ملکی بحران کا حل حکومت کی رخصتی میں ہے، محمود خان اچکزئی
اشاعت کی تاریخ: 13th, June 2025 GMT
پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ پاکستان تاریخ کے نازک ترین دور سے گزر رہا ہے اور موجودہ حکومت کو گرانا اب ناگزیر ہوچکا ہے، ورنہ ملک تباہی کے دہانے پر پہنچ جائے گا۔
کوئٹہ میں پارٹی کی مرکزی ایگزیکٹو اور سینٹرل کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ پاکستان جب سے بنا ہے، مسلسل بحرانوں میں گھرا ہوا ہے، انہوں نے الزام عائد کیا کہ 25 کروڑ عوام کا مینڈیٹ زر اور دہشت کے ذریعے چھینا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: نہ ہم نے کسی ادارے کی بے عزتی کرنی ہے نہ کسی کو نیچا دکھانا ہے، محمود خان اچکزئی
محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ملک میں عدلیہ کو بے اثر اور میڈیا کو پابندیوں میں جکڑ دیا گیا ہے جبکہ آئین کی کھلم کھلا خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں 45 فیصد سے زائد آبادی غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہی ہے اور ریاست اربوں ڈالر کے قرض تلے دب چکی ہے۔
محمود خان اچکزئی نے مطالبہ کیا کہ جن افراد کے وسائل ان کی آمدنی سے زیادہ ہیں ان کے اثاثے ضبط کیے جائیں اور قوم کو لوٹی گئی دولت واپس دلائی جائے، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا زیادہ تر بجٹ قرضوں کی ادائیگی اور دفاع پر خرچ ہو رہا ہے۔
قومی اتحاد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ ان حالات کا مقابلہ صرف اجتماعی سیاسی جدوجہد سے ممکن ہے، انہوں نے شہباز شریف اور ان کی اتحادی جماعتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر اقتدار سے الگ ہو جائیں تاکہ ملک کو بچایا جا سکے۔
مزید پڑھیں: محمود خان اچکزئی نے قومی اسمبلی کی کمیٹیوں سے استعفیٰ دینے کا اعلان کردیا
ایران کی موجودہ صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ایران ہمارا ہمسایہ ہے اور وہاں جو کچھ ہو رہا ہے، وہ ہمارے لیے سبق ہے۔ ’اگر پاکستان کو کوئی نقصان ہوا تو اس کے ذمہ دار وہی قوتیں ہوں گی، جو موجودہ حکومت کی پشت پناہی کر رہی ہیں۔‘
محمود خان اچکزئی کے مطابق اب بھی عدلیہ، میڈیا اور عوام میں ملک کو بچانے کی صلاحیت موجود ہے، بس اس کا درست استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
پشتونخوا ملی عوامی پارٹی شہباز شریف عدلیہ محمود خان اچکزئی میڈیا.ذریعہ: WE News
کلیدی لفظ: پشتونخوا ملی عوامی پارٹی شہباز شریف عدلیہ محمود خان اچکزئی میڈیا محمود خان اچکزئی نے کہا کہ پاکستان
پڑھیں:
او آئی سی سی آئی سروے میں 73فیصد افراد نے پاکستان کو سرمایہ کاری کیلئے موزوں قراردیدیا
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (او آئی سی سی آئی) کے سروے 2025 میں غیر ملکی سرمایہ کاروں نے پاکستان پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق 73 فیصد غیر ملکی سرمایہ کاروں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع اور حکومتی پالیسیوں پر اطمینان ظاہر کیا ہے۔
سروے میں بتایا گیا کہ اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کی مؤثر حکمت عملیوں نے ملک میں ترقی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے نئے دروازے کھول دیے ہیں۔ سرمایہ کار دوست پالیسیوں کی بدولت پاکستان پر غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق مستقبل کی سرمایہ کاری کے لیے تین چوتھائی سے زائد بین الاقوامی سرمایہ کار پاکستان کو ایک مستحکم اور قابلِ اعتماد ملک سمجھتے ہیں۔ 2025 میں 73 فیصد سرمایہ کاروں نے پاکستان کو سرمایہ کاری کے لیے موزوں قرار دیا، جو 2023 میں 61 فیصد تھی۔ یہ اضافہ ملکی معیشت میں بہتری، عالمی کریڈٹ ریٹنگ کے اپ گریڈ ہونے اور روپے کے استحکام کے باعث ممکن ہوا۔
او آئی سی سی آئی رپورٹ کے مطابق مہنگائی کی شرح میں 37 فیصد سے کم ہو کر 4 فیصد تک آنے نے بھی غیر ملکی سرمایہ کاری کے رجحان کو تقویت دی۔
او آئی سی سی آئی کے صدر یوسف حسین نے کہا کہ ایس آئی ایف سی نے سرمایہ کاری کے فروغ اور بین الحکومتی ہم آہنگی کے لیے ایک منظم نظام متعارف کرایا ہے۔ غیر ملکی سرمایہ کاروں نے آئی ٹی، زراعت، توانائی، فارما اور برآمدی صنعت کو سب سے زیادہ پرکشش شعبے قرار دیا ہے۔
سروے کے نتائج اس بات کا ثبوت ہیں کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کا پاکستان پر بڑھتا ہوا اعتماد ملکی معیشت کے استحکام اور ترقی کے نئے دور کی نشاندہی کر رہا ہے۔