کراچی میں تیز رفتار گاڑیوں کی ٹکر سے فوڈ ڈلیوری بوائے سمیت 2 افراد جاں بحق
اشاعت کی تاریخ: 31st, May 2025 GMT
کراچی:
شہر قائد میں تیز رفتار گاڑیوں نے مزید 2 گھرانوں کے چراغ گل کردیے اور فوڈ ڈلیوری بوائے سمیت 2 افراد سے زندگی کا حق چھین لیا۔
پوش علاقے ڈیفنس اور تین تلوار کے قریب 2 مختلف ٹریفک حادثات میں 2 افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔ دونوں واقعات میں ملوث ڈرائیورز کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
ڈیفنس خیابانِ نشاط پر ڈبل کیبن گاڑی نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی۔ پولیس کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والا نوجوان مرتضیٰ آن لائن فوڈ ڈیلیوری کمپنی کا رائیڈر تھا۔
ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کے مطابق گاڑی کے ڈرائیور عثمان شاہ راشدی کو گرفتار کر کے گاڑی سمیت درخشاں تھانے منتقل کر دیا گیا ہے۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق گرفتار ڈرائیور غفلت اور تیز رفتاری سے ڈبل کیبن گاڑی چلا رہا تھا۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ گرفتار ڈرائیور عثمان شاہ راشدی، سابقہ ڈی آئی جی پیر حسن شاہ راشدی کا پوتا ہے۔
دریں اثنا تین تلوار کے قریب تیز رفتار کار کی موٹر سائیکل کو ٹکر مارنے کے نتیجے میں ایک شخص موقع پر جاں بحق جب کہ دوسرا شدید زخمی ہوگیا۔ حادثے میں ملوث کار سوار کو گاڑی سمیت گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق جاں بحق افراد کے لواحقین سے مقدمات کے اندراج کے لیے رابطہ کرلیا گیا ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
لاہور؛ احتجاج کرنے پر رہنما جماعت اسلامی سمیت جمعیت کے متعدد کارکنان گرفتار
لاہور میں طلبہ کی گرفتاری پر احتجاج کرنے پر پولیس نے جماعت اسلامی کے رہنما سلمان بلوچ سمیت اسلامی جمعیت طلبہ کے متعدد کارکنان کو گرفتار کر لیا۔
احمد سلمان بلوچ کو تھانہ مسلم ٹاؤن پولیس نے گرفتار کرکے حوالات میں بند کر دیا جبکہ اسلامی جمعیت طلبہ لاہور کے ناظم عبداللہ عباس سمیت 20 کارکنان بھی گرفتار کر لیے گئے۔
طلبہ پنجاب یونیورسٹی میں اسلامی جمعیت طلبہ کے کارکنان کی گرفتاری و مقدمات کے خلاف پرامن احتجاج کر رہے تھے۔
کارکنان کی گرفتاریوں پر اسلامی جمعیت طلبہ نے لاہور بھر میں احتجاج اور ریلیاں نکالیں، کارکنان نےانتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