Express News:
2025-07-25@01:55:57 GMT

اک شجر ایسا محبت کا لگایا جائے

اشاعت کی تاریخ: 29th, May 2025 GMT

برصغیر ہندوستان کا 47ء میں بٹوارہ ہوا تو پنجاب کی تقسیم نے بہت سے انسانی مسائل پیدا کردیے۔ پنجاب کی تقسیم کے ساتھ ہولناک فسادات ہوئے۔ پنجاب میں ہرطرف خون ریزی نے انسانیت کو شرما دیا۔ ایک اندازے کے مطابق 5 لاکھ افراد ان فسادات کی نذر ہوگئے، ہزاروں خاندان بکھر کر رہ گئے۔

ان فسادات کے نقصان کے ساتھ سکھ مذہب کے کچھ مقدس مقامات پاکستانی پنجاب میں رہ گئے۔ سکھوں کی مقدس عبادت گاہیں جو پاکستانی پنجاب کے علاقوں میں پہلے سے موجود تھیں، ان میں گردوارہ، دربار صاحب، کرتار پور، ڈیرہ صاحب، لاہورگردوارہ، جنم استھان گردوارہ، نانک صاحب گردوارہ اور گردوارہ حسن ابدال قابل ذکر ہیں۔

بھارت کے وزیر اعظم پنڈت جواہر لعل نہرو اور پاکستان کے وزیراعظم لیاقت علی خان کے درمیان 50کی دہائی میں ہونے والے معاہدے کے تحت سکھ یاتریوں کو مقدس تہواروں کے مواقعے پر پاکستان میں مقدس مقامات پر زیارت کی اجازت حاصل ہوگئی۔ 1965اور 1971کی جنگوں کے دوران سکھ یاتریوں کی آمدورفت رک گئی مگر پھر 1966میں معاہدہ تاشقند اور 1972میں صدر ذوالفقار علی بھٹو اور وزیر اعظم اندرا گاندھی کے درمیان ہونے والے شملہ معاہدہ کے بعد سکھ یاتریوں کا سال میں کئی دفعہ پاکستان میں مقدس مقامات کا دورہ معمول بن گیا تھا مگرکرتار پورگردوارہ کا معاملہ ذرا مختلف تھا۔ کرتار پور گوردوارہ پنجاب کے ضلع نارووال میں واقع ہے۔ اس کا بھارت کے شہرگروداس پورکے گردوارہ سے فاصلہ تقریباً 4.

7 کلومیٹر یعنی 2.9 میل کا ہے۔

ان مقدس مقامات کے درمیان ایک گھنا جنگل ہے اور بین الاقوامی سرحد دونوں ممالک کی تقسیم کرتی ہے۔ گردوارہ دربار صاحب کرتار پور کے سکھوں کے لیے ایک انتہائی خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔ تاریخ کے صفحات کے مطالعے سے ظاہر ہوتا ہے کہ سکھ مذہب کے بانی گرو نانک نے اس مقام پر 18 سال تک قیام کیا۔ ان کا انتقال 1539 میں ہوا تھا۔ انھوں نے زندگی کے آخری ایام صاحب کرتار پور میں ہی گزارے تھے۔ گردوارہ کی تعمیر پٹیالہ کے مہاراجہ بھوپندر سنگھ بہادر نے 1921سے 1929کے درمیان میں مکمل کرائی۔ سکھ مذہب کے بانی بابا گرو نانک کے بارے میں سکھوں اور مسلمانوں میں مختلف نوعیت کے خیالات پائے جاتے ہیں۔

