لندن آگ حادثے میں جاں بحق پاکستانی ماں اور 3 بچوں کے نام جاری
اشاعت کی تاریخ: 27th, May 2025 GMT
لندن: برطانوی دارالحکومت کے علاقے برینٹ میں پیش آنے والے افسوسناک آتشزدگی کے واقعے میں جاں بحق ہونے والے برٹش پاکستانی خاندان کے افراد کے نام لندن پولیس نے جاری کر دیے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق یہ دل دہلا دینے والا واقعہ شمال مغربی لندن کے علاقے برینٹ میں پیش آیا، جہاں ایک گھر میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں 43 سالہ نصرت عثمان، ان کی 15 سالہ بیٹی مریم میکائیل، 8 سالہ بیٹا موسیٰ عثمان اور 4 سالہ بیٹا رئیس عثمان موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔
افسوسناک طور پر یہ پورا خاندان گزشتہ دو دہائیوں سے برطانیہ میں مقیم تھا اور مقامی کمیونٹی میں اچھی شہرت رکھتا تھا۔
رپورٹس کے مطابق گھر مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے جبکہ اسی خاندان کی ایک 70 سالہ بزرگ خاتون اور ایک نوجوان لڑکی کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس نے واقعے کے بعد ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا ہے، تاہم اس کی شناخت اور محرکات سے متعلق مزید معلومات جاری نہیں کی گئیں۔
مقامی انتظامیہ اور پولیس واقعے کی مکمل تحقیقات کر رہی ہے اور متاثرہ خاندان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی بھی کیا جا رہا ہے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
ٹیسلا نے بچوں کے لیے نئی بیلنس بائیک متعارف کرا دی، قیمت کتنی ہے؟
اسلام آباد: معروف امریکی الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی کمپنی ٹیسلا نے 2 سے 5 سال عمر کے بچوں کے لیے نئی بیلنس بائیک متعارف کرا دی ہے، جسے جدید ڈیزائن اور ہلکے وزن کے ساتھ تیار کیا گیا ہے۔
کمپنی کے مطابق یہ ٹیسلا بچوں کی بیلنس بائیک مضبوط مگر ہلکے میگنیشیم فریم پر مشتمل ہے، جبکہ اس میں بچوں کی سہولت کے لیے ایڈجسٹ ہونے والی نشست بھی دی گئی ہے۔ بائیک کے سائیڈ پر ٹیسلا کا نام اور سامنے نمایاں T لوگو بھی موجود ہے۔
یہ بائیک روایتی سائیکل سے مختلف ہے کیونکہ اس میں نہ پیڈل موجود ہیں، نہ موٹر اور نہ ہی بریک۔ بچے اپنے پیروں کی مدد سے اسے چلاتے ہیں، جس سے ان میں توازن برقرار رکھنے اور سائیکل چلانے کی بنیادی مہارت پیدا کرنے میں مدد ملتی ہے۔
کمپنی نے اس منفرد بائیک کی قیمت 225 امریکی ڈالر مقرر کی ہے، جو عام بیلنس بائیکس کے مقابلے میں زیادہ ہے، کیونکہ مارکیٹ میں ایسی بیشتر بائیکس تقریباً 100 ڈالر میں دستیاب ہوتی ہیں۔
قیمت نسبتاً زیادہ ہونے کے باوجود یہ بائیک فروخت کے آغاز کے فوراً بعد آؤٹ آف اسٹاک ہو گئی، جس سے صارفین کی غیر معمولی دلچسپی ظاہر ہوتی ہے۔
ٹیسلا کے مطابق نئی کھیپ کے لیے 31 جولائی سے پری آرڈر دوبارہ شروع کیے جائیں گے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ بائیک 2 سے 5 سال عمر کے بچوں کے لیے موزوں ہے۔ اس کے استعمال کے لیے بچے کی ٹانگ کی کم از کم لمبائی 13.7 انچ (35 سینٹی میٹر) ہونی چاہیے، جبکہ تجویز کردہ زیادہ سے زیادہ وزن 30 کلوگرام اور قابل برداشت زیادہ سے زیادہ وزن 35 کلوگرام رکھا گیا ہے۔
ٹیسلا نے یہ بھی بتایا کہ بائیک کی اسمبلنگ کے لیے درکار تمام ضروری اوزار پیکج میں شامل ہوں گے، جبکہ صارفین کو مکمل ہدایات پر مشتمل استعمال کا کتابچہ بھی فراہم کیا جائے گا۔
ماہرین کے مطابق بچوں کی مصنوعات کی مارکیٹ میں ٹیسلا کی یہ نئی پیشکش کمپنی کی برانڈ توسیع کی حکمت عملی کا حصہ ہے، جس کے ذریعے وہ گاڑیوں کے علاوہ دیگر صارفین کی مصنوعات میں بھی اپنی موجودگی مضبوط بنا رہی ہے۔