مذمت اپنی جگہ دھندہ اپنی جگہ
اشاعت کی تاریخ: 27th, May 2025 GMT
یورپی ممالک غزہ کی لاش پر ’’ غم زدہ‘‘ بھی ہیں اور اشک بار آنکھوں کے ساتھ اسرائیل کے ہاتھ میں لہراتے ’’ ساختہِ مغرب‘‘ خنجر کی دھار تیز کرنے کی مشین بھی کاندھے پر اٹھائے ساتھ ساتھ چل رہے ہیں۔
جب سے روس نے یوکرین پر فوج کشی کی کوئی مغربی ملک روس سے کاروبار نہیں کر رہا۔نسل کشی کے الزام میں انٹرنیشنل کرائم کورٹ کے وارنٹ نکلنے کے بعد یورپی یونین نے بھی ولادی میر پوتن پر سفری پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔
مگر اسرائیل کے بارے میں پابندیوں کا مطالبہ چھوڑ ایسے امکانات کے بارے میں سوالات اٹھانا بھی قابلِ تعزیر ’’ یہود دشمنی ‘‘ کے دائرے میں آتا ہے۔ گزشتہ ہفتے برطانیہ ، فرانس اور کینیڈا نے بس اتنا ہی کہا تھا کہ ہم اسرائیل کے خلاف ’’ سخت‘‘ اقدامات پر سنجیدگی سے غور کر رہے ہیں کہ نیتن یاہو نے ان تینوں ممالک پر حماس نوازی اور یہود دشمنی کا فتوی داغ دیا۔ مغرب اسرائیل کی گالی کو محبوب کی گالی سمجھ کے کبھی بے مزہ نہیں ہوتا اور فلسطینی بھنوئیں بھی چڑھائیں تو قابلِ مذمت ہے۔
ٹسوے ، مذمت ، افسردگی اپنی جگہ دھندہ اپنی جگہ۔گزشتہ برس اسرائیل نے دنیا سے لگ بھگ ایک سو تریپن ارب ڈالر کی تجارت کی۔اس عرصے میں امریکا نے اسرائیل سے سترہ ارب ڈالر سے زائد کا سامان خریدا۔دوسرے نمبر پر چین اور ہانک کانگ نے مجموعی طور پر چھ ارب ڈالر کی اسرائیلی مصنوعات خریدیں۔ تیسرے نمبر پر آئرلینڈ نے تقریباً تین ارب ڈالر سے زائد کی مصنوعات منگوائیں۔( ویسے آئر لینڈ دو ریاستی حل کے پرجوش حامیوں میں شامل ہے )۔
اسرائیل کی برآمدی مصنوعات میں ہیرے ، ہائی ٹیک الیکٹرونکس بشمول انٹیگریٹڈ سرکٹس ، آپٹیکل اور ٹیلی کمیونکیشن آلات ، کیمیکل مصنوعات، بھاری مشینری بشمول زرعی و طبی آلات و ادویات شامل ہیں۔ (اسرائیل کی ٹیووو فارماسوٹیکل دس بڑی عالمی دوا ساز کمپنیوں میں شامل ہے )۔
اسرائیل ہیروں کی تجارت کا بھی کلیدی بین الاقوامی مرکز ہے (خام ہیرے افریقہ سمیت متعدد خطوں سے درآمد کر کے ان کی تراش خراش اور تجارت کی جاتی ہے )۔
یوں سمجھیے کہ گزشتہ برس اسرائیل نے ایک سو سترہ ممالک کو اپنا مال فروخت کیا۔ان ممالک میں امریکا ، چین اور آئرلینڈ کے بعد علی الترتیب ہالینڈ ، جرمنی ، بھارت ، برطانیہ ، بلجئیم ، فرانس ، اٹلی ، برازیل، اسپین ، جنوبی کوریا اور جاپان بھی شامل ہیں۔
