راولپنڈی میں لرزہ خیز واردات؛ باپ کو 2 بیٹوں سمیت موت کے گھاٹ اتاردیا گیا
اشاعت کی تاریخ: 9th, June 2025 GMT
راولپنڈی:
دارالحکومت کے جڑواں شہر میں قتل کی لرزہ خیز واردات ہوئی، جس میں باپ کو دو بیٹوں سمیت موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔
پولیس کے مطابق راولپنڈی کے علاقے جاتلی میں دل ہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جس میں درکالی سیداں کے مقام پر مسلح افراد نے گھر میں گھس کر فائرنگ کرکے باپ اور اس کے 2 بیٹوں کو قتل کردیا۔
جاں بحق ہونے والوں میں والد مشتاق شاہ امجد اور 2 بیٹے عمران شاہ اور رضوان شاہ شامل ہیں۔ واقعہ مبینہ طور پر سابقہ دشمنی کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچی اور شواہد اکٹھے کیے۔ بعد ازاں لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
سی پی او سید خالد ہمدانی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی صدر سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے اور ملزمان کی جلد گرفتاری کے احکامات جاری کیے ہیں۔ دوسری جانب پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 2 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا ہے جن سے تفتیش جاری ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ بظاہر سابقہ دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔ ملوث افراد کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی، فائرنگ کے واقعات میں 4 افراد زخمی ہو گئے
کراچی:شہر قائد کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں 4 افراد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق سپر ہائی وے چاکر ہوٹل گلشن معمار بس اسٹاپ کے قریب فائرنگ سے 52 سالہ صدیق نامی شخص زخمی ہوگیا جسے عباسی شہید اسپتال لیجایا گیا۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ ڈکیتی مزاحمت پر پیش آنے کا بتایا جا رہا ہے جبکہ سائٹ سپرہائی وے صنعتی ایریا پولیس واقعے کو نامعلوم ملزمان کی فائرنگ کا شاخسانہ قرار دے رہی ہے۔
قائد آباد مجید کالونی اسپتال چورنگی الیاس کوچ اڈے کے قریب فائرنگ سے 25 سالہ شاہ زیب زخمی ہوگیا، ایدھی حکام کے مطابق واقعہ نامعلوم ملزمان کی فائرنگ پیش آنے کا بتایا جا رہا ہے۔
لانڈھی 4 نمبر زمان آباد میں فائرنگ سے 30 سالہ اکبر علی زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کے لیے جناح اسپتال لیجایا گیا۔
چھیپا حکام کے مطابق واقعہ ڈکیتی مزاحمت کے دوران بازو پر گولی لگنے کا بتایا جا رہا ہے۔
دریں اثنا لیاقت آباد 10 نمبر الیکٹرانک مارکیٹ کے قریب فائرنگ سے نوجوان زخمی ہوگیا جسے عباسی شہید اسپتال لیجایا گیا۔
لیاقت آباد پولیس کے مطابق مضروب کی شناخت 16 سالہ حمزہ کے نام سے کی گئی جبکہ واقعہ نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے کا بتایا جا رہا ہے جس کی مزید چھان بین کی جا رہی ہے ۔