اراکین اسمبلی کی تنخواہیں نہیں بڑھیں گی، جیب سے دینے کو تیار ہوں، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا
اشاعت کی تاریخ: 23rd, June 2025 GMT
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا اسمبلی کے اراکین کی تنخواہوں میں اضافہ نہیں کیا جا رہا۔ ساتھ ہی اراکین کو یہ بھی بتا دیا کہ وہ ضرورت مند اراکین کو ذاتی طور پر مدد دینے کے لیے تیار ہیں۔
یہ بھی پڑھیں اسپیکر سمیت دیگر پارلیمنٹیرینز کی تنخواہوں میں اضافے کے خلاف خواجہ آصف پھٹ پڑے
بجٹ اجلاس کے دوران اپوزیشن کی رکن اسمبلی ثوبیہ شاہد نے اراکین کی تنخواہیں بڑھانے کی بات کی اور مطالبہ کیاکہ صوبائی اسمبلی کے اراکین کی تنخواہیں قواعد کے مطابق بڑھائی جائیں۔
وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور خود اسمبلی اجلاس میں موجود تھے۔ انہوں نے ثوبیہ شاہد کی درخواست پر خود اٹھ کر جواب دیا اور کہاکہ اراکین اسمبلی کی تنخواہوں پر بات نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ ان کی پارٹی کی پالیسی نہیں ہے کہ ایم پی ایز کی تنخواہیں بڑھائی جائیں۔
علی امین نے کہاکہ وہ خود ان اراکین کو ریلیف دینے کے لیے تیار ہیں جنہیں ضرورت ہے۔ ’جس بھی ایم پی اے کو پیسے چاہییں، میں ذاتی طور پر ہر ماہ ایک لاکھ روپے دینے کے لیے تیار ہوں۔‘
انہوں نے کہاکہ اراکین اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافہ پارٹی پالیسی نہیں ہے، اور تنخواہیں بڑھانے کا اختیار بھی ان کے پاس نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں کٹوتی کرنی ہے تو ججز کی تنخواہیں اراکین قومی اسمبلی کے برابر کی جائیں، قادر مندوخیل
علی امین نے اپنی بات دہراتے ہوئے کہاکہ جن اراکین کو ضرورت ہو، وہ ان سے رابطہ کریں، رقم ماہانہ ان کے اکاؤنٹس میں منتقل کردی جائے گی۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
wenews اراکین اسمبلی تنخواہیں علی امین گنڈاپور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا وی نیوز.ذریعہ: WE News
کلیدی لفظ: اراکین اسمبلی تنخواہیں علی امین گنڈاپور وزیراعلی خیبرپختونخوا وی نیوز اراکین اسمبلی کی تنخواہیں کی تنخواہوں اراکین کو علی امین کے لیے
پڑھیں:
کسی گروہ کو جہاد کا اعلان کرنے کا حق نہیں، جسے شوق ہے فوج جوائن کرے، طاہر اشرفی
پاکستان علما کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ کسی بھی گروہ، فرد یا جماعت کو جہاد کا اعلان کرنے کا حق حاصل نہیں ہے اور جو لوگ جہاد کا جذبہ رکھتے ہیں انہیں چاہیے کہ وہ فوج میں شمولیت اختیار کریں۔
یہ بھی پڑھیں: جہاد کا اعلان صرف ریاست کا اختیار ہے، کسی گروہ یا فرد کو اجازت نہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر
لاہور میں تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہاکہ ہمیں مذہبی رواداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے رویوں میں تبدیلی لانی ہوگی۔ انہوں نے اسلام میں غیر مسلموں کی جان و مال کے تحفظ کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے مزید کہاکہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بھارت جیسے کئی گنا بڑی طاقت پر فوقیت دی ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی معاہدہ بڑی اہمیت کا حامل ہے اور حرمین شریفین کی حفاظت ہمارے لیے فخر کی بات ہے۔
حافظ اشرفی نے کہاکہ آج کل جہاد کے مفہوم کو غلط انداز میں پیش کیا جا رہا ہے، اور کسی کو بھی یہ حق نہیں دیا جا سکتا کہ وہ خود سے جہاد کا اعلان کرے۔ جو لوگ جہاد کرنا چاہتے ہیں، انہیں فوج میں شامل ہونا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہاکہ پاکستان میں اقلیتوں کو کسی قسم کی ہراسانی برداشت نہیں کی جائے گی اور قانون کو ہاتھ میں لینے کی اجازت کسی کو نہیں دی جائے گی۔ پاکستان میں اقلیتوں کو بھی مسلمانوں کے برابر حقوق حاصل ہیں اور ہمیں پیغام پاکستان کو عملی شکل دینا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کارکنوں کے الجہاد الجہاد کے نعرے، ’ یہ جہاد نہیں سیاست الفساد ہے‘
واضح رہے کہ گزشتہ روز ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ریاستِ پاکستان کسی بھی غیر ریاستی عناصر کو قبول نہیں کرتی اور ملک میں کسی بھی مسلح جتھے یا تنظیم کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔ جہاد کا اعلان صرف ریاست کا اختیار ہے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
wenews پاکستان علما کونسل جہاد کا اعلان طاہر اشرفی فوج میں شمولیت گروہ وی نیوز