکی بارش کا امکان ہے. جس کے باعث درجہ حرارت میں واضح طور پر کمی واقع ہوگی۔پی ڈی ایم اے کے مطابق لاہور، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، تلہ گنگ، جہلم، سرگودھا، خوشاب، گجرانوالہ، سیالکوٹ اور نارووال میں بارشوں کا امکان ہے۔ مری، گلیات سمیت دیگر پہاڑی علاقوں میں برف باری متوقع ہے۔ممکنہ بارشوں سے اسموگ میں کمی کے امکانات ہیں.شہری اسموگ سے بچاؤ کیلئے ماسک کا استعمال کریں اور غیر ضروری باہر نہ نکلیں، پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں صورتحال کی مانیٹرنگ 24/7 جاری ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے کہ شہری خراب موسم کی صورتحال میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں. دوران سفر فوگ لائٹس کا استعمال کریں۔انہوں نے کہا کہ ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔ کسان اپنی سرگرمیوں کو موسم کی صورتحال کے مطابق ترتیب دیں۔