سرمایہ کاری کیلئے وفود کا تبادلہ ہو گا، شہباز شریف: سٹرٹیجک شراکت داری بڑھائیں گے، پاکستان، آذربائیجان
اشاعت کی تاریخ: 28th, May 2025 GMT
لاچین (نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعظم شہباز شریف نے آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے ملاقات کی ہے۔ لاچین میں ہونے والی ملاقات میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار، عطا تارڑ، معاون خصوصی طارق فاطمی وزیر اعظم کے ہمراہ تھے۔ اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم نے یوم آزادی پر صدر علیوف اور آذربائیجان کے عوام کو مبارکباد دی اور بھارت کے ساتھ تنازعہ میں پاکستان کی غیر متزلزل حمایت پر آذربائیجان کے صدر سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ آذربائیجان کے عوام کا پاکستانی عوام کے ساتھ لازوال رشتہ ہے۔ وزیر اعظم نے آذربائیجان کی قیادت اور عوام کی جانب سے اظہار یکجہتی کو سراہا۔ بھارت کے خلاف معرکہ حق میں پاکستان کی کامیابیوں پر آذر بائیجان میں جشن منایا گیا تھا۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کا جامع جائزہ لیا اور سیاسی، اقتصادی، دفاعی، ثقافتی تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔ دونوں رہنمائوں نے سرمایہ کاری کے ذریعے سٹرٹیجک شراکت داری کو متنوع بنانے (وسعت دینے) پر اتفاق کیا گیا۔ آذربائیجان نے پاکستان میں سرمایہ کاری کی پیشرفت کے حوالے سے وفود کے تبادلے پر اتفاق کیا اور طے پایا کہ دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر ملاقات بہت جلد کی جائے گی۔ اس حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ لاچین میں اجلاس کا انعقاد آذربائیجان کی استقامت اور بحالی کے سفر کا عکاس ہے۔ یہ دونوں ممالک کیلئے گہری علامتی اور جذباتی اہمیت رکھتا ہے۔ اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے علاقائی استحکام، خوشحالی کیلئے مربوط کوششوں اور بین الاقوامی امور پر اصولی مؤقف کے فروغ کیلئے بھی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان آذربائیجان نے دو طرفہ شراکت داری کو مزید بڑھانے، دوطرفہ اور علاقائی سطح پر مشترکہ مقاصد آگے بڑھانے کیلئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ خیال رہے کہ برادر اسلامی ممالک ترکیہ اور آذربائیجان نے بھارت سے حالیہ کشیدگی کے دوران پاکستان کی حمایت کا اعلان کیا تھا اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردگان نے کہا تھا کہ ترکیہ پاکستانی قوم کے ساتھ ان کے اچھے اور برے دنوں میں کھڑا رہے گا۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: ا ذربائیجان کے
پڑھیں:
انڈیپنڈنٹ گروپ کی اسلام آباد و پنجاب بار انتخابات میں برتری، وزیرِ اعظم کی مبارکباد
وزیرِ اعظم شہباز شریف—فائل فوٹووزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وکلاء برادری نے سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہوکر اصولی مؤقف اپنایا ہے۔
اسلام آباد سے جاری بیان میں وزیرِ اعظم نے انڈیپنڈنٹ گروپ کو اسلام آباد بار کونسل اور پنجاب بار کونسل کے انتخابات میں برتری پر مبارک باد دی۔
شہباز شریف نے گروپ، احسن بھون اور جیتنے والے تمام وکلاء کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ وکلاء برادری جمہوریت کی مضبوطی، انصاف کی فراہمی اور حقوق کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرتی ہے، یقین ہے نو منتخب نمائندے دیانت داری، پیشہ وارانہ مہارت سے خدمات انجام دیتے رہیں گے۔
وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ اصول پر ووٹ دینے کا ثمر کامیابی کی صورت میں ملا، امید ہے کہ آپ عدلیہ اور قانون کی سر بلندی کے لیے بھی اپنا اہم کردار ادا کرتے رہیں گے۔
اُن کا یہ بھی کہنا ہے کہ وزیرِ قانون وکلاء کے مسائل کے حل کے لیے سرگرمِ عمل ہیں، وکلاء برادری کے مسائل کے حل کے لیے وزیرِ قانون مسلسل کوشاں اور رابطے میں رہتے ہیں۔