جب کہ اسرائیل نے جن ممالک سے سال انیس سو چوبیس میں تقریباً بانوے ارب ڈالر کی مصنوعات خریدیں اس فہرست میں چین ( انیس ارب ڈالر) ، امریکا ( ساڑھے نو ارب ڈالر ) ، جرمنی ( ساڑھے پانچ ارب ڈالر ) سمیت ایک سو بانوے ممالک شامل ہیں۔ چین نے زیادہ تر الیکٹرونک گاڑیاں ، کمپیوٹر ، موبائل فون اور دھاتیں فروخت کیں۔جب کہ امریکا نے گولہ بارود ، خام ہیرے ، الیکٹرونکس اور کیمیکل مصنوعات فروخت کیں (اربوں ڈالر کے سامان حرب کی امداد و فروخت کی تفصیلات الگ ہیں )۔
جرمنی سے اسرائیل نے گزشتہ برس فوجی سامان کے علاوہ گاڑیاں، الیکٹرونکس، مشینری، ادویاتی مصنوعات خریدیں۔ترکی سالِ گزشتہ اسرائیل کو اشیا فروخت کرنے والے ممالک کی فہرست میں پانچویں ، روس چھٹے ، فرانس ساتویں ، جنوبی کوریا آٹھویں، بھارت نویں ، اسپین دسویں ، برطانیہ گیارہویں ، جاپان بارہویں ، ہالینڈ تیرہویں ، ویتنام چودھویں اور سوئٹزرز لینڈ پندرھویں نمبر پر رہا۔
سال دو ہزار چوبیس میں اسرائیل نے باقی دنیا کو باسٹھ ارب ڈالر مالیت کی جو اشیا اور مصنوعات فروخت کیں ان میں اٹھارہ ارب ڈالر کی الیکٹریکل مشینری ، الیکٹرونکس ، مکینیکل آلات ، دس ارب ڈالر کی کیمیکل اور فارماسوٹیکل مصنوعات ، نو ارب ڈالر کے قیمتی جواہرات و زیورات ، سات ارب ڈالر کے آپٹیکل ، ٹیکنیکل اور طبی آلات اور پانچ ارب ڈالر کی معدنیات شامل ہیں۔
اسلحے کی عالمی تجارت میں دو ہزار بیس تا چوبیس اسرائیل کا حصہ تین اعشاریہ ایک فیصد رہا۔ یعنی وہ اسلحہ فروخت کرنے والے ممالک کی فہرست میں علی اترتیب امریکا ، فرانس ، روس ، چین ، جرمنی ، اٹلی اور برطانیہ کے بعد آٹھویں نمبر پر ہے۔
یہ ترقی یوں حیرت انگیز ہے کہ دو ہزار نو تا تیرہ کے پانچ برس میں اسرائیل اسلحہ فروخت کرنے والے ممالک کی فہرست میں سینتالیسویں نمبر پر تھا۔ ( گزشتہ چار برس میں بھارت نے ساختہ اسرائیل چونتیس فیصد، امریکا نے تیرہ فیصد اور فلپینز نے آٹھ فیصد اسلحہ خریدا)۔
جب کہ اسرائیل دو ہزار انیس سے تئیس کے درمیان اسلحہ خریدنے والے ممالک کی فہرست میں پندھرویں نمبر پر رہا۔امریکا اسرائیل کی انسٹھ فیصد اسلحہ جاتی ضروریات پوری کرتا ہے۔ جرمنی تیس فیصد اسلحہ فراہم کرتا ہے۔اس کے بعد اٹلی ، فرانس ، برطانیہ اور اسپین لگ بھگ ایک فیصد دفاعی آلات و فاضل پرزے فراہم کرتے ہیں ( اسپین نے گزشتہ برس اسلحہ کی فروخت معطل کردی مگر یہ فروخت ویسے بھی آٹے میں نمک کے برابر تھی )۔
لبِ لباب ان گذارشات کا یہ ہے کہ اس دنیا میں اسرائیلی نسل کشی کے خلاف شور محض عوامی سطح پر جلسے جلوسوں اور سوشل میڈیا کے ذریعے ہو رہا ہے۔ جب کہ ریاستیں محض خانہ پری کی حد تک لب ہلا رہی ہیں۔ اسرائیل سے اقتصادی تعلقات میں کوئی بنیادی تبدیلی نہیں آئی اور نہ ہی اسرائیل کو گزشتہ ڈھائی برس میں کسی شے کی قلت محسوس ہونے دی گئی۔حتی کہ درآمد و برآمد کا نقشہ بھی غزہ کی نسل کشی سے پہلے کے نقشے سے کہیں بہتر دکھائی دے رہا ہے۔