سکھ انھیں اپنے مذہب کا بانی قرار دیتے ہیں۔ مسلمان بابا صاحب کو مسلمان سمجھتے تھے۔ جب ان کا انتقال ہوا تو بابا صاحب کی تدفین کے بارے میں تنازع پیدا ہوا تھا۔ دونوں مذاہب کے پیروکار انھیں اپنے مذہبی طریقہ کے مطابق دفن کرنا چاہتے تھے مگر ایک حکایت یہ بھی بیان کی جاتی ہے کہ کسی درویش نے بابا کی میت پر سے چادر اٹھائی تو میت کی جگہ پھول پڑے ہوئے ملے تھے۔ یوں بابا گرو نانک کو سکھوں کے مذہبی پیشوا قرار دیا گیا۔ سکھوں کے لیے کرتار پورگردوارہ کی زیارت سب سے مقدس فریضہ سمجھی جاتی ہے۔ یہ مقدس مقام دونوں ممالک کی سرحد سے چند میل دور واقع ہے مگر زائرین کو پاکستان کا ویزا حاصل کر کے لاہور کے راستہ کرتار پور آنا پڑتا ہے، یوں ایک طویل سفر کے ساتھ یہ خاصا مہنگا بن گیا ہے۔

بھارت اور پاکستان کی حکومتوں کے درمیان برسوں یہ تجویز فائلوں میں گردش کرتی رہی کہ کرتار پور تک ایک محفوظ کا ریڈور بنایا جائے تاکہ سکھ یاتری روزانہ کرتار پور سے شام ڈھلنے تک واپس چلے جائیں۔ کرتار پورگردوارہ دریائے راوی کے مغربی کنارے پر آباد ہے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان 2019میں ایک معاہدے پر اتفاق ہوا۔ اس معاہدے کے درمیان بھارت کی سرحد سے کرتار پور تک راہداری تعمیرکی گئی، ایک سڑک بھی تعمیر کی گئی۔ اس کے علاوہ کرتار پور میں ایک جدید کمپلیکس بھی تعمیرکیا گیا، اس پورے منصوبے پرکئی ملین ڈالر کی لاگت آئی۔ اب بھارتی یاتری روزانہ صبح ایک مقررہ فیس ادا کر کے کرتار پور آتے ہیں۔

یہ لوگ سارا دن عبادت کرتے ہیں اور شام سے پہلے بسوں میں واپس چلے جاتے ہیں۔ اسی طرح پاکستانی شہریوں کو جن میں سکھوں کے علاوہ ہندو بھی شامل ہیں۔ کرتار پور راہداری میں مقررہ فیس ادا کر کے جانے کی اجازت ہوتی ہے۔ کرتار پور ایک طرح سے ایک تاریخی مقام کی حیثیت اختیارکر گیا۔ کرتار پور راہداری کے دورے کے دوران یہ اندازہ ہوا کہ یہ علاقہ نوجوان جوڑوں کے لیے ملنے کا بھی ایک خوبصورت مقام بن گیا ہے۔ بہرحال کرتار پور راہداری کھلنے کو دونوں ممالک کی حکومتوں کا کارنامہ قرار دیا گیا۔ کرتار پور راہداری کی افتتاحی تقریب میں سابق وزیر اعظم بانی پی ٹی آئی اور اس وقت کے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی شریک تھے۔ اسی طرح کی تقریب افتتاح والے دن بھارت میں بھی منعقد ہوئی تھی۔

بھارت کے زیرِ کنٹرول کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں دہشت گردی کی واردات کے باوجود کرتار پور راہداری کھلی رہی مگر جب 7 مئی کو تقریباً 150 سکھ یاتری بھارت کے شہر گرداس پور سے ڈیرہ بابا نانک انٹر چینج پوسٹ پر جمع ہوئے تو 90 منٹ تک ان یاتریوں کو انتظار کرنا پڑا۔ اچانک اعلان ہوا کہ کرتار پور راہداری کو غیر معینہ مدت کے لیے بند کردیا گیا ہے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان تین دن تک فضائی جنگ کے بعد 10 مئی کو جنگ بندی پر دونوں ممالک تیار ہوئے۔ پہلے یہ اعلان کیا گیا کہ دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی 18 مئی تک ہے اور دونوں ممالک کی مسلح افواج کے ملٹری آپریشنز کے ڈائریکٹر ہاٹ لائن پر رابطہ کریں گے، یہ اعلان دونوں ممالک کے درمیان امن کا مطالبہ کرنے والوں کے لیے اطمینان کا باعث بنا اور جنگ بندی مستقل بنیادوں پر قائم ہوگئی۔

