جعلی حکومت بانی کو قید تنہائی میں رکھ کر توڑ نہیں سکتی‘ بیرسٹر سیف
اشاعت کی تاریخ: 16th, June 2025 GMT
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جون2025ء) مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ جعلی حکومت بانی پی ٹی آئی عمران خان کو قیدِ تنہائی میں رکھ کر توڑ نہیں سکتی، یہ جعلی حکومت کی ایک اور ناکام کوشش ہے۔اپنے بیان میں بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ 26 ویں آئینی ترمیم کے ذریعے عدالتوں کو مفلوج کر دیا گیا ہے، عدالتی احکامات کے باوجود خاندان اور نہ ہی پارٹی رہنماؤں کو عمران خان سے ملاقات کی اجازت دی جا رہی ہے، 26 ویں ترمیم نے ملک کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچایا ہے۔
(جاری ہے)
انہوں نے کہا کہ جعلی حکومت نے نظامِ انصاف کو 26 ویں ترمیم کی زنجیروں میں جکڑ دیا ہے، جعلی حکومت نے عارضی فائدے کیلئے ملک کے عدالتی نظام کو داؤ پر لگا دیا ہے، عمران خان سمیت پی ٹی آئی کے تمام رہنما ضمیر کے قیدی بنے ہیں۔بیرسٹر سیف کا مزید کہنا تھا کہ جعلی حکومت بانی پی ٹی آئی کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی، لیکن ملک کو تباہی کے دہانے پر ضرور پہنچا دیا، عمران خان اپنی قوم کی حقیقی آزادی کیلئے خون کے آخری قطرے تک لڑیں گے، نواز شریف اور زرداری کی طرح کوئی ڈیل کر کے ملک سے باہر نہیں جائیں گے۔.ذریعہ: UrduPoint
کلیدی لفظ: تلاش کیجئے جعلی حکومت بیرسٹر سیف
پڑھیں:
اب سزاؤں کا اتوار بازار ختم ہونا چاہیے، نفرتوں سے حکومت کرنے سے پاکستان کا نقصان ہوگا:چیئرمین پی ٹی آئی
پشاور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ اب سزاؤں کا اتوار بازار ختم ہونا چاہیے. نفرتوں سے حکومت کرنے سے پاکستان کا نقصان ہوگا۔پشاور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ آج عمر ایوب، شبلی فراز اور عبدالطیف کی نا اہلی سے متعلق درخواستوں کی سماعت تھی. ان مقدمات میں الیکشن کمیشن نے غیر قانونی طور پر نا اہل کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ عدالت سے استدعا کی کل سماعت کر لی جائے، عدلیہ سے امید وابستہ ہے.عدلیہ کو کہتے ہیں کہ ریلیف اور انصاف ہوتا ہوا نظر آنا چاہیے. کل اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس طارق جہانگیری کے ساتھ جو کچھ ہوا، وہ افسوس ناک ہے. کسی بھی جج کو عدالتی امور سے روکا نہیں جاسکتا. عوام کا پہلے ہی عدلیہ سے کافی اعتماد اٹھ چکا ہے.سپریم کورٹ اس معاملے میں ایکشن لے. اسلام آباد ہائیکورٹ میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کے کریمنل کیسز جلد سنے جائیں۔چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ اس وقت عوام مایوسی کے عالم میں ہیں. چیف جسٹس سے درخواست ہے کہ ہمارے زیر التوا مقدمات پر قانون کے مطابق کارروائی کریں۔بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ عدلیہ ماتحت عدالتوں پر نظر رکھتی تو ہمارے 3 لوگوں کو 100 سال کی سزا نہ ہوتی.اب سزاؤں کا اتوار بازار ختم ہونا چاہیے. نفرتوں سے حکومت کرنے سے پاکستان کا نقصان ہوگا۔