لاہور ایئرپورٹ سے 5 سال بعد اڑان بھرنے والی پہلی پرواز پیرس میں لینڈ کر گئی
اشاعت کی تاریخ: 18th, June 2025 GMT
پانچ سال کے بعد لاہور ایئرپورٹ سے فرانس کیلیے اڑان بھرنے والی پی آئی اے کی پرواز پیرس میں لینڈ کر گئی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پی آئی اے کی لاہور سے فرانس کی پرواز پیرس ایئرپورٹ پر لینڈ کر گئی، 5 سال کی مدت کے بعد پی آئی اے نے لاہور سے پیرس کا روٹ دوبارہ شروع کیا ہے جس سے اوورسیز پاکستانیوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے ہیں۔
پہلی ہفتہ وار پرواز لاہور سے پیرس کے لیے دوپہر 12 بجے روانہ ہوئی، پی کے 733 کے ذریعے 276 مسافر پیرس پہنچے، پی آئی اے پہلے ہی اسلام آباد سے پیرس کی ہفتہ وار دو پروازیں آپریٹ کررہی ہے۔
پی آئی اے کی پہلی پرواز آمد پرایک سادہ مگر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں کیک کاٹا گیا تھا۔
مزید پڑھیں: خوشخبری، پی آئی اے نے لاہور سے پیرس کیلیے پروازوں کا آغاز کردیا
پیرس ایئر پورٹ پی آئی اے حکام اور ایمبسی کے عملے نے تقریب میں شرکت کی، اس موقع پر اوورسیز پاکستانی کمیونٹی کے سربراہ ملک اعظم برہان نے پی آئی اے حکام کو گلدستے پیش کیے اور کہا کہ ہمیں بڑی خوشی ہے کہ لاہور کا پیرس سے پانچ سال بعد رابطہ بحال ہوگیا۔
انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی بہت زیادہ خوش ہیں اور امید کرتے ہیں کہ پاکستانی جھنڈے کے ساتھ پیرس اترنے والی پرواز میں مزید اہم تبدیلیاں کی جائیں گی تاکہ مسافروں کو زیادہ سے زیادہ سہولت مل سکے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
لاہور سے پنڈی جانے والی ٹرین کالا شاہ کاکو میں پٹڑی سے اتر گئی، 30 مسافر زخمی
لاہور‘اسلام آباد‘فیروزوالہ،شیخوپورہ(خبرنگار خصوصی+نامہ نگاران+نمائندہ خصوصی) لاہورسے راولپنڈی جانے والی اسلام آباد ایکسپریس کی 5 بوگیاں کالاشاہ کاکو کے قریب پٹڑی سے اتر کر الٹ گئیں۔ حادثہ میں30 مسافر زخمی ہوئے ۔وزیراعظم شہبازشریف نے ٹرین حادثہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے زخمیوں کو ترجیحی بنیادوں پر طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔بتایا گیا ہے کہ مسافر ٹرین 017اپ جب کالا شاہ کا کو کے قریب پہنچی توحادثہ پیش آگیا۔اطلاع کے مطابق حادثے کی وجہ ٹریک کی خستہ حالی بتائی گئی ہے جس کی ایک لیئر ٹریک سے ٹوٹ کر الگ ہوگئی جس کے باعث 5بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔حادثہ رات کے وقت پیش آیاجبکہ ضلعی انتظامیہ تاخیر سے پہنچی۔ مسافروں کی چیخ وپکار سن کر مقامی افراد جائے وقوعہ پر پہنچے اور زخمیوں کو ٹرین سے باہر نکالنے میں مدد کی۔ بعدازں ریسکیو اہلکاروں نے پھنسے ہوئے بعض مسافروں کو بوگیاں کاٹ کر باہر نکالا۔زخمیوں میں مرد، خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ زخمیوں کی اکثریت کو موقع پر فسٹ ایڈدی گئی جبکہ 4شدید زخمی افراد کو ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔حادثہ کے باعث مذکورہ ٹریک پر ٹرینوں کی آمدورفت متاثر رہی۔ وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی ای او ریلوے اور ڈی ایس ریلوے کو جائے حادثہ پر پہنچنے کی ہدایت کی اور انکوائری کرکے 7روز میں رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیدیا۔