یہ اعلان ہوا کہ دونوں ممالک میں جنگ کی صورتحال کی بناء پر اگلے مورچوں پر بھیجے گئے فوجی دستوں کو واپسی کی ہدایات جاری کی گئی ہیں اور یہ فوجی دستے مئی کے آخری ہفتے تک اپنی اپنی پرانی پوزیشن پر واپس چلے جائیں گے۔ اب تو یہ اعلان بھی ہوا ہے کہ دونوں ممالک نے واہگہ اور اٹاری کی سرحد پر دونوں ممالک کے فوجیوں کی سورج غروب ہونے کے وقت پرچم اتارنے کی تقاریب بھی دوبارہ شروع کردی ہیں۔ اب دونوں ممالک کے عوام دوبارہ سورج غروب ہوتے وقت دو ممالک کے جوانوں کے مارچ پاس اور اپنے اپنے پرچموں کو اتارنے کی تقریب سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔ دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے شہریوں کو اپنے اپنے ملک سے فوری طور پر نکل جانے کا حکم دیا تھا تو پھر دونوں ممالک نے اپنی اپنی سرحدیں بند کردی تھیں مگر پھر دونوں ممالک میں فوج نے غلطی سے سرحد پار کر کے آنے والے دو فوجی سپاہیوں کو ان کے ملک کے حوالے کردیا تھا۔

پاکستان نے افغانستان کے پھلوں کے ٹرکوں کو سرحد پار کر نے کی اجازت دیدی تھی۔ اس فیصلے سے افغانستان کے تاجروں کے علاوہ بھارتی تاجروں کا بھی فائدہ ہوا، اگر یہ ٹرک سرحد پار کر کے بھارت میں داخل نہ ہوتے تو ان ٹرکوں پر لدے ہوئے پھل خراب ہوجاتے۔ وقت کی ضرورت ہے کہ دونوں ممالک بھارت سے ادویات اور ویکسین کی درآمد پر عائد پابندیاں ختم کریں تاکہ ملک میں ضروری ادویات فراہم ہوسکیں۔ خاص طور پر کتے کے کاٹنے کے مرض کے تدارک کی ویکسین بھارت سے آنے سے بہت سے افراد کی قیمتی جانیں بچ جائیں گی۔

بھارتی حکومت کو پاکستان کے ان مریضوں کو علاج کے لیے بھارت جانے کی اجازت دینی چاہیے جن کا علاج پاکستان میں ممکن نہیں ہے تاکہ قیمتی جانیں بچائی جاسکیں۔ دونوں ممالک کو ایسے ہوائی جہازوں کو جو کسی تکنیکی خرابی کا شکار ہوجائیں اپنے ملکوں میں اترنے کی اجازت دینے پر ضرور غور کرنا چاہیے۔ ایک دانش مند کا قول ہے کہ پڑوسی تبدیل نہیں ہوسکتے اور خطے میں امن کا براہِ راست تعلق ڈیڑھ ارب افراد کے مستقبل سے ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان معمول کے تعلقات ضروری ہیں۔ لکھنؤ کے شاعر ظفر زیدی کے یہ اشعار دونوں ملکوں کے حکمرانوں کے لیے ایک معقول مشورہ ہیں۔

اک شجر ایسا محبت کا لگایا جائے

جس کا ہمسائے کے آنگن میں بھی سایہ جائے

ذریعہ: Express News

کلیدی لفظ: کرتار پور راہداری کہ دونوں ممالک دونوں ممالک کی دونوں ممالک کے مقدس مقامات نے کی اجازت کے درمیان بھارت کے سکھوں کے یہ اعلان کے لیے

پڑھیں:

