کراچی؛ گھر کے اندر اندھی گولی کا نشانہ بننے والی 11 سالہ بچی زندگی کی بازی ہار گئی
اشاعت کی تاریخ: 22nd, June 2025 GMT
کراچی:
شہر قائد میں اسلحے کا بے دریغ استعمال ایک اور معصوم زندگی نگل گیا، ملیر سعود آباد میں گزشتہ روز گھر کے اندر کھیلتی 11 سالہ بچی کرسٹینا راشد عمر کو نامعلوم سمت سے آنے والی اندھی گولی نے نشانہ بنایا، جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔
ریسکیو حکام کے مطابق معصوم کرسٹینا اپنے گھر میں موجود تھی کہ اچانک گولی آ کر اسے جا لگی اور انہیں زخمی حالت میں فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔
اندھی گولی لگنے سے زخمی ہونے والی 11 سالہ بچی جناح اسپتال میں تقریباً 20 گھنٹے تک زیر علاج رہی اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئیں۔
ایس ایچ او ملیر سٹی فراست شاہ کے مطابق پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، تاہم تاحال فائرنگ کرنے والے ملزم کا سراغ نہیں لگایا جا سکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ واقعے سے متعلق پولیس کو فوری اطلاع نہیں کی گئی اور نہ ہی پولیس کو ایم ایل رپورٹ موصول ہوئی، متوفیہ بچی کو سر پر گولی لگی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز کی رپورٹ کے بعد تعین ہوسکے گا کہ بچی کو گولی کیسے لگی تاہم واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
واضح رہے شہر میں یومیہ بنیادوں پر خواتین اور بچوں سمیت 8 سے تقریباً 10 افراد کے اندھی گولیوں کا نشانہ بننے کے واقعات رپورٹ ہورہے ہیں تاہم پولیس افسران ہوائی فائرنگ سمیت اسلحے کے آزادانہ استعمال کے خلاف خاطر خواہ کارروائی کرنے میں ناکام نظر آرہے ہیں۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: اندھی گولی
پڑھیں:
کراچی: زیادتی کی شکار غیرملکی خاتون نے ملزم کو معاف کردیا
کراچی کے علاقے ڈیفنس میں زیادتی کا شکار غیر ملکی خاتون نے ملزم کو معاف کردیا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی ملزم کے جسمانی ریمانڈ میں چار روز کی توسیع کردی۔
کراچی میں درخشاں تھانے کی حدود میں امریکی خاتون سے زیادتی کے مقدمے کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں ہوئی پولیس نے گرفتار ملزم جیسپر عرف آدی محمود کو عدالت میں پیش کیا۔
متاثرہ خاتون نے عدالت میں زیر دفعہ 164 کا بیان ریکارڈ کروایا، متاثرہ خاتون نے ملزم کو معاف کرنے کا بیان دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ میں ملوث ملزم آدی محمود کو گرفتار کرلیا ہے، ملزم تھانا درخشاں میں گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے صفائی کا کام کر رہا تھا۔
خاتون نے بیان میں کہا کہ پولیس افسر نے اس کا دستخط شدہ بیان جلادیا، پولیس افسر نے کہا کہ مقدمہ درج کروائیں ورنہ ہمارے لیے مشکل ہوجائے گی۔
متاثرہ خاتون نے کہا کہ ملزم کی زندگی خراب نہیں کرنا چاہتی۔
عدالت نے متاثرہ خاتون کا بیان کیس کا حصہ بنادیا جبکہ عدالت نے ملزم جیسپر کے جسمانی ریمانڈ میں چار روز کی توسیع کردی۔
عدالت نے تفتیشی افسر کو ملزم کی عمر کے تعین سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