الیکشن کمیشن نے آرڈر کر دیا تو پنجاب کو بلدیاتی الیکشن کرانے ہوں گے: چیف الیکشن کمشنر
اشاعت کی تاریخ: 2nd, June 2025 GMT
---فائل فوٹو
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا ہے کہ پنجاب کے سِوا تینوں صوبوں نے بلدیاتی الیکشن کروادیا ہے، الیکشن کمیشن نے آرڈر کر دیا تو پنجاب کو بلدیاتی الیکشن کروانے ہوں گے۔
پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی تاخیر کے معاملے پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ نے سماعت کی۔
اس دوران وزیرِ بلدیات پنجاب نے کہا ہے کہ رولز کا ڈرافٹ ہمارے پاس موجود ہے وہ کمیشن کو دے سکتے ہیں، پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی قانون سازی کا معاملہ قائمہ کمیٹی میں زیر غور ہے، ہم کوشش کر رہے ہیں کہ جَلدی قانون سازی کروائی جائے۔
سیکریٹری الیکشن کمیشن عمر حمید نے کہا ہے کہ 31دسمبر 2021ء کو پنجاب میں بلدیاتی حکومتوں کی مدت ختم ہوئی تھی، پنجاب حکومت اور اسلام آباد میں وفاقی حکومت بلدیاتی انتخابات میں دلچپسی نہیں رکھتیں، پنجاب نے تین سال الیکشن میں تاخیر کی ہے۔
اس پر چیف الیکشن کمشنر نے اس دوران کہا کہ اگلی سماعت پر پنجاب میں بلدیاتی الیکشن کےلیے الیکشن کمیشن آرڈر کر دے گا، پنجاب بلدیاتی حکومت کے حوالے سے آرڈر کر دیں تو آپ کےلیے باعث سبکی ہوگا، آپ کی پارٹی کی ہی وفاقی اور پنجاب حکومت ہے دونوں جگہوں پر بلدیاتی الیکشن نہیں ہوئے۔
چیف الیکشن کمشنر نے مزید کہا کہ کمیشن آنکھیں بند کر کے نہیں بیٹھ سکتا، اب کوئی نتائج آنے چاہیے، اگلی سماعت پر کوئی پیش رفت ہونی چاہیے، ہم آج کا آرڈر کریں گے، ہم نے آپ سے ٹائم نہیں پوچھنا، اب کمیشن ٹائم دے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلدیاتی انتخابات کیس میں سپریم کورٹ میں خود پیش ہوا تھا، یہ نہیں ہوسکتا صوبائی حکومت قانون سازی ہی نہیں کرے اور پانچ سال الیکشن ہی نہ ہوں۔
سکندر سلطان راجہ نے یہ بھی کہا کہ الیکشن کمیشن وزیراعلیٰ پنجاب کو بلا سکتا ہے، اسلام آباد میں بلدیاتی الیکشن نہ ہو تو الیکشن کمیشن وزیرِ اعظم کو بھی بلا سکتا ہے۔
.ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: پنجاب میں بلدیاتی بلدیاتی انتخابات چیف الیکشن کمشنر بلدیاتی الیکشن الیکشن کمیشن کہا کہ
پڑھیں:
نومنتخب سینیٹرز کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری
اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے نومنتخب سینیٹرز کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے آزاد رکن مراد سعید، فیصل جاوید، مرزا آفریدی اور نورالحق قادری کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا جبکہ مسلم لیگ ن کے نیاز احمد، جے یو آئی کے عطا الحق اور پیپلز پارٹی کے طلحہٰ محمود کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔
الیکشن کمیشن نے خواتین کی نشست پر آزاد رکن روبینہ ناز اور پیپلز پارٹی کی روبینہ خالد کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔ جبکہ ٹیکنوکریٹ نشست پر آزاد رکن اعظم سواتی اور جے یو آئی کے دلاور خان کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق ساتوں سینیٹرز جنرل نشست پر خیبر پختونخوا سے منتخب ہوئے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کے مطابق منتخب ارکان سینیٹ کی مدت 8 اپریل 2030 کو مکمل ہو گی۔