امریکی صدر کی پاکستان سے ’’محبت‘‘
اشاعت کی تاریخ: 20th, June 2025 GMT
data-id="863a0a8" data-element_type="widget" data-widget_type="theme-post-content.default">
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاکستان کے لیے جذبات محبت آج کل کچھ زیادہ ہی امڈے چلے آ رہے ہیں چنانچہ اسی جذباتی کیفیت میں جہاں انہوں نے ’’آئی لو پاکستان‘‘ کا نعرہ بلند کیا ہے وہیں امریکا کے دورے پر مدعو کیے گئے پاکستان کی مسلح افواج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کو بھی غیر معمولی پذیرائی بخشی گئی ہے جسے بجا طور پر ذرائع ابلاغ نے ’’تاریخی‘‘ قرار دیا ہے، امریکی صدر نے پاک فوج کے سپہ سالار کو ایوان صدر ’وائٹ ہائوس‘ کے کیبنٹ روم میں ظہرانہ دیا اس موقع پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی کابینہ کے ارکان سے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی خصوصی ملاقات بھی ہوئی جس کے دوران انہوں نے امریکی صدر کو پاک بھارت جنگ سے متعلق امور سے آگاہ کیا اور خطے میں امن و امان کی صورت حال پر تبادلہ خیالات بھی کیا گیا۔ اس ملاقات میں پاک امریکا تعلقات کو مزید وسعت دینے پر بات چیت بھی ہوئی۔ دو گھنٹے پر محیط اس ملاقات میں ایران سے متعلق امور بھی زیر غور آئے۔ اس موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر نے امریکا کے وزیر خارجہ مارکو روبیو اور وزیر دفاع پیٹ ہیکسگتھ سے ملاقاتیں بھی کیں بعد ازاں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفت گو کرتے ہوئے امریکی صدر نے فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کو اپنے لیے باعث اعزاز قرار دیا اور کہا کہ میں نے انہیں بھارت سے جنگ روکنے پر شکریہ ادا کرنے کے لیے ایوان صدر ’وائٹ ہائوس‘ مدعو کیا تھا۔ میں ان کا شکر گزار ہوں کہ وہ جنگ کی طرف نہیں گئے کیونکہ پاکستان اور بھارت دونوں جوہری طاقتیں ہیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بتایا کہ فیلڈ مارشل سے ملاقات کے دوران حالیہ ایران اور اسرائیل کے معاملے پر بھی بات ہوئی۔ پاکستان ایران کو دیگر لوگوں کے مقابلے میں زیادہ بہتر جانتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ تجارتی معاہدے پر بات چیت ہو رہی ہے جب کہ فیلڈ مارشل سے پاکستان کے تجارتی معاہدے پر بھی بات ہوئی۔ قبل ازیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہائوس کے باہر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے پاکستان کے حوالے سے گرمجوشی کا مظاہرہ کیا اور کہا آئی لو پاکستان، مجھے پاکستان سے پیار ہے، پاکستان ایک اہم ایٹمی طاقت اور مجھے پسند ہے۔ میں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان ایٹمی جنگ کو روکا ہے۔ پاکستان کے فیلڈ مارشل عاصم منیر اپنے ملک کی ایک با اثر شخصیت ہیں اور انہوں نے پاکستان کی طرف سے جنگ بندی میں اہم کردار ادا کیا۔ ٹرمپ نے کہا پاکستانی بہت اچھے لوگ ہیں۔ ادھر آرمی چیف کی امریکی صدر سے ملاقات کو اسلام آباد میں ایک بڑی سفارتی کامیابی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر کو کسی بھی بھارتی وفد سے پہلے وائٹ ہائوس مدعو کیا گیا جو امریکی خارجہ پالیسی میں پاکستان اسٹرٹیجک ترجیح کا واضح اشارہ ہے۔ امریکی صدر سے فیلڈ مارشل کی ملاقات اس بات کی غمازی ہے کہ امریکا علاقائی استحکام کو برقرار رکھنے میں پاکستان کے کردار سے بخوبی واقف ہے۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر پاکستان کی تاریخ کے پہلے چیف آف آرمی اسٹاف بن گئے جنہوں نے وائٹ ہائوس میں موجودہ امریکی صدر سے اعلیٰ سطحی ملاقات کی۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی یہ تاریخی مصروفیت پاکستان امریکا تعلقات میں اہم موڑ کی نشاندہی کرتی ہے اور پاکستان کی عسکری قیادت کے بلند عالمی قد کو اجاگر کرتی ہے۔ یہ ملاقات سویلین نمائندگی کے بغیر پاکستان کی فوجی قیادت اور امریکی حکومت کے اعلیٰ ترین سطح کے براہ راست روابط کی جانب اشارہ بھی کرتی ہے۔ اس وقت جب کہ ایران اور اسرائیل کے مابین جاری جنگ نے پوری دنیا کے امن کو خطرے میں ڈال دیا ہے اور امریکا اپنے مغربی اتحادیوں کے ساتھ مل کر کھلم کھلا اسرائیل کی حمایت و سرپرستی پر کمربستہ ہے بلکہ اسرائیل کی سالمیت کے تحفظ کے نام پر خود بھی براہ راست اس جنگ میں کودنے کی دھمکیاں دے رہا ہے اور صدر ٹرمپ اس حوالے سے اپنے صبر کا پیمانہ لبریز ہونے کے دعوے اور ایران کو غیر مشروط ہتھیار ڈالنے کا حکم سنا رہے ہیں۔ اس کے برعکس پاکستان اس جنگ میں اعلانیہ ایران کی حمایت کر رہا ہے، پاکستان اسرائیل کو سرے سے تسلیم ہی نہیں کرتا اور اسے واضح الفاظ میں ایک جارح ریاست تصور کرتا ہے۔ اس صورت حال میں پاکستان کے فوجی سربراہ کی اس غیر معمولی اور غیر روایتی پذیرائی کو خالی ازعلت نہیں سمجھا جا سکتا۔ خاص طور پر امریکا کے پاکستان کے بارے میں ماضی قریب و بعید کے طرز عمل کی روشنی میں صدر ٹرمپ کی پاکستان سے یہ محبت بے مقصد نہیں ہو سکتی اس لیے لازم ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر اور پاکستان کے دیگر فیصلہ ساز امریکا سے دفاعی ہوں یا تجارتی معاملات میں کسی پیش رفت اور وعدہ وعید یا معاہدوں وغیرہ سے قبل دونوں ملکوں کے تعلقات میں آنے والے اتار چڑھائو کا ایک بار پھر سے بغور مطالعہ کر لیں۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اپنے پیش اور ملک کے پہلے فیلڈ مارشل محمد ایوب خاں کی خود نوشت ’’فرینڈز ناٹ ماسٹرز‘‘ جس کا ترجمہ ’’جس رزق سے آتی ہو پرواز میں کوتاہی‘‘ کے نام سے دستیاب ہے، کا مطالعہ ضرور کیا ہو گا۔ اس میں جن امور کی نشاندہی کی گئی ہے، انہیں بہرحال فراموش نہیں کیا جانا چاہیے۔ جنرل ضیاء الحق مرحوم، امریکا کو جس قدر محبوب تھے، وہ کسی سے پوشیدہ نہیں مگر اپنا مقصد پورا ہو جانے کے بعد امریکا نے ان سے جو سلوک کیا وہ ہر باشعور فرد کے لیے باعث عبرت ہے۔ اہل پاکستان اس حقیقت کو بھی فراموش نہیں کر سکتے کہ یہ امریکا ہی تھا جس نے پاکستان کو ایف سولہ طیارے فروخت کرنے کا معاہدہ کیا تھا اور پھر ان طیاروں کی قیمت وصول کرنے کے باوجود طیاروں کی فراہمی سے صاف انکار کر دیا تھا اور پاکستان کو طیاروں کی قیمت تک واپس کرنے سے منکر ہو گیا تھا اور ہمیں اس رقم کے عوض گندم کی خریداری پر مجبور کیا گیا تھا اور یہ بات کوئی غیرت مند پاکستانی کس طرح بھول سکتا ہے کہ یہ ہمارے دوست امریکا کے حکمران ہی تھے جنہوں نے اہل پاکستان پر ’’مادر فروشی‘‘ کا الزام لگانے اور طعنہ زنی تک سے گریز نہیں کیا تھا۔ آج اس امریکا کے صدر کے پیٹ میں پاکستان کی محبت کا مروڑ اٹھا ہے اور وہ ہمارے فیلڈ مارشل کو غیر معمولی پذیرائی بخش رہا ہے تو دال میں کچھ کالا کا شک بلاجواز نہیں اس لیے ضروری ہے کہ پاکستانی حکمران خصوصاً عسکری قیادت ان چکنی چپڑی باتوں اور خوشامد کے جال میں پھنسنے کے بجائے نہایت احتیاط سے سوچ بچار کرکے پاکستان کے مفاد کو اوّلین ترجیح سمجھتے ہوئے معاملات کو آگے بڑھائے…!! خاص طور پر کشمیر پر صدر ٹرمپ کی بار بار ثالثی کی پیشکش کو قبول کرنے سے قبل یہ امر پیش نظر رہے کہ امریکا کشمیر پر اپنا مخصوص ایجنڈا رکھتا ہے جو وہ ثالثی کے دوران منوانے کی کوشش کرے گا اگرچہ موجودہ حالات میں بھارت بھی ایسے کسی حل اور امریکی ثالثی کو قبول کرنے پر آمادہ نہیں، تاہم ہمیں بھی یہ حقیقت پیش نظر رکھنا چاہیے کہ امریکی ایجنڈے کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل پاکستان کے قطعی مفاد میں نہیں۔
.ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: فیلڈ مارشل عاصم منیر صدر ڈونلڈ ٹرمپ میں پاکستان امریکی صدر پاکستان کے پاکستان اس وائٹ ہائوس پاکستان کی سے ملاقات امریکا کے تھا اور رہا ہے ہے اور
پڑھیں:
ٹرمپ سے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ملاقات خطے میں سفارتی تبدیلی کا آغاز تھی، دی اکانومسٹ
برطانوی جریدہ دی اکانومسٹ نے پاک امریکہ تعلقات میں بہتری اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے کردار کو امریکی پالیسی میں بڑی تبدیلی قرار دے دیا
3 اگست کو شائع ہونے والی ایک تفصیلی رپورٹ میں برطانوی جریدے دی اکانومسٹ نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان بہتر ہوتے تعلقات کو امریکی خارجہ پالیسی میں ایک بڑی تبدیلی کی علامت قرار دیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ملاقات کو خطے میں سفارتی تبدیلی کی ابتدا سمجھا جا رہا ہے۔
رپورٹ میں پاکستان کی سفارتی حکمت عملی کو نئی سمت دیتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو اس میں مرکزی کردار قرار دیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق امریکی حکام پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف کوششوں کو سراہ رہے ہیں، جبکہ بھارت کی تخریبی سرگرمیوں پر بھی سنجیدگی سے غور کر رہے ہیں۔
دی اکانومسٹ کے مطابق فیلڈ مارشل منیر اور ٹرمپ کی ملاقات ایک اسٹریٹجک موڑ تھا، اور امریکہ اب پاکستان کو بکتر بند گاڑیاں اور نائٹ وژن آلات فراہم کرنے پر غور کر رہا ہے تاکہ دفاعی تعاون کو ازسرنو فعال کیا جا سکے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ فیلڈ مارشل منیر نہ صرف پاکستان کے اندرونی معاملات میں مضبوط گرفت رکھتے ہیں بلکہ عالمی سطح پر بھی ان کی رسائی بڑھ رہی ہے۔ عالمی سفارت کار اور سرمایہ کار براہِ راست فیلڈ مارشل سے رابطے میں ہیں۔ انہوں نے چین اور خلیجی ممالک کے ساتھ متوازن تعلقات قائم کیے ہیں، جو پاکستان کی خارجہ پالیسی میں توازن اور بردباری کو ظاہر کرتے ہیں۔
جریدے نے فیلڈ مارشل کی کوششوں کو سراہتے ہوئے انہیں پاک-امریکہ تعلقات میں بہتری کے محرک کے طور پر پیش کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق بھارت کے ساتھ کشیدگی کے بعد فیلڈ مارشل کی مقبولیت میں اضافہ ہوا، اور انہوں نے غیر ملکی دباؤ کے باوجود بھارت کے خلاف موثر جواب دیا۔
دی اکانومسٹ کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر پاک-امریکہ تعلقات کو نئی جہت دے رہے ہیں۔ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت کو “مردہ معیشت” قرار دیتے ہوئے 25 فیصد ٹیرف عائد کیا، جبکہ پاکستان کے ساتھ تجارتی معاہدے میں صرف 19 فیصد ٹیرف لگایا، جو پاکستان کے لیے ایک مثبت پیش رفت ہے۔
امریکہ اس وقت پاکستان کے ساتھ تجارت، اسلحہ اور انسداد دہشت گردی کے شعبوں میں دوبارہ تعاون کی کوشش کر رہا ہے، جو کہ جنوبی ایشیا، چین اور مشرق وسطیٰ میں امریکی پالیسی میں بڑی تبدیلی کا مظہر ہے۔
آخر میں رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی نئی سفارتی حکمت عملی عالمی سطح پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کو ایک نئی شناخت دے رہی ہے، اور انہیں ایک ایسے رہنما کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے جو خطے میں سفارتی توازن اور استحکام کا ضامن بن رہا ہے۔
Post Views: 3