پانی پر کوئی سمجھوتہ نہیں، کروڑوں انسانوں کو تنگ نظر سیاسی مقاصد کیلئے یرغمال نہیں بنایا جا سکتا: وزیراعظم
اشاعت کی تاریخ: 31st, May 2025 GMT
اسلام آباد ‘ دو شنبے (خبرنگار خصوصی+ایجنسیاں) وزیراعظم شہباز شریف نے گلیشیئرز کے تحفظ کو پاکستان کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں پانی کا دارومدار گلیشیئرز پر ہے، ماحولیاتی تبدیلیو ں کے اثرات کے نتیجہ میں پاکستان کے گلیشیئرز تیزی سے پگھل رہے ہیں، ترقی یافتہ ممالک ماحولیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں، پاکستان اپنے حصے کے پانی پر کوئی سمجھوتہ کرے گا‘بھارت کا سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کا یکطرفہ فیصلہ قابل مذمت ہے،کروڑوں انسانوں کی زندگیوں کو تنگ نظر سیاسی مقاصد کیلئے یرغمال نہیں بنایا جاسکتا، پاکستان ایسا کبھی نہیں ہونے دے گا، نہ ہی بھارت کوریڈ لائن کراس کرنے دے گا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے میں گلیشیئرز کے تحفظ پر عالمی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہمیں پانی کے بطور ہتھیار استعمال کی صورت میں نئی تشویشناک پستی کا سامنا ہے۔انہوںنے کہا پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے انتہائی متاثرہ 10 ملکوں میں شامل ہے جبکہ پاکستان کا فضا میں زہریلی گیسوں کا اخراج نصف فیصد سے بھی کم ہے۔وزیراعظم نے کہا پاکستان نے موسمیاتی تبدیلی کے باعث 2022ء میں تباہ کن سیلاب کا سامنا کیا ، فصلیں اور انفراسٹرکچر تباہ ہو گیا۔ دنیا کو ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنج کا سامنا ہے، ماحولیاتی تبدیلی کے معاملے پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔شہباز شریف نے گلیشیئرز کے تحفظ اور چیلنجز پر جامع گفتگو پر تاجک صدر کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے بتایا کہ ماحولیاتی تبدیلی سے پاکستان کے گلیشیئرز تیزی سے پگھل رہے ہیں، پاکستان میں 13ہزار گلیشیئرز ہیں، پاکستان اپنے پانی کا نصف گلیشیئرز سے حاصل کرتا ہے، گلیشیئرز کا تحفظ ہمارے لیے بہت اہم ہے۔وزیراعظم نے عالمی رہنمائوں سے کہا ہمارے دریائوں میں پانی گلیشیئرزسے آتا ہے، آئیں مل کر ان گلیشیئرز اورہمارے دریائوں کا تحفظ کریں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ بڑے ملک دیگرممالک میں ارلی وارننگ سسٹم میں سرمایہ کاری بڑھائیں، ترقی یافتہ ملک ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں، ماحولیاتی تبدیلی کے باعث ایکو سسٹم بھی متاثرہورہا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا غزہ میں صورتحال بدترین ہے جہاں انسانی بحران جنم لے رہا ہے۔علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف اپنا4 ملکی دورہ مکمل کر کے تاجکستان سے وطن واپس پہنچ گئے ۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف ترکی، ایران، آذربائیجان کے بعد اپنے چار ملکی دورے کی آخری منزل تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے سے وطن واپس روانہ ہوئے ۔دوشنبے ایئرپورٹ پر تاجک نائب وزیراعظم حکیم خلیق زادہ نے وزیراعظم شہباز شریف کو الوداع کیا ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور معاون خصوصی سید طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔وزیراعظم شہباز شریف‘ فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وفاقی وزراء کے ہمراہ جرگے میں شرکت کیلئے آج کوئٹہ جائیں گے۔جرگے میں وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی‘ گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل‘اراکین اسمبلی اورقبائلی عمائدین کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔بلوچستان کی امن صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: وزیراعظم شہباز شریف ماحولیاتی تبدیلی کے نے کہا
پڑھیں:
شہباز شریف کی جاتی امرا آمد، نواز شریف سے ملاقات
جاتی امرا میں سربراہ مسلم لیگ نون و سابق وزیراعظم سے موجودہ وزیراعظم کی ملاقات میں دونوں راہنماؤں کے مابین پارٹی امور اور حکومتی پالیسیوں پر مشاورت کی گئی۔ وزیر اعظم نے صدر مسلم لیگ نون کو حالیہ حکومتی اقدامات پر بریفنگ دی۔ اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم شہباز شریف کی جاتی امرا آمد، سربراہ مسلم لیگ نون و سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق دونوں راہنماؤں کے درمیان ملاقات میں ملکی سیاسی و معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہباز شریف اور نواز شریف کے مابین پارٹی امور اور حکومتی پالیسیوں پر مشاورت کی گئی۔ وزیر اعظم نے نواز شریف کو حالیہ حکومتی اقدامات پر بریفنگ دی، نواز شریف نے شہباز شریف کو قومی معاملات پر راہنمائی فراہم کی۔