ترکیے کا 48 جدید ترین کان لڑاکا طیارے انڈونیشیا کو فروخت کرنے کااعلان
اشاعت کی تاریخ: 11th, June 2025 GMT
انقرہ: ترکیے کے صدر رجب طیب اردوان نے کہاہےکہ ان کاملک 48 جدید ترین کان لڑاکا طیارے انڈونیشیا کو فروخت کرےگا۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں ترک صدرکا کہنا تھا کہ دوست اور برادر ملک انڈونیشیا کے ساتھ طے پانے والے معاہدے کے ایک حصے کے طور پر آنے والے دس برسوں میں ترک ساختہ 48 لڑاکا کان طیارے انڈونیشیا کو برآمد کیے جائیں گے۔
ترک صدر کا کہنا تھا کہ کان طیاروں کی تیاری میں انڈونیشیا کی مقامی صلاحیتوں کو بھی استعمال کیا جائےگا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ معاہدہ ہماری مقامی اور قومی دفاعی صنعت کی پیشرفت اور صلاحیتوں کا واضح عکاس ہے۔
خیال رہے کہ کان ففتھ جنریشن لڑاکا طیارہ ہے جو کہ ترک ایرو اسپیس انڈسٹریز نے تیار کیا ہے۔ انڈونیشیا کو فروخت کان طیارے کی پہلی بین الاقوامی برآمد ہوگی، یہ ترکیے کا اب تک کا ریکارڈ ساز دفاعی معاہدہ ہے۔
کان طیارے کی خصوصیات میں راڈار سےچھُپنے کی اعلیٰ صلاحیت، باڈی میں اسلحہ اٹھانے اور اعلیٰ حربی قابلیت شامل ہے۔
گزشتہ سال فروری میں کان طیارے نے اپنی پہلی کامیاب پرواز کی تھی۔ ترکیے نے جنگی طیاروں کی ترقی کا پروگرام دسمبر 2010 میں شروع کیا تھا۔ اگست 2016 میں حکومت اور ترک ایرو اسپیس کمپنی کے درمیان معاہدہ طے پایا تھا جس کا مقصد 2030 تک ترک فضائیہ کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے امریکا سے خریدےگئے ایف 16 بیڑے کی جگہ ففتھ جنریشن کے لڑاکا طیارے کو میدان میں لانا تھا۔
واضح رہےکہ اس سے قبل2019 میں ترکیے کو روس سے S-400 فضائی دفاعی نظام خریدنےکے نتیجے میں امریکا کی قیادت میں F-35 جنگی طیاروں کی تیاری کے پروگرام سے باہر کر دیا گیا تھا۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
پاکستان نے بھارت کے ایک دو نہیں 7 طیارے گرائے، انیل چوہان کا اعتراف
پاکستان کو سبق سکھانے کے دعوے کرنے والے بھارتی مسلح افواج کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انیل چوہان نے بڑا اعتراف کرلیا۔
رپورٹس کے مطابق کہ چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انیل چوہان نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کے ایک دو نہیں بلکہ 7 طیارے گرائے۔
تاہم اپنے بیان میں شرمندگی کے بجائے آرمی چیف نے ڈھٹائی سے کہا کہ اتنے گرنے کے بعد بھی ہم 3 دن بعد بھی ہوا میں تھے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی امریکی جریدے بلوم برگ کو انٹرویو میں بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انیل چوہان نے پاکستان کے ساتھ جھڑپوں میں بھارتی لڑاکا طیاروں کے کھونے کا اعتراف کیا تھا۔
بھارتی افواج کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انیل چوہان نے سنگاپور میں شنگریلا ڈائیلاگ کے دوران اعتراف کیا تھا کہ بھارتی فضائیہ نے لڑاکا طیارے کھوئے۔ تاہم انہوں نے واضح طور پر تعداد بتانے سے گریز کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ’طیارے گرنا اہم نہیں، یہ جاننا ضروری ہے کہ وہ کیوں گرے۔
Post Views: 3