غزہ فلسطین کی نجات امام خمینیؒ کے راستے میں ہے، علامہ جواد نقوی
اشاعت کی تاریخ: 2nd, June 2025 GMT
مقررین نے کہا کہ امام خمینیؒ کا پیش کردہ راستہ، عزت، استقامت اور اتحاد ہی پاکستان اور امت مسلمہ کے بحرانوں کا حل ہے، آج اگر ہم فلسطین، غزہ اور مسلم دنیا کو نجات دلانا چاہتے ہیں، تو اسی راستے پر چلنا ہوگا۔ اسلام ٹائمز۔ تحریک بیداری اُمتِ مصطفیٰ پاکستان کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی نے امام خمینیؒ کی 36ویں برسی کے موقع پر نشتر پارک کراچی میں عظیم الشان اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ امام خمینیؒ نے امت مسلمہ کو جو شعور، بیداری اور انقلابی راستہ دیا، آج اس کی ضرورت پہلے سے زیادہ محسوس ہو رہی ہے، امام خمینیؒ نے قرآن، انبیاء کرامؑ اور نبی اکرمﷺ کے راستے پر چلتے ہوئے امت کو بحرانوں سے نکالنے کی راہ دکھائی، خود اس پر عمل کیا اور دوسروں کو دعوت دی۔ انہوں نے خاص طور پر حضرت ابراہیمؑ کے اسوہ کو اپنایا اور حج کو رسمی روایت سے نکال کر حجِ ابراہیمی میں بدلنے کیلئے جدوجہد کی، لیکن امت پر مسلط قوتوں نے اس شعور کو دبانے کی کوشش کی، امام خمینیؒ نے اسرائیل کو "صہیونی سرطان" قرار دیا اور فرمایا کہ اگر مسلمان متحد ہوتے تو اسے ختم کر سکتے تھے، لیکن تفرقہ، تعصب اور بے شعوری نے دشمنان اسلام کو فائدہ دیا، اور آج وہ گریٹر اسرائیل کے منصوبے کے تحت فلسطین کے بعد دیگر اسلامی علاقوں کی طرف بڑھ رہے ہیں۔
علامہ جواد نقوی نے کہا کہ پاکستان صرف مودی یا بیرونی دشمنوں کا شکار نہیں بلکہ اندرونی بحران، سیاسی انحراف، فکری گمراہی اور بے شعوری بھی اس تباہی کے اسباب ہیں جنہوں نے اقبال اور امام خمینیؒ کے پیغامات کو دبا دیا۔ اجتماع سے علامہ مرزا یوسف، علامہ جواد نوری، علامہ طاہر مشہدی، علامہ عباس شاکری، علامہ جعفر سبحانی، مفتی محمد داؤد، مفتی محمود الحسینی، علامہ ناظر عباس تقوی، علامہ علی رضا مطہری و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ دیگر مقررین نے کہا کہ امام خمینیؒ کا پیش کردہ راستہ، عزت، استقامت اور اتحاد ہی پاکستان اور امت مسلمہ کے بحرانوں کا حل ہے، آج اگر ہم فلسطین، غزہ اور مسلم دنیا کو نجات دلانا چاہتے ہیں، تو اسی راستے پر چلنا ہوگا۔
ذریعہ: Islam Times
پڑھیں:
الخدمت فاؤنڈیشن کے تعاون سے اہل فلسطین کیلیے مزید امدادی سامان غزہ روانہ
لاہور:الخدمت فاؤنڈیشن کے تعاون سے این ڈی ایم اے کی زیر سرپرستی اہل فلسطین کے لیے مزید امدادی سامان غزہ روانہ کردیا گیا۔
حکومت پاکستان نے این ڈی ایم اے کے تحت غزہ کے لیے مزیدامدادی سامان روانہ کردیا۔ اہل فلسطین کے لیے امداد کی یہ نئی کھیپ الخدمت فاؤنڈیشن کے تعاون سے لاہور سے غزہ کے لیے روانہ کی گئی ہے۔
علامہ اقبال انٹر نیشنل ائیر پور ٹ لاہور سے 100 ٹن سامان پر مشتمل مجموعی طور پر22ویں کھیپ بذریعہ خصوصی پروازروانہ کی گئی، جس میں راشن بیگزبشمول آٹا، چاول،کوکنگ آئل، چنے، تیار کھانا اور ڈبہ بند فروٹ شامل ہیں۔
اب تک 22امدادی کھیپوں کے ذریعے بھیجی گئی امداد کا مجموعی وزن2127 ٹن ہے۔
سامان روانگی کی تقریب میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی ، اس موقع پر حکومتی نمائندے اوراین ڈی ایم اے کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔
مریم نواز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانیوں کے دل فلسطینیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں ۔ غزہ کے بے گناہ مسلمانوں پر مظالم سے ہر حساس دل مضطرب ہے۔ امدادی سامان اہل پاکستان کی طرف سے غزہ کے عوام کے لیے پیغام محبت ہے ۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے سامان کی فوری روانگی یقینی بنانے پر این ڈی ایم اے اور دیگر فلاحی اداورں کی کوششوں کو سراہا اوران کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اس مشکل وقت میں فلسطین کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کی ضروریات کو پورا کرنے کی ہر ممکن کوشش کرے گا۔