عام آدمی کا زور بس اتنا چل رہا ہے کہ وہ کسی ایسی فوڈ چین کے شیشے توڑ دے جس کے بارے میں بتایا جائے کہ اس کے ڈانڈے کسی اسرائیلی کمپنی یا سرمایہ کار سے ملتے ہیں۔ اصل بائیکاٹ تو ان ممالک کا ہونا چاہیے جو اسرائیل کو مسلسل اسلحہ اور اقتصادی امداد دے رہے ہیں۔مگر موجودہ عالمی بے حسی کے ماحول میں کوئی بھی ایسا ویسا مطالبہ دیوانے کی بڑ اور پاگل کے خواب جیسا ہے۔
(وسعت اللہ خان کے دیگر کالم اور مضامین پڑھنے کے لیے bbcurdu.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: ارب ڈالر کی اسرائیل کی اسرائیل نے گزشتہ برس اپنی جگہ شامل ہیں فروخت کی کے بعد
پڑھیں:
دنیا بھر میں غیر قانونی طور پر مقیم بھارتی شہری مختلف ممالک کیلیے وبال جان بن گئے
امریکا میں آپریشن چیک میٹ(Operation Checkmate) کے تحت غیر قانونی طور پر مقیم بھارتی شہری سخت کریک ڈاؤن کی لپیٹ میں ہیں۔
دنیا بھر میں غیر قانونی طور پر مقیم بھارتی شہری مختلف ممالک کے لیے وبال جان بن چکے ہیں، جس کے نتیجے میں امریکا نے وفاقی امیگریشن نافذ کرنے کی مہم ’آپریشن چیک میٹ‘ کے تحت سخت کریک ڈاؤن کا آغاز کردیا ہے۔
امریکی کسٹمز اینڈ بارڈر پروٹیکشن کے مطابق آپریشن چیک میٹ کے تحت گرفتار کیے گئے 36 ٹرک ڈرائیوروں میں سے کم از کم 30 بھارتی شہری تھے۔
خود بھارتی جریدے ٹائمز آف انڈیا کے مطابق امریکی حکام کا کہنا ہے کہ متعدد افراد کے پاس درست ڈرائیونگ لائسنس تک موجود نہیں تھے ۔ تمام افراد کیخلاف امریکی قانون کے تحت کارروائی کر کے امریکا سے نکالنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔
یوما سیکٹر کے قائم مقام چیف پٹرول ایجنٹ ڈسٹن کاڈل نے کہا ہے کہ غیر قانونی طور پر موجود بھارتی ڈرائیورعوامی سلامتی کے لیے سنگین خطرات کا باعث بن سکتے ہیں ۔
مزیدپڑھیں:مودی کی ناکام پالیسیاں؛ بھارتی نوجوانوں کی تحریک بے قابو ہونے کا اندیشہ
سعودی عرب، کینیڈا اور امریکا سمیت بیشتر ممالک جعلی دستاویزات اورفراڈ سمیت متعدد وجوہات کی بنیاد پر بڑی تعداد میں بھارتی شہریوں کو ملک بدر کر چکے ہیں ۔ بھارتی حکام کے اعداد و شمار کے مطابق2021 سے 2025 کے دوران 52 مختلف ممالک سے 171,150 بھارتی شہریوں کو ملک بدر کیا گیا ہے۔
عالمی ماہرین کے مطابق مودی کے نام نہاد شائننگ انڈیا کے دعووں کے باوجود بھارتی شہریوں نےغیر قانونی طور پر ملک سے بھاگ کر بھارت کا پول کھول دیا ہے۔ مختلف ممالک میں ریاست مخالف سرگرمیوں اور سنگین جرائم میں ملوث بھارتی تارکین عوامی سلامتی کے لیے خطرہ بن چکے ہیں۔