جنوبی پنجاب میں عوامی خدمت کا جذبہ رکھنے والوں کو میدان میں اتاریں گے: زرداری
اشاعت کی تاریخ: 1st, June 2025 GMT
لاہور (نامہ نگار) صدرِ زرداری سے گورنر ہاؤس لاہور میں جنوبی پنجاب کے پارٹی رہنماؤں، ارکانِ اسمبلی، پارٹی ٹکٹ ہولڈرز اوت تنظیمی ذمہ داران نے ملاقات کی۔ سابق وفاقی وزیر صنعت و پیداوار مخدوم سید مرتضیٰ کی قیادت میں صدرِ مملکت سے ملنے والے وفد میں ارکان پنجاب اسمبلی سردار حبیب الرحمان گوپانگ، سردار غضنفر علی خان لنگاہ، قاضی احمد سعید، شازیہ عابد کے علاوہ جنوبی پنجاب کے سینئر رہنما خواجہ رضوان عالم، عبدالقادر شاہین، راؤ ساجد، رانا عبدالرحمن میر آصف دستی سمیت دیگر شامل تھے۔ ملاقات کے دوران جنوبی پنجاب کی سیاسی صورتحال، تنظیمی سرگرمیوں، انتخابی تیاریوں اور عوامی رابطہ مہم کو مزید مؤثر بنانے پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ وفد نے اپنے حلقوں میں عوام کو درپیش مسائل، ترقیاتی ضروریات اور تنظیمی چیلنجز سے صدرِکو آگاہ کیا۔ صدر زرداری نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پیپلز پارٹی نظریاتی، عوامی، وفاقی جماعت ہے، جو ہمیشہ محروم طبقات، کسانوں، مزدوروں، اور عام شہریوں کی آواز بنی ہے۔ جنوبی پنجاب کی سیاسی اور جمہوری اہمیت کو پارٹی قیادت بخوبی جانتی ہے اور وجہ ہے یہاں کے ہر حلقے میں اہل، باکردار اور عوامی خدمت کا جذبہ رکھنے والے امیدواروں کو میدان میں اتارا جائے گا۔ موجودہ سیاسی حالات کے تناظر میں پارٹی کو تنظیمی سطح پر مزید متحرک کرنے، نوجوان قیادت کو سامنے لانے اور حلقہ جاتی سطح پر کارکنان کے ساتھ براہ راست رابطے کو بحال کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ ہر پارٹی کارکن ہمارا اثاثہ ہے اور ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد، نظم اور جد وجہد کا تسلسل برقرار رکھنا ہوگا۔ پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے رہنماؤں نے قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے یقین دلایا وہ پارٹی کے منشور، عوام دوست پالیسیوں اور چیئرمین بلاول بھٹو، صدر زرداری کے ویژن کو عوام تک پہنچانے کے لیے ہراول دستے کا کردار ادا کریں گے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
پی ٹی آئی رہنماؤں کو سزا، پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کا اہم اجلاس آج طلب کر لیا گیا
لاہور:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کا اہم اجلاس آج سہ پہر ڈھائی بجے پنجاب اسمبلی میں طلب کر لیا گیا ہے۔
اجلاس میں انسداد دہشت گردی عدالتوں کی جانب سے پی ٹی آئی رہنماؤں کو سنائی گئی سزاؤں کے بعد کی صورتحال پر مشاورت کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کی صدارت ڈپٹی اپوزیشن لیڈر معین قریشی کریں گے، جس میں لاہور اور سرگودھا کی انسداد دہشتگردی عدالتوں کے حالیہ فیصلوں پر غور کیا جائے گا۔
عدالتوں نے پی ٹی آئی کے اہم رہنماؤں جن میں اپوزیشن لیڈر جناب احمد خان بھچر، ڈاکٹر یاسمین راشد، سینیٹر اعجاز چوہدری، میاں محمود الرشید اور سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ شامل ہیں، کو 9 مئی کے واقعات کے مقدمات میں دس دس سال قید کی سزا سنائی ہے۔
اجلاس میں عدالتی فیصلوں کے خلاف ممکنہ قانونی راستے، بالخصوص اعلیٰ عدالتوں میں اپیل دائر کرنے کے آپشنز پر مشاورت کی جائے گی۔ اس کے علاوہ پارٹی رہنماؤں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور آئندہ لائحہ عمل بھی زیر غور آئے گا۔
پارٹی ذرائع کے مطابق اجلاس کے بعد تین بجے پی ٹی آئی رہنما پنجاب اسمبلی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے، جس میں عدالتی فیصلے، آئندہ سیاسی حکمت عملی اور قانونی چارہ جوئی کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا۔