پُر اسرار اموات سے متعلق فلم کی نمائش کے دوران سنیما گھر کی چھت گِر گئی
اشاعت کی تاریخ: 27th, May 2025 GMT
ارجنٹینا کے ایک سینما ہال میں حال ہی میں ریلیز ہونے والی ہالی ووڈ فلم ’فائنل ڈیسٹینیشن: بلڈ لائنز‘ کی نمائش کے دوران ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب فلم کے ختم ہونے سے کچھ دیر قبل سنیما کی چھت کا ایک حصہ گِر گیا۔ اس حادثے کے باعث ایک خاتون شدید زخمی ہوگئیں جبکہ ہال کو بھی نقصان ہوا۔
فیاما نامی زخمی خاتون نے بتایا کہ وہ فلم دیکھنے میں مگن تھیں کہ ایک زوردار آواز آئی جسے وہ فلم کا حصہ سمجھ بیٹھیں، لیکن فوراً ہی چھت کا ایک بڑا ٹکڑا ان کے گھٹنے پر آ گرا، انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں معلوم ہوا کہ ان کے گھٹنے پر شدید چوٹ آئی ہے۔
فیاما نے بتایا کہ اگر وہ تھوڑا سا آگے نہ جھکی ہوتیں تو وہ پینل ان کے سر پر گر سکتا تھا، جس کے نتائج سنگین ہو سکتے تھے۔ انہوں نے سینما انتظامیہ پر غفلت کا الزام عائد کرتے ہوئے شکایت درج کرانے کا اعلان کیا۔ انہوں نے انتظامیہ سے سوال کیا کہ اگر یہ چھت کر ٹکڑا ان کے ساتھ بیٹھی ان کی بیٹی پر آ گِرتا تو اس کا ذمہ دار کون ہوتا؟
یہاں یہ بات حیرت انگیز اور قابلِ غور ہے کہ یہ واقعہ ایک ایسی فلم کے دوران پیش آیا جو غیر متوقع حادثات اور خطرناک اموات پر مبنی کہانیوں کے لیے مشہور ہے، جس سے حقیقت اور فکشن کے درمیان حیرت انگیز مماثلت پیدا ہو گئی۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
گوجرانوالہ میں مضر صحت کھانا کھانے سے 4 بچوں کی اموات، ہوشربا انکشافات سامنے آگئے
پنجاب کے ضلع گوجرانوالہ میں مضر صحت کھانا کھانے سے مرنے والے 4 بچوں کے کھانے میں زہر کا انکشاف ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق گوجرانوالہ کے علاقے موڑ ایمن آباد میں 29 جون کو زہریلے کھانے سے 4 بچوں کی حالت خراب ہوگئی تھی جس کے باعث 3 بچے پہلے ہی دم توڑ گئے تھے جب کہ چوتھی بچی گزشتہ رات انتقال کرگئی۔
زہریلا کھانا کھانے سے 11 سالہ نور فاطمہ، 8 سالہ حیدر اور 5 سالہ جنت اسپتال میں دم توڑ گئے تھے جب کہ گزشتہ رات 13 سالہ ایمن بھی دم توڑ گئی۔
ایکسپریس نیوزنے پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کی رپورٹس حاصل کر لی، یہ رپورٹس ڈی جی فوڈ اتھارٹی کو رپورٹ پیش ہوئیں جس میں ہوشربا انکشافات سامنے آئے۔
رپورٹ کے مطابق ترجمان فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ بچوں کی موت فاسفین زہر سے ہوئی، بچوں کو فاسفین پوائزن دیا گیا تھا جو ہلاکت کا باعث بنا، بچوں کی موت میں فوڈ پوائزنگ کے شواہد نہیں پائے گئے۔
ترجمان فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ متاثرہ فیملی کی نشاندہی پر پنجاب فوڈ اتھارٹی نے بھرپورکارروائیاں کیں، فاسفین زہر گندم کی گولیوں میں پایا جاتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق تین بچوں کے پیشاب اور جگر کے نمونے لیکرٹیسٹ ہوئے، پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی نے سب میں فاسفین زہر کی نشاندہی کی، اس زہرسے بچوں کے پھیپھڑے، معدہ، جگر سب متاثرہوئے۔
ذرائع نے کہا کہ گوجرانوالہ پولیس نے رپورٹس کی روشنی میں کارروائی شروع کردی ہے، مدعی نوید پہلوان کواعلی افسران نے سنا ہے اور اب اس پر تحقیقات ہورہی ہیں، بچوں کو زہر کس نے دیا؟ کیسے دیا؟ سب سامنے لائیں گے۔
پولیس حکام نے کہا کہ مدعی اس وقت دکھ اور کرب میں ہے، جلد اس کیس پر کام ہوگا۔
ترجمان فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ ہم محفوظ خوراک کے ذمہ دار ہیں، بچوں کے معاملہ میں بات فیملی میں ہوسکتی ہے، قے، متلی، پیٹ درد کی صورت میں فوری ڈاکٹر سے رجوع کریں، نمکول والے پانی کا استعمال کریں۔
ترجمان فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ فرائی کھانوں سے پرہیز کریں، مصالحہ جات اور پیکٹ فوڈ پر تاریخ تنسیخ ضرور دیکھیں۔
انہوں نے کہا کہ خوراک کی تیاری سے مارکیٹ میں ترسیل تک کڑی نگرانی کی جارہی ہے، ٹیمیں فیلڈ میں متحرک ہیں۔