ہانیہ عامر کا بھارتی فلم سردار جی 3 میں کاسٹ ہونا کتنا اہم؟ شوبز شخصیات نے بتادیا
اشاعت کی تاریخ: 24th, June 2025 GMT
بھارتی پنجابی فلم ’سردار جی 3‘ کا ٹریلر ریلیز ہونے کے بعد جہاں مداح ہانیہ عامر کو دیکھ کر خوشگوار حیرت میں مبتلا ہوئے وہیں پاکستانی شوبز شخصیات نے بھی اپنی مختلف پوسٹس میں ہانیہ عامر کی انڈین فلم میں اداکاری کو تاریخی قرار دے دیا اور ان کی خوب تعریفیں کیں۔
پاکستان شوبز کے معروف اداکار اور ہدایت کار یاسر حسین نے انسٹاگرام پر فلم کا ٹریلر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ بہت سے پاکستانی اداکاروں نے بھارتی فلموں میں کام کیا لیکن ہانیہ عامر کی فلم تاریخی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان حالات میں ہانیہ عامر کا بھارتی فلم میں ہونا ان کی شاندار اداکاری کا ثبوت ہے۔
اداکارہ زارا نور عباس نے لکھا کہ وہ ہانیہ عامر کے لیے بہت خوش ہیں اور ان پر فخر کرتی ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ہماری سپر اسٹار ہالی ووڈ کے سفر کی جانب گامزن ہیں۔
ہانیہ عامر کی دوست یشما گل نے اداکارہ کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ آ جاؤ اور چھا جاؤ۔
انوشے اشرف لکھتی ہیں کہ ان سے قبل زیادہ تر پاکستانی اداکاروں نے بھارتی فلموں میں سائیڈ رول ادا کیے لیکن ہانیہ عامر نے مرکزی کردار ادا کیا اور وہ بھی دلجیت دوسانجھ جیسے اداکار کے ساتھ۔
پاکستانی اداکارہ زویا ناصر نے ہانیہ عامر کی تعریفوں کے پل باندھتے ہوئے کہا کہ ’اسٹار ہے اسٹار، آئی ہے تو چھا گئی ہے‘۔
ان کے علاوہ دیگر شوبز شخصیات نے بھی ہانیہ عامر کی بھارتی فلم کا ٹریلر جاری ہونے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اداکارہ کو اسٹار قرار دیا۔
واضح رہے کہ ہانیہ عامر کی ’سردار جی 3‘ میں شمولیت کے حوالے سے کافی عرصے سے قیاس آرائیاں جاری تھیں کیونکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی کے بعد یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ ہانیہ عامر کو فلم سے نکال دیا گیا ہے۔ اس کے بعد دلجیت دوسانجھ نے فلم کے حوالے سے پہلا پوسٹر شیئر کیا تو اس میں ہانیہ عامر کہیں نہیں تھیں۔
یہ بھی پڑھیں: سردار جی 3 کا ٹریلر ریلیز، دلجیت دوسانجھ کے ساتھ ہانیہ عامر کی شمولیت سے مداح حیران
اداکارہ ہانیہ عامر کی فلم میں شمولیت سے متعلق قیاس آرائیوں پر دلجیت دوسانجھ نے بھی مکمل خاموشی اختیار کر رکھی تھی اور ہانیہ عامر نے بھی اس حوالے سے میڈیا پر کوئی بیان جاری نہیں کیا تھا تاہم اب ’سردار جی 3‘ کا آفیشل ٹریلر سامنے آنے کے بعد تمام سوالوں کا جواب مل گیا ہے۔
پنجابی فلم انڈسٹری کی فلم ‘سردار جی 3’ سال 2015 میں ریلیز ہونے والی پنجابی فلم ‘سردار جی’ فرنچائز کا تیسرا حصہ ہے جو اپنی میکنگ کی خبروں سے ہی سرخیوں میں ہے۔ 22 اپریل 2025 کو پہلگام حملے کے بعد بھارت کی کئی فلمی تنظیموں، بشمول فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا نے ایمپلائیز (FWICE)، نے پاکستانی فنکاروں کے ساتھ کسی بھی قسم کے تعاون پر اعتراض کیا اور ان پر بالی ووڈ میں پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا۔ سوشل میڈیا پر #BOYCOTTSARDARJI3 جیسے ہیش ٹیگز ٹرینڈ کرنے لگے تھے اب یہ فلم بھارت کے بجائے صرف اوورسیز ریلیز کی جائے گی۔
سردار جی 3 صرف اوورسیز میں 27 جون کو ریلیز ہو رہی ہے۔ فلم میں دلجیت دوسانجھ، نیرو باجوہ، ہانیہ عامر، ناصر چنیوٹی اور دیگر مشہور پنجابی اداکار شامل ہیں۔ فلم کی شوٹنگ برطانیہ میں کی گئی ہے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
