خیبر پختونخوا میں 55 لاکھ بچے اسکولوں سے باہر ہیں، وفاقی وزیر اطلاعات
اشاعت کی تاریخ: 14th, June 2025 GMT
اسلام آباد:
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے خیبرپختونخوا حکومت کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں تعلیم اور صحت کا برا حال ہے اور اس وقت 55 لاکھ بچے اسکولوں سے باہر ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ایران پر اسرائیلی حملے کے خلاف بھرپور مؤقف اپنایا اور ایرانی مستقل مندوب نے حمایت پر سیکیورٹی کونسل میں پاکستان کی تعریف کی۔
انہوں نے کہا کہ مشکل وقت میں ایران کے بہن بھائیوں کے ساتھ اظہار یک جہتی کرتے ہیں، اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت ایران کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔
عطااللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن کا فروغ چاہتا ہے، دنیا خطے میں امن کے لیے پاکستان کے کردار کا اعتراف کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطین کے نہتے مسلمانوں کو نہ کبھی بھلایا ہے نہ بھلائیں گے، پاکستان نے غزہ کے مسلمانوں پر جاری مظالم کی ہمیشہ مذمت کی، فلسطینی کاز ہمارے دلوں کے قریب ہے اور پاکستان نے ہر عالمی فورم پر فلسطینی بہن بھائیوں کے لیے آواز اٹھائی ہے۔
عطا اللہ تارڑ نے بجٹ پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج اللہ کے فضل و کرم سے کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس ہے، بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ترسیلات زر بھیجنے سے روکنے کی کوشش کی لیکن اوورسیز پاکستانیوں نے ریکارڈ ترسیلات وطن بھیجیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وفاقی بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کو بھرپور ریلیف دیا گیا، تنخواہ دار طبقے کو تنخواہوں میں اضافے کے علاوہ ٹیکس میں بھی رعایت دی گئی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی نے خیبر پختونخوا کے عوام کا وقت ضائع کیا، خیبر پختونخوا میں 55 لاکھ بچے اسکولوں سے باہر ہیں، خیبر پختونخوا میں صحت اور تعلیم کے شعبوں کا برا حال ہے۔
خیبرپختونخوا حکومت کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پشاور میں سیف سٹی منصوبہ آج تک مکمل نہیں ہو سکا، خیبر پختونخوا کے بجٹ میں عوام کو کوئی ریلیف نہیں دیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے بجٹ میں کوئی ایک منصوبہ بھی انقلابی منصوبہ نہیں ہے، فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ملک کی تاریخ میں ریکارڈ محصولات اکٹھی کیں۔
انہوں نے کہا کہ شوگر انڈسٹری کے ٹیکس میں 30 فیصد اضافہ ہوا ہے، ٹوبیکو مافیا کو شکنجہ ڈالنے کی ضرورت ہے، کراچی بندرگاہ پر پہلی مرتبہ فیس لیس اسیسمنٹ نظام رائج کیا گیا، فیس لیس اسسمنٹ نظام کی بدولت چند گھنٹے میں کنٹینر کلیئر کر دیا جاتا ہے۔
عطا اللہ تارڑ نے بتایا کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ بینکوں پر ونڈ فال ٹیکس لگایا گیا، وزیراعظم کی ذاتی دلچسپی سے ساڑھے 34 ارب روپے سرکاری خزانے میں واپس آئے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا اللہ تارڑ نے وفاقی وزیر کرتے ہوئے
پڑھیں:
گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے سے سیلاب کا خطرہ
—فائل فوٹونیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے 3 اگست تک موسمی صورتِ حال اور ممکنہ خطرات پر الرٹ جاری کر دیا۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا کے علاقوں کےلیے گلیشیائی جھیلوں کے سیلاب کا خطرہ ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ، خوشاب اور نارووال میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے بروقت حفاظتی اقدامات کریں۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے علاقوں میں اگلے 12 تا 24 گھنٹوں کے دوران شدید بارشیں متوقع ہیں، جن سے صوبے کے نشیبی علاقوں میں سیلاب اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔
این ڈی ایم اے نے بتایا ہے کہ چترال، دیر، سوات، کالام، مانسہرہ، بٹگرام، ایبٹ آباد،ہری پور، صوابی، مردان، پشاور اور چارسدہ میں بارشوں کا امکان ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق کوہاٹ، ہنگو، بنوں، لکی مروت، ڈی آئی خان میں موسلا دھار بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا میں جھیلوں کے پھٹنے سے سیلابی صورتِ حال کا خطرہ ہے۔