کراچی؛ مبینہ پولیس مقابلے میں خطرناک گینگ کا سرغنہ ہلاک
اشاعت کی تاریخ: 16th, June 2025 GMT
کراچی:
شاہ لطیف پولیس نے اتوار اور پیر کی درمیانی شب منزل پمپ صالح محمد گوٹھ میں مبینہ مقابلے میں ایک ڈاکو کو ہلاک کر دیا۔
ترجمان ایس ایس پی ملیر کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت 35 سالہ نوید عرف کپی ولد محمد اعظم کے نام سے کی گئی، ہلاک ہونے والا ملزم خطرناک گینگ کا سرغنہ تھا۔ ملزم نوید بھتہ خوری، ڈکیتی، شہریوں سے لوٹ مار اور پولیس مقابلوں سمیت دیگر سنگین وارداتوں میں ملوث تھا۔
واقعے کے مطابق شاہ لطیف تھانے کی پولیس موبائل علاقے میں گشت پر تھی کہ اس دوران پولیس پارٹی پر مسلح ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی، جس پر پولیس نے فوری طور پر جوابی فائرنگ کی، فائرنگ کے تبادلے میں ایک خطرناک ملزم ہلاک ہوگیا، جس کا شمار ایک اہم منظم جرائم پیشہ گروہ کے کارندوں میں ہوتا تھا۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے ایک 223 رائفل، ایک نائن ایم ایم ماؤزر و ایمونیشن، موبائل فون اور رقم برآمد کر لی۔
ہلاک ملزم نوید عرف کپی کے خلاف متعدد مقدمات درج ہیں اور وہ کئی بار قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب رہا ہے، ملزم سے برآمد شدہ اسلحہ کو فرانزک کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ ہلاک ہونے والے ملزم کے فرار ہونے والے دیگر ساتھیوں کی تلاش میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی: زیادتی کی شکار غیرملکی خاتون نے ملزم کو معاف کردیا
کراچی کے علاقے ڈیفنس میں زیادتی کا شکار غیر ملکی خاتون نے ملزم کو معاف کردیا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی ملزم کے جسمانی ریمانڈ میں چار روز کی توسیع کردی۔
کراچی میں درخشاں تھانے کی حدود میں امریکی خاتون سے زیادتی کے مقدمے کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں ہوئی پولیس نے گرفتار ملزم جیسپر عرف آدی محمود کو عدالت میں پیش کیا۔
متاثرہ خاتون نے عدالت میں زیر دفعہ 164 کا بیان ریکارڈ کروایا، متاثرہ خاتون نے ملزم کو معاف کرنے کا بیان دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ میں ملوث ملزم آدی محمود کو گرفتار کرلیا ہے، ملزم تھانا درخشاں میں گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے صفائی کا کام کر رہا تھا۔
خاتون نے بیان میں کہا کہ پولیس افسر نے اس کا دستخط شدہ بیان جلادیا، پولیس افسر نے کہا کہ مقدمہ درج کروائیں ورنہ ہمارے لیے مشکل ہوجائے گی۔
متاثرہ خاتون نے کہا کہ ملزم کی زندگی خراب نہیں کرنا چاہتی۔
عدالت نے متاثرہ خاتون کا بیان کیس کا حصہ بنادیا جبکہ عدالت نے ملزم جیسپر کے جسمانی ریمانڈ میں چار روز کی توسیع کردی۔
عدالت نے تفتیشی افسر کو ملزم کی عمر کے تعین سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