دلجیت دوسانجھ سردار جی 3 ہانیہ عامر.ذریعہ: WE News
کلیدی لفظ: دلجیت دوسانجھ ہانیہ عامر دلجیت دوسانجھ ہانیہ عامر کی بھارتی فلم کا ٹریلر فلم میں نے بھی کے بعد
پڑھیں:
حقیقی آزادی کے لیے کھڑا ہونا ہوگا، عمران خان نے 14 اگست کو احتجاج کی نئی کال دے دی
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے 14 اگست کو عوام سے حقیقی آزادی کے لیے احتجاج کی اپیل کی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ یہ بھی واضح کیا ہے کہ پارٹی کے جو ارکان نااہل قرار دیے گئے ہیں، ان کی نشستوں پر کسی دوسرے امیدوار کو نامزد نہیں کیا جائے گا، کیونکہ یہ نااہلیاں غیر قانونی اور ناجائز طریقے سے کی گئی ہیں۔
اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کے بعد ان کی بہنوں نے میڈیا سے گفتگو کی۔ علیمہ خان نے بتایا کہ اللہ کا شکر ہے کہ ان کی بہن عظمیٰ خان کی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سے ملاقات ہو گئی، تینوں بہنیں جیل کے باہر موجود تھیں۔
یہ بھی پڑھیں: شیرافضل مروت کے علیمہ خان سمیت پی ٹی آئی قیادت پر الزامات
علیمہ خان کے مطابق عمران خان نے اپنے بچوں کی پاکستان واپسی کے بارے میں استفسار کیا اور حالیہ احتجاج پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ظلم، جبر اور دباؤ کے باوجود عوام کا سڑکوں پر آنا قابلِ تحسین ہے۔
علیمہ خان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو بتایا گیا کہ خیبرپختونخوا اور پنجاب میں بھی عوام نے بھرپور شرکت کی ہے۔ اس پر انہوں نے قوم کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہاکہ جو ظلم آج ہو رہا ہے، وہ ماضی کے آمروں کے اقدامات سے بھی بڑھ کر ہے۔
انہوں نے کہا کہ یحییٰ خان نے اپنے اقتدار کی خاطر ملک کو تقسیم کر دیا تھا، اور آج ایک بار پھر ملک کو اسی راہ پر دھکیلا جا رہا ہے۔ میڈیا کی آزادی سلب کی جا چکی ہے، حقیقی آزادی کے لیے کھڑا ہونا ہوگا۔
علیمہ خان کے مطابق عمران خان نے اپنی ذات کے ساتھ برتے گئے رویے پر کوئی شکوہ نہیں کیا، تاہم انہوں نے 14 اگست کو نئے احتجاج کی کال دی ہے۔
عمران خان نے کہاکہ ملک میں قانون کی حکمرانی ختم ہو چکی ہے اور اب وقت ہے کہ قوم حقیقی آزادی کے لیے سڑکوں پر نکلے۔ عمران خان نے اپنی پارٹی قیادت کو پیغام دیا ہے کہ وہ گرفتاریوں اور جیلوں سے نہ گھبرائیں۔
علیمہ خان نے مزید بتایا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ نااہل قرار دیے گئے رہنماؤں کی نشستوں پر کسی اور کو نامزد نہ کیا جائے، کیونکہ یہ نااہلیاں ناجائز طور پر کی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کے بیٹوں کی پاکستان آمد میں رکاوٹ، علیمہ خان نے سفارتی رویے پر سوال اٹھا دیے
ان کے مطابق عمران خان نے خیبرپختونخوا حکومت کو بھی ایک واضح پیغام دیا ہے کہ موجودہ آپریشن فوری طور پر روکا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اپنے ہی لوگوں کے خلاف کارروائیاں پارٹی کے خلاف نفرت بڑھانے کے لیے کی جا رہی ہیں۔ مسئلے کا حل طاقت نہیں، بلکہ روایتی جرگوں کے ذریعے نکالا جائے۔ اگر وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور آپریشن نہیں روک سکتے تو انہیں سنجیدگی سے سوچنا ہوگا کہ اب انہیں کیا قدم اٹھانا چاہیے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
14 اگست wenews احتجاج کی کال علیمہ خان عمران خان وی نیوز یوم آزادی پاکستان