پاکستان اور برطانیہ کے مابین حال ہی میں ہونے والے تجارتی مذاکرات دونوں فریقین کے لئے فائدہ مند ثابت ہوں گے ، وزیراعظم شہبازشریف کی برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ سے ملاقات میں گفتگو

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2025ء) وزیراعظم محمد شہبازشریف نے پاکستان اور برطانیہ کے مابین دوطرفہ تعاون پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان حال ہی میں ہونے والے تجارتی مذاکرات دونوں فریقین کے لئے فائدہ مند ثابت ہوں گے ۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہبازشریف سے پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے بدھ کو یہاں ملاقات کی۔

وزیر اعظم نے کنگ چارلس سوئم اور برطانوی وزیراعظم کیئر سٹارمر کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس سال کے اواخر میں برطانیہ کی قیادت کے ساتھ ملاقات کے منتظر ہیں۔ انہوں نے برطانوی حکومت کی جانب سے پی آئی اے کی پروازوں کی بحالی کے حالیہ فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس مثبت پیشرفت سے برطانوی پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مشکلات کو دور کرنے کے ساتھ ساتھ لوگوں کے درمیان تبادلے کو بڑھانے میں بھی مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس سلسلے میں ہائی کمشنر کے مثبت کردار کو خاص طور پر سراہا۔وزیراعظم نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دوطرفہ تعاون کی مثبت رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان حال ہی میں ہونے والے تجارتی مذاکرات دونوں فریقین کے لئے باہمی طور پر فائدہ مند ثابت ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں بھی برطانیہ کے ساتھ قریبی تعاون کر رہا ہے جس کی اس وقت پاکستان کے پاس صدارت ہے۔

ملاقات میں جنوبی ایشیا اور مشرق وسطیٰ کی علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے پاک بھارت کشیدگی میں کمی کے لئے برطانیہ کے کردار کو سراہتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ تمام تصفیہ طلب مسائل پر بامعنی مذاکرات کے لئے تیار ہے۔برطانوی ہائی کمشنر نے وزیراعظم کو اپنے حالیہ دورہ لندن کے بارے میں بتایا جہاں انہوں نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعلقات کو بڑھانے کے حوالے سے وسیع مشاورت کی۔

برطانوی ہائی کمشنر نے وزیراعظم کے وژن اور قیادت میں گزشتہ ڈیڑھ سال میں حکومت کی معاشی کارکردگی کو سراہا جس سے تمام اہم میکرو اکنامک اشاریوں میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ ملاقات میں برطانوی ہائی کمشنر نے وزیراعظم کے ساتھ جنوبی ایشیا اور مشرق وسطیٰ میں ہونے والی علاقائی پیشرفت پر برطانیہ کے نقطہ نظر کے حوالے سے گفتگو کی۔

متعلقہ مضامین

  • برطانیہ اور بھارت کے درمیان آزاد تجارتی معاہدہ طے پاگیا
  • بریگزٹ کے بعد برطانیہ کا بھارت کے ساتھ سب سے بڑا معاہدہ
  • سرمایہ کاری کے لیے پاکستان بہترین مقام بن چکا ہے، وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ
  • سعودی نیول چیف کی جوائنٹ اسٹاف ہیڈکوارٹرز آمد، دوطرفہ دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق
  • محسن نقوی کا بنگلہ دیش کا دورہ، دونوں ممالک میں بڑے معاہدے کا فیصلہ
  • پاکستان اور افغانستان کے درمیان ترجیحی معاہدہ طے
  • پاکستان اور افغانستان کے درمیان ترجیحی معاہدہ، دستخط بھی ہوگئے
  • پاکستان اور افغانستان کے درمیان ترجیحی معاہدہ
  • پاکستانیوں کے لیے ایک اور ملک میں ویزا فری انٹری کی سہولت  
  • پاکستان اور برطانیہ کے مابین حال ہی میں ہونے والے تجارتی مذاکرات دونوں فریقین کے لئے فائدہ مند ثابت ہوں گے ، وزیراعظم شہبازشریف کی برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ سے ملاقات میں گفتگو