کوئٹہ سریاب میں 2 کمسن بچیوں کی بوری بند لاشیں برآمد، شہر میں خوف و ہراس پھیل گیا
اشاعت کی تاریخ: 1st, August 2025 GMT
بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں لرزہ خیز واردات سامنے آئی ہے جہاں سریاب کے علاقے قمبرانی روڈ کے قریب کلی بنگلزئی سے بدھ کے روز 2 کمسن بچیوں کی بوری بند لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ اس دل دہلا دینے والے واقعے نے پورے شہر کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔
پولیس کے مطابق جاں بحق بچیوں کی شناخت 3 سالہ بی بی میرب اور 7 سالہ بی بی یسرا کے نام سے کی گئی ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دونوں بچیوں کو گلہ گھونٹ کر قتل کیا گیا۔ لاشوں کو سول ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں پوسٹ مارٹم کرنے والی پولیس سرجن ڈاکٹر عائشہ فیض نے تصدیق کی کہ دونوں بچیوں کی موت دم گھٹنے سے ہوئی۔
یہ بھی پڑھیے: سیکیورٹی خدشات، بلوچستان بھر میں 15 روز کے لیے دفعہ 144 نافذ
واقعے کی ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے اور پولیس نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے مقتولہ بچیوں کے والدین اور قریبی رشتہ داروں سے تفتیش شروع کر دی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ بچیوں کے والدین کے درمیان ڈیڑھ سال قبل علیحدگی ہو چکی تھی اور اس پہلو کو بھی ممکنہ وجہ کے طور پر شاملِ تفتیش کیا گیا ہے۔
سینیئر پولیس افسر کے مطابق جائے وقوعہ سے اہم شواہد اکٹھے کیے گئے ہیں اور مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں تاکہ جلد از جلد قاتلوں کو قانون کی گرفت میں لایا جا سکے۔ پولیس نے یقین دہانی کرائی ہے کہ مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا اور متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کیا جائے گا۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
بچے جرم سریاب کوئٹہ.ذریعہ: WE News
کلیدی لفظ: بچے سریاب کوئٹہ بچیوں کی
پڑھیں:
کراچی: مختلف مقامات سے نوعمر لڑکی سمیت دو افراد کی لاشیں برآمد
کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں مختلف مقامات سے نوعمر لڑکی سمیت دو افراد کی لاشیں ملیں ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سرجانی ٹاؤن کے علاقے سیکٹر 51 سی میں گھر کی پہلی منزل سے نوعمر لڑکی کی گلے میں پھندا لگی لاش ملی جس کی اطلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش اپنے قبضے میں لیکر شواہد حاصل کرنے کے بعد عباسی شہید اسپتال پہنچائی۔
ایس ایچ او سرجانی ٹاؤن عرفان آصف نے بتایا کہ متوفیہ کی شناخت 11 سالہ آسیہ کے نام سے کی گئی جس کی پڑوسی نے اپنی چھت سے لٹکتی ہوئی لاش دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی ۔
ابتدائی معلومات کے مطابق متوفیہ کے والدین میں گزشتہ شب جھگڑا ہوا تھا جس کے بعد بچی کی والدہ گھر چھوڑ کر چلی گئی تھی ۔متوفیہ کی لاش ملنے کے وقت گھر پر کوئی موجود نہیں تھا۔ تاہم، شبہ ہے کہ آسیہ نے والدین میں ہونے والے جھگڑوں سے دلبرداشتہ ہو کر گلے میں پھندا کر خودکشی کی ہے۔
تاہم، پولیس دیگر پہلوؤں پر بھی تحقیقات کر رہی ہے اور اس حوالے سے وجہ موت کے تعین کے لیے متوفیہ آسیہ کا پوسٹ مارٹم بھی کرایا گیا ہے جس کی رپورٹ آنے کے بعد حتمی طور پر ہلاکت کا تعین کیا جا سکے گا۔
دریں اثنا سرجانی ٹاؤن کے علاقے کے سیکٹر 54 سی کے قریب خالی پلاٹ میں پانے سے بھرے ہوئے گڑھے سے ایک شخص کی لاش ملی جس کی اطلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر اسے ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال پہنچایا۔
پولیس کے مطابق متوفی کی لاش کئی روز پرانی بتائی جاتی ہے جس کی فوری طور پر شناخت نہیں ہوسکی جبکہ اس کی عمر 30 سے 35 سال کے قریب بتائی جاتی ہے جبکہ ابتدائی تحقیقات میں واقعہ گڑھے میں بھرے پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہونے کا معلوم ہوتا ہے۔
تاہم، پولیس مزید چھان بین کر رہی ہے تحقیقات کر رہی ہے